1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا: دس سال بعد خواتین کی بازیابی

Zubair Bashir7 مئی 2013

پیر کے روز امریکی ریاست اوہائیو کے شہر کلیو لینڈ کے ایک مرکزی علاقے کے ایک مکان سے تین خواتین کو بازیاب کرا لیا گیا۔ یہ خواتین دس سال قبل مختلف علاقوں سے اچانک لاپتہ ہو گئی تھیں۔

USA Entführung in Cleveland
تصویر: picture-alliance/AP Photo

ان خواتین کو اس وقت اغوا کیا گیا تھا، جب ان کی عمریں 20 سال کے لگ بھگ تھیں۔ مقامی پولیس نے ان خواتین کے اغوا میں ملوث تین بھائیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ اغوا کاروں نے ان خواتین کو اس گھر میں باندھ کر رکھا ہوا تھا۔

اس انسانیت سوز واقعے کے منظر عام پر آنے کے بعد کلیو لینڈ کے اس گھر کے باہر لوگوں کا مجمع لگا رہا اور لوگ صورت حال جاننے کے لیے اس گھر کے باہر جمع رہے، جہاں ان لڑکیوں کو اغوا کے بعد رکھا گیا تھا۔

یہ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا، جب ایک لڑکی ایک پڑوسی کی مدد سے اس گھر سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی۔

جس ہمسائے کی مدد سے ان لڑکیوں کی بازیابی ممکن ہوئی، اس کا کہنا تھا، ’’میں دروازہ کھٹکھٹائے جانے کی آواز پر چوکنا ہو گیا، مجھے ایسا لگا جیسے کوئی بے صبری سے مدد کے لیے پکار رہا ہو اور دروازے سے باہر آنے کی کوشش کر رہا ہو‘‘۔ موقع پر پہنچنے والے ایک اور پڑوسی نے مقامی ٹیلی وژن سے باتیں کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے جب امینڈا بیری کو دیکھا تو وہ اسے پہچان نہیں پایا، گھر کا دروازہ صرف اتنا کھلا ہوا تھا کہ اس میں سے صرف ایک ہاتھ بمشکل باہر آ سکتا تھا۔

ایک پڑوسی نے مقامی ٹیلی وژن سے باتیں کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے جب امینڈا بیری کو دیکھا تو وہ اسے پہچان نہیں پایا.تصویر: picture-alliance/AP Photo

مقامی پولیس حکام کے مطابق بازیاب ہونے والی لڑکیوں کی شناخت امینڈا بیری، جینا ڈی جیسس اور مشیل نائٹ کے طور پر کی گئی ہے۔ بازیابی کے وقت یہ لڑکیاں بالکل صحت مند تھیں لیکن پھر بھی حکام نے انہیں ابتدائی طبی معائنے کے لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا۔

پیر کے روز ریکارڈ ہونے والی ایک ایمرجنسی کال میں امینڈا بیری کی آواز صاف سنی جا سکتی ہے۔ وہ انتہائی جذباتی انداز میں کہہ رہی ہے،’’میں۔۔ میں امینڈا۔۔امینڈا بیری۔۔ میں دس سال لاپتہ رہی ہوں‘‘۔ وہ پولیس افسر سے التجائیہ انداز میں کہتی ہے، مجھے دس سال پہلے اغوا کر لیا گیا تھا، آپ جلدی آ جائیں، اس سے پہلے کہ وہ لوٹ آئے۔

بیری 16 برس کی عمر میں 21 اپریل 2003ء کو لاپتہ ہوئی تھی۔ اس کا آخری پیغام، جو اس کی بہن کو ملا تھا، اس میں بیری نے اپنی بہن کو کہا تھا کہ وہ ’برگر کنگ‘ جا رہی ہے۔ اس واقعے کے ایک سال بعد جینا ڈی جیسس سکول سے گھر جاتے ہوئے 14 برس کی عمر میں لاپتہ ہوگئی تھی۔ انہیں جس گھر میں قیدی بنا کر رکھا گیا تھا، وہ اس مقام سے محض چند میل کے فاصلے پر تھا، جہاں سے لڑکیاں اغوا ہوئی تھیں۔ پولیس کے مطابق لاپتہ ہونے والی تیسری لڑکی نائٹ، جس کی عمر اس وقت 32 سال ہے، سن 2002ء میں اغوا ہوئی تھی۔

قریب دس برس قبل لاپتہ ہونے والی ان لڑکیوں کی بازیابی کی خبر سُن کر ان کے اہل خانہ، رشتہ داروں اور دوست احباب میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ لڑکیوں کے اغوا میں ملوث تین مردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تاحال لڑکیوں کے اغوا کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

zb/aa(AP)

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں