1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہشمالی امریکہ

امریکا: ریپبلکن نے ٹرمپ کے مواخذے کے خلاف ووٹ دیا

27 جنوری 2021

سینیٹ میں پانچ کو چھوڑ کر تمام ریپبلکن سینیٹرز نے ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی کو مسترد کرنے کے حق میں ووٹ دیا۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ سابق صدر کو ''بغاوت پر اکسانے'' کے لیے قصوروار قرار دینا تقریباً نا ممکن ہے۔

USA Amtsenthebungsverfahren gegen Trump
تصویر: Senate Television/AP/dpa/picture alliance

امریکی سینیٹ میں منگل کے روز سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کارروائی کو روکنے کے لیے جو قرارداد پیش کی گئی وہ ناکام  ہوگئی۔ پچاس میں سے 45 ریپبلکن اراکین نے اس کے حق میں ووٹ دیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریپبلیکنز کی اکثریت نہ صرف مواخذے کے خلاف ہے بلکہ سابق صدر کا پارٹی پر اب بھی اچھا خاصا کنٹرول ہے۔

اس ووٹنگ سے یہ بات بھی واضح ہوتی ہے کہ چھ جنوری کو کیپیٹل ہل پر دھاوا بولنے کے لیے ٹرمپ کو ''بغاوت پر اکسانے'' کے لیے قصوروار ٹھہرانے کا امکان بھی بہت کم ہے کیونکہ سینیٹ میں اس کے لیے جتنی اکثریت چاہیے وہ دستیاب نہیں ہے۔

ریپبلکن سینیٹر رینڈ پال نے سینیٹ میں ایک قرارداد پیش کی جس میں اس بات کے لیے ووٹ سے فیصلہ ہونا تھا کہ فروری میں صدر ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی جو کارروائی ہونی ہے وہ آئینی طور پر درست ہے یا نہیں۔ ڈیموکریٹک پارٹی کی قیادت میں اس قرارداد کو 45 کے مقابلے 55 ووٹوں سے مسترد کر دیا گیا۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ سینیٹ میں ٹرمپ کے خلاف  8 فروری سے مواخذے کی جو کارروائی ہونی ہے وہ اپنے مقررہ وقت کے مطابق ہوگی لیکن ریپبلکنز کی بڑی تعداد اس کی مخالفت کریگی۔ کیپیٹل ہل پر حملہ، جس میں ایک پولیس اہلکار سمیت پانچ افراد ہلاک ہوئے تھے،  کے لیے 13 جنوری کو ایوان نمائندگان میں ٹرمپ کا مواخذہ پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔

ہار میں بھی جیت

سینیٹ میں ٹرمپ کے مواخذے کو روکنے کے لیے رینڈ پال کی قرارداد کی مخالفت میں صرف پانچ ریپبلیکنز ہی ڈیموکریٹ کے ساتھ آئے جبکہ ٹرمپ  پر جو الزامات ہیں اس کے لیے انہیں قصوروار ٹھہرانے کے لیے 17 مزید ریپبلکن ارکان کی حمایت کی ضرورت ہوگی۔

اس ووٹ کے بعد رینڈ پال نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا، ''واشنگٹن میں ایسا بہت کم ہوتا ہے کہ جب شکست حقیقت میں جیت ہوتی ہو۔ 45 ووٹ کا مطلب یہ ہوا کہ مواخذے کی کارروائی کے آغاز میں اس کی موت ہو جائے گی۔''   

پال اور ان کے دیگر ریپبلیکنز ساتھیوں کا موقف ہے کہ چونکہ ٹرمپ عہدہ صدارت سے سبکدوش ہوچکے ہیں اور مواخذے کی کارروائی امریکی چیف جسٹس جان رابرٹ کے بجائے ڈیموکریٹک پیٹرک لیہی کی صدارت میں ہوگی اس لیے یہ غیر آئینی ہے۔

پال کی قرارداد کی حمایت کرنے والے بعض ریپبلیکنز کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کا یہ ووٹ اس بات کا قطعی عکاس نہیں کہ ٹرمپ کے خلاف کارروائی کے بعد وہ ان کی غلطی یا بے گناہی سے متعلق بھی اسی طرح ووٹ کریں گے۔ ریپبلکن سینیٹر راب پورٹ مین کا کہنا تھا، ''جہاں تک میرا سوال ہے تو یہ بالکل الگ معاملہ ہے۔''

 مواخذے پر اختلافات

امریکی دانشوروں میں بھی اس بات کے حوالے سے اختلافات پائے جاتے ہیں کہ جب صدر اپنے عہدے سے سبکدوش ہوجائے تو پھر اس کا مواخذہ کرنا درست ہے یا نہیں۔ سینیٹ میں ریپبلکن رہنما چک شومر نے بھی رینڈ پال کی قرارداد کے خلاف ووٹ دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ریپبلکن کا موقف اس لیے غلط ہے کہ اس سے غلطی کرنے والے صدر کو یونہی بغیر کسی سزا کے آزاد چھوڑ دینے کی غلط روایت پڑ جانے کا خدشہ ہے۔

ص ز/ ج ا (اے پی، روئٹرز)

امریکی صدارتی نظام، کس ووٹر کا ووٹ زیادہ اہم ہے؟

03:53

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں