امریکا میں برفانی طوفان کی تباہی، 11 افراد ہلاک
4 جنوری 2014
میساچوسٹس کے بعض علاقوں میں 24 انچ سے زائد برف پڑ چکی ہے۔ نیویارک اور نیو جرسی ریاستوں میں ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے میڈیا رپورٹوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ فلاڈیلفیا میں برفباری کے دوران سڑکوں پر چھڑکے جانے والے نمک کا ایک ڈھیر ایک شخص کے اُوپر گِر گیا جس کے نیچے دَب کر وہ ہلاک ہو گیا۔
ریاست نیویارک کے ایک شمالی علاقے میں الزائمرز میں مبتلا ایک 71 سالہ خاتون گھر کا راستہ بھولنے پر ٹھنڈ سے مر گئی۔ برفانی طوفان ہرکولیس کے باعث نو دیگر افراد بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ امریکا کی 22 ریاستوں اور کینیڈا کے بعض علاقوں میں اس طوفان کے باعث کئی حادثات پیش آئے ہیں جب کہ نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔
پینسٹھ میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی برفانی ہواؤں نے مرکزی شاہراہوں پر برف کی تہہ بچھا دی جس کے نتیجے میں یہ سڑکیں کئی گھنٹوں تک بند رہیں۔
ریاست نیویارک اور نیوجرسی کے حکام نے برفانی ہواؤں کے باعث بڑی شاہراؤں کو بند کرنے کا حکم جاری کیا تھا تاہم بعدازاں جمعے کی صبح انہیں کھول دیا گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ریاست نیویارک میں اس قدر سرد ہوائیں چل رہی ہیں کہ درجہ حرارت منفی پچیس سینٹی گریڈ کے برابر محسوس ہو رہا ہے۔
جمعرات کی شب اور جمعے کو شمالی ساحلی پٹی کے ہوائی اڈوں پر چار ہزار 200 بین الاقوامی اور علاقائی پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ ہزاروں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
تیز ہواؤں اور دھند کے باعث نیویارک کا جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ کئی گھنٹوں تک بند رہا۔ شکاگو، بوسٹن، فلاڈیلفیا اور دیگر بڑے ہوائی اڈوں پر بھی پروازیں منسوخ کی گئیں۔
بوسٹن میں درجہ حرارت منفی چھ سینٹی گریڈ تھا تاہم سرد و تُند ہواؤں کے باعث یہ اس سے کہیں زیادہ محسوس ہو رہا تھا۔ میساچوسٹس کے علاقے ایسکس میں 61 سینٹی میٹر برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس ریاست کی اٹلانٹک ساحلی پٹی کے بیشتر علاقے میں سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
حکام تاحال لوگوں پر زور دے رہے ہیں کہ وہ جس قدر ممکن ہو سکے گھروں میں ہی رہیں۔ نیویارک شہر کے نئے میئر بِل ڈے بلیسیو نے بدھ کو یہ عہدہ سنبھالا ہے اور اس برفانی طوفان کو ان کا پہلا امتحان قرار دیا جا رہا ہے۔