1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا میں دفاعی اخراجات کا بل منظور

21 دسمبر 2012

امریکا میں مالی سال 2013ء کے لیے قومی دفاعی اخراجات کے قانونی بل کو منظور کر لیا گیا ہے۔ جمعرات کے روز 633 بلین ڈالر کے اس بل کی منظوری دی گئی۔

Pentagon Verteidigungsministerium USA
تصویر: picture-alliance/dpa

منظور کردہ بل میں ایران کے خلاف نئی پابندیاں اور افغانستان کے لیے فنڈز بھی منظور کیے گئے ہیں۔ اس کےعلاوہ اس قانونی بل میں فوجیوں کی تنخواہوں مں 1.7 فیصد کے اضافے کے ساتھ ساتھ جنسی زیادتی کے مقدمات میں ہرجانہ ادا کرنے کے لیے محکمہ دفاع (پینٹاگون) کو اختیار بھی دیا گیا ہے۔ 107 کے مقابلے میں 315 ووٹون سے منظور کردہ اس قانون میں فوجی اڈوں پر ہم جنس پرستوں کو شادی کی تقریبات منعقد کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔ اس سے قبل فوجی اڈوں کے اندر ایسی تقریبات منعقد کرنے پر پابندی عائد تھی۔

امریکا کے نیشنل ڈیفنس آتھرائزیشن ایکٹ برائے سال 2013ء، جس کا آغاز اکتوبر سے ہو چکا ہے، کو منظوری کے معاملے میں مسائل کا سامنا رہا۔ اس سے قبل امریکی ایوان نمائندگان اور سینیٹ کی جانب سے اس بل کے دو مختلف ورژن منظور کیے گئے تھے۔

اس بل میں فوجیوں کی تنخواہوں میں بھی اضافے کی منظوری دی گئی ہےتصویر: dapd

اس بل کو ڈیموکریٹس اور ریپبلکن دونوں ہی کی حمایت حاصل رہی۔ خبر رساں ادارے AFP کے مطابق اس بل کو سینیٹ کی جانب سے بھی فوری طور پر منظور کیے جانے کی توقع ہے اور آج جمعے ہی کے روز اس پر امریکی صدر دستخط بھی کر دیں گے۔

حتمی بل پر ایوان نمائندگان اور سینیٹ کے نمائندوں کے درمیان اتفاق رائے ہوا تھا، جس کے تحت محکمہ دفاع کے بنیادی اخراجات کے لیے 527 ارب ڈالر منظور کیے گئے تھے۔ اس کے علاوہ بیرون ملک آپریشنز کی مد میں ساڑھے 88 ارب ڈالر جبکہ محکمہ توانائی اور جوہری تنصیبات کے حفاظتی بورڈ میں جاری قومی سلامتی کے پروگرام کے لیے 17 اعشاریہ آٹھ بلین ڈالر منظور کیے گئے ہیں۔

اس بل میں میزائل ڈیفنس کے شعبے اور پینٹاگون کی جانب سے امریکا کے مشرقی ساحلی علاقوں میں تین ممکنہ میزائل دفاعی سائٹس کے حوالے سے مطالعاتی اور جائزہ رپورٹ کی مدد میں نو اعشاریہ آٹھ بلین ڈالر کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

at/ia (AFP)

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں