1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں ایفرو امریکن کے قتل کی ویڈیو

عدنان اسحاق8 اپریل 2015

امریکی ریاست ساؤتھ کیرولینا میں آج مختلف تنظیموں نے ایک سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں ایک ایفرو امریکن کے قتل کے خلاف مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پولیس اہلکار کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

تصویر: Reuters

حال ہی میں منظر عام پر آنے والی ایک ویڈیومیں دیکھا جا سکتا ہے کہ ساؤتھ کیرولینا میں کس طرح ایک پولیس اہلکار ایک پچاس سالہ سیاہ فام شخص کی پیٹھ پر گولیاں مار رہا ہے۔ موبائل فون سے بنی اس ویڈیو میں پولیس اہلکار کو آٹھ گولیاں فائر کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ فائرنگ کے بعد پولیس اہلکار اپنی گاڑی کے قریب سے کچھ اٹھا کر زمین پر گرے ہوئے اس سیاہ فام شخص کے قریب پھینکتا ہے۔ اُس وقت تک یہ واضح نہیں ہے کہ آیا یہ شخص زخمی ہے یا پھر ہلاک ہو چکا ہے۔

شہری حقوق کی تنظیموں نے عوام سے پرامن رہنے کے لیے کہا ہے۔ اس موقع پر متعدد افراد نے اس ویڈو بنانے والے شخص کی ہمت و جراٴت کو داد دی ہے۔ اس عینی شاہد نے یہ ویڈیو مرنے والے کے لواحقین کے حوالے کی ہے۔ وکلاء نے بتایا ہے کہ فی الحال یہ عینی شاہد تفتیشی حکام کو تعاون فراہم کر رہا ہے تاہم بعد ازاں وہ ذرائع ابلاغ کے سامنے بھی آئے گا۔

تصویر: Reuters

اس پولیس افسر کو قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفتیشی ادارے ایف بی آئی اور امریکی وزارت انصاف اس واقعے کی چھان بین کر رہے ہیں۔ ابھی حال میں امریکی شہر فرگوسن میں بھی اس قسم کا ایک واقعہ پیش آیا تھا، جس کے بعد شدید مظاہرے ہوئے تھے۔

پولیس کا موقف ہے کہ چارلسٹن کے علاقے میں 33 سالہ پولیس افسر مائیکل سلیگر نے والٹر اسکاٹ کو گاڑی کی بیک لائٹ خراب ہونے کی وجہ سے روکا تھا۔ سلیگر 2009ء سے پولیس کے محکمے سے منسلک ہے۔ ویڈیو کے مطابق ان دونوں کے درمیان معمولی سے تکرار اور ہاتھا پائی ہوتی ہے، جس کے بعد اسکاٹ نے بھاگنا شروع کر دیا ہے۔ اس کے بعد سلیگر اپنا ہتھیار نکال کر اسکاٹ پر پیچھے سے آٹھ مرتبہ فائر کرتا ہے اور وہ منہ کے بل گھاس پر گر جاتا ہے۔

پولیس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سلیگر کے بقول اسکاٹ نے بے ہوش کرنے والی اُس کی گن چھین لی تھی۔ اس ویڈیو میں یہ واضح نہیں ہے کہ ان دونوں کے مابین تکرار کیوں شروع ہوئی اور نہ ہی اسکاٹ کے مسلح ہونے کے حوالے سے اس میں کوئی شواہد ہیں۔ پولیس افسر سلیگر نے زمین پر پڑے ہوئے سیاہ فام اسکاٹ کو ہتھکڑیاں پہنائی اور پھر وہ واپس اُسی جگہ چلا گیا، جہاں سے اُس نے اِس پر فائرنگ کی تھی اور وہاں سے کوئی چیز اٹھا کر زخمی اسکاٹ کے پاس لا کر پھنیک دی۔

ریاست ساؤتھ کیرولینا کے علاقے چارلسٹن کی آبادی تقریباً ایک لاکھ ہے اور ان میں نصف تعداد سیاہ فاموں کی ہے۔ تاہم پولیس کے محکمے میں ایفرو امریکن کی تعداد صرف 18 فیصد ہے۔ اسکاٹ کے بھائی کے مطابق اُسکا مقتول بھائی امریکی کوسٹ گارڈ میں دو سال نوکری کر چکا ہے اور وہ چار بچوں کا باپ تھا۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں