1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہشمالی امریکہ

امریکا: ماحولیات سے متعلق نئی ہدایات اور اجلاس کا اعلان

28 جنوری 2021

 امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ماحولیات کی تبدیلی انسانی وجود کے لیے ایک خطرہ ہے۔ انہوں نے آئندہ برس اپریل میں اس موضوع پر ایک چوٹی کانفرنس کی میزبانی کا بھی اعلان کیا ہے۔ 

USA Washington | Präsident Joe Biden unterschreibt Executive Order zum Klimawandel
تصویر: Evan Vucci/AP/picture alliance

نئے امریکی صدر جو بائیڈن نے بدھ کے روز ایسے کئی حکم ناموں پر دستخط کیے جن کا مقصد بڑھتے ہوئے عالمی درجہ حرارت کو روکنا ہے۔ انہوں نے اپریل 2022  میں امریکا میں ماحولیات سے متعلق ایک چوٹی کانفرنس کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ آب و ہوا کی تبدیلی ایک اہم مسئلہ ہے اور اس کے خلاف جنگ میں امریکا کو قائدانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

 بائیڈن نے عہدہ صدارت کے پہلے ہی روز ماحولیات سے متعلق پیرس معاہدے میں واپسی کا اعلان کیا تھا اور اپنی انتظامیہ سے ماحولیات سے متعلق کئی ماہرین کی تقرری بھی کی تھی۔ انہوں نے سابق وزیر خارجہ جان کیری کو ماحولیات سے متعلق اپنا سفیر مقرر کیا ہے۔

عالمی حدت کے خلاف اتحاد

ماحولیات سے متعلق متعدد حکم ناموں پر دستخط کے بعد صدر بائیڈن نے کہا، ''جس طرح ہمیں کووڈ انیس سے نمٹنے کے لیے ایک متحدہ قومی حکمت عملی کی ضرورت ہے اسی طرح ہمیں ماحولیات سے نمٹنے کے لیے متحدہ قومی کارروائی کی اشد ضرورت ہے کیونکہ آب و ہوا کی تبدیلی بھی ایک بحران ہے۔''

ان کا کہنا تھا، ''اس کے خلاف بین الاقوامی کارروائی کی ہمیں قیادت کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ جیسا کہ جان کیری پہلے ہی کئی بار کہہ چکے ہیں، کہ امریکا تنہا کسی بھی چیلنج کو حل نہیں کرسکتا ہے۔''

کشمیر کے ماحولیاتی کارکن کا خاص کارنامہ: دو لاکھ درخت لگائے

03:46

This browser does not support the video element.

جو بائیڈن نے اپنی انتخابی مہم کے دوران بھی ماحولیات کے مسئلے کو اہم بتایا تھا اور بدھ کے روز بھی کئی بار اس بات کو دہرایا کہ ماحولیات کی تبدیلی جہاں انسانی وجود کے لیے ایک خطرہ ہے وہیں معاشی ترقی کے لیے ایک موقع بھی ہے۔ اس حوالے ان کی پالیسی ان کے پیش رو ٹرمپ سے بالکل مختلف ہے۔

وقت بہت کم ہے

اس موقع پر جو بائیڈن نے کہ، ''میرے خیال سے، ہم نے ماحولیات کے اس بحران سے نمٹنے کے لیے پہلے ہی بہت طویل انتظار کیا ہے۔ ہم مزید انتظار نہیں کرسکتے ہیں۔ ہم اسے اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔ ہم اسے محسوس کرتے ہیں۔ ہم اسے اپنی ہڈیوں میں پہچانتے ہیں۔ اور اب کام کرنے کا وقت آگیا ہے۔''

 امریکی صدر کے اس فیصلے سے واضح ہوگیا ہے کہ ماحولیات کی تبدیلی نہ صرف اہم قومی سلامتی مسئلہ ہے بلکہ وائٹ ہاؤس کی خارجہ پالیسی کا بھی اہم جزء ہے اور امریکا اپنی وفاقی اراضی کے کم از کم 30 فیصد حصے کو تحفظ فراہم کریگا۔

ماحولیات پر اجلاس

بائیڈن نے اپریل 2022 میں امریکا میں ماحولیات سے متعلق ایک چوٹی اجلاس کا بھی اعلان کیا ہے۔ جس میں پیرس معاہدے کے مطابق کاربن گیسوں کے اخراج میں مزید کمی کا عہد کیا جائے گا۔ پیرس معاہدے کا اصل مقصد گرین ہاؤس گیسز میں کمی کرتے ہوئے عالمی درجہ حرارت میں ڈیڑھ ڈگری سیلسیس تک کی کمی کرنا ہے۔

ص ز/ ج ا (اے ایف پی، اے پی، ڈی پی اے)   

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں