1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شرائط پوری ہوئیں تو کابل ہوائی اڈہ سنبھال لیں گے، ترک صدر

20 جولائی 2021

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے ایک تازہ ترین بیان میں کہا ہے کہ ترکی کابل ایئرپورٹ کی انتظامی ذمہ داریاں سنبھال سکتا ہے اگر امریکا رسد اور مالی امداد سمیت کچھ دیگر شرائط پر پورا اُترے۔

Weltspiegel 15.06.2021  NATO Gipfel in Brüssel
تصویر: OLIVIER MATTHYS/AFP via Getty Images

 

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ ان کا ملک افغان دارالحکومت کابل کے ہوائی اڈے کا چارج سنبھال سکتا ہے تاہم اس کے لیے نیٹو کے اتحادی ملک امریکا کو لوجیسٹکس یا رسد اور مالی امداد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ چند دیگر شرائط پورا کرنا ہوں گی۔

رجب طیب ایردوآن نے شمالی قبرص کے دارالحکومت نکوسیا سے ایک ٹیلی وژن خطاب میں صحافیوں سے کہا، افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد کابل ہوائی اڈے کو چلانے کے بارے میں اس وقت ہم معاملات کو ''مثبت انداز سے دیکھ رہے ہیں۔‘‘ تاہم ایردوآن کا مزید کہنا تھا،'' ہم چاہتے ہیں کہ امریکا چند شرائط پوری کرے۔‘‘ ترک صدر نے اپنے بیان میں خود ہی ان شرائط کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا، '' یہ شرائط ہیں کیا؟ سب سے پہلے امریکا سفارتی تعلقات میں ہمارے ساتھ کھڑا ہو۔ دوسرے یہ کہ واشنگٹن ہمارے لیے رسد کے ذرائع کو متحرک کرے۔ اس کے ساتھ ساتھ مالی اور انتظامی امور میں ہمیں گوناگوں مسائل کا سامنا ہوگا اور ان سے نمٹنے کے لیے امریکا کو ترکی کے لیے ضروری حمایت کا یقین دلانا ہوگا۔ ‘‘ رجب طیب ایردوآن نے مزید کہا کہ اگر ان شرائط کو پورا کیا جاسکتا ہے تو ،'' ہم بحیثیت ترکی کابل ہوائی اڈے پر کام کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔‘‘

افغانستان: کیا ترکی طالبان پر قابو پا سکتا ہے؟

ترک صدر کا نکوسیا میں استقبالتصویر: Iakovos Hatzistavrou/AFP/Getty Images

افغانستان کی موجودہ صورتحال

ترک صدر نے افغانستان کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کے بارے میں نکوسیا میں اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا اور ساتھ ہی انقرہ کی طالبان کے ساتھ مذاکرات کی خواہش کو دہراتے ہوئے کہا،'' افغانستان کا اب ایک نیا دور ہے۔ طالبان، جو امریکا کے ساتھ کچھ بات چیت کر چُکے ہیں، انہیں اب ان معاملات کے بارے میں ترکی کے ساتھ مذاکرات کرنے میں زیادہ راحت و اطمینان محسوس کرنا چاہیے۔‘‘ ترک صدر ایردوآن نے وثوق کے ساتھ کہا ،'' مجھے یقین ہے کہ ہم کسی معاہدے تک پہنچ جائیں گے۔‘‘

طالبان کا ترکی امن کانفرنس میں شرکت سے انکار

گزشتہ ہفتے طالبان نے ترکی کی طرف سے کابل ایئرپورٹ کا چارج سنبھالنے کی پیشکش کو  'قابل مذمت‘ قرار دیا تھا۔ طالبان کا یہ رد عمل دراصل ایردوآن کی طرف سے سخت گیر موقف رکھنے والے اسلام پسند طالبان گروہ کے ساتھ مذاکرات کے منصوبے کے بارے میں دیے گئے بیان کے بعد سامنے آیا تھا۔ گرچہ طالبان کی طرف سے انقرہ کی اس پیشکش کو پہلے ہی رد کیا جا چُکا ہے، تب بھی ترک صدر نے' اپنی نیک خواہشات‘ کا اظہار کیا تھا۔

ترکی کو غیرقانونی افغان مہاجرین کے ’سیلاب کا سامنا‘

ترک صدر نے افغانستان کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کے بارے میں بھی نکوسیا میں اپنے خیالات کا اظہار کیا تصویر: Christina Assi/AFP/Getty Images

ترکی کی کوششیں

استنبول میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایردوآن کا کہنا تھا،'' اللہ کی رضا سے، ہم دیکھیں گے کہ طالبان کے ساتھ ہماری یہ بات چیت ہمیں کس رُخ لے جاتی ہے۔‘‘ ترکی امریکا کے دفاعی اہلکاروں کے ساتھ اپنی اس پیشکش کے بارے تمام تر مدد اور تعاون فراہم کرنے کے سلسلے میں  ایک عرصے سے مذاکرات کر رہا ہے۔

افغان خاتون دھمکیوں کے باوجود ٹیٹو بنانے میں مصروف

یاد رہے کہ کابل ایئرپورٹ کے نظام کو محفوظ، مستحکم اور فعال رکھنے کا عمل جنگ سے تباہ حال ملک افغانستان میں سفارتی موجودگی برقرار رکھنے کے تناظر میں کلیدی اہمیت کا حامل اقدام ہے۔ خاص طور سے ایک ایسے وقت میں جب عشروں سے افغان سرزمین پر موجود مغربی طاقتوں کے فوجیوں کے انخلا کا عمل حتمی طور پر مکمل ہونے والا ہے۔

ترکی نے اپنے سینکڑوں فوجی افغانستان میں تعنیات کر رکھے ہیں تاہم ایک ترک سرکاری اہلکار نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ افغانستان میں موجود ترک فوجی 'جنگی سرگرمیوں کا حصہ نہیں ہیں‘۔

ک م/ ع ح ) اے ایف پی، اے پی(

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں