1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا میں شوٹنگ کا ایک اور خونریز واقعہ، مزید نو ہلاکتیں

4 اگست 2019

ہفتے اور اتوار کو چند گھنٹوں کے درمیان امریکا میں ہونے والے فائرنگ کے دو واقعات میں انتیس انسانی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔ شوٹنگ کا پہلا واقعہ ٹیکساس اور دوسرا ریاست اوہائیو میں پیش آیا۔

USA Schießerei in Dayton, Ohio
تصویر: picture-alliance/AP Photo/J. Minchillo

امریکی ریاست اوہائیو کے شہر ڈیٹن میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اندھا دھند فائرنگ کے ایک واقعے میں کم از کم نو افراد ہلاک اور سولہ زخمی ہو گئے۔ مبینہ حملہ آور خود بھی پولیس کی فائرنگ میں مارا گیا۔ اس کی شناخت ابھی تک ظاہر نہیں کی گئی۔

امریکا کا وفاقی تفتیشی ادارہ ایف بی آئی پولیس کے ساتھ مل کر تفتیش کر رہا ہے۔ فائرنگ ڈیٹن شہر کے وسط کے قریب اوریگن نامی علاقے میں کی گئی۔ اوریگن اپنے ریستورانوں، تھیٹرز اور شراب خانوں کے باعث مشہور ہے۔

پولیس نے مقامی لوگوں سے درخواست کی ہے کہ وہ شوٹنگ یا مبینہ حملہ آور کے بارے میں کوئی معلومات رکھتے ہوں تو پولیس کو بتانے سے گریز نہ کریں۔ ابھی تک پولیس یہ معلوم نہیں کر سکی کہ اِس شوٹنگ اور ہلاکتوں کے پس پردہ محرکات کیا ہیں۔

پولیس کے مطابق ڈیٹن شہر کا اوریگن نامی علاقہ کسی حد تک محفوظ خیال کیا جاتا ہےتصویر: picture-alliance/AP Photo/J. Minchillo

پولیس کے مطابق ایسا دکھائی دیتا ہے کہ اس واردات میں ملزم تنہا ہی فائرنگ میں ملوث ہے اور اُس نے ایک لمبی رائفل کا استعمال کرتے ہوئے متعد مرتبہ مختلف سمتوں میں فائرنگ کی تھی۔ پولیس کی ایک گشتی پارٹی اطلاع ملنے پر فوری طور پر فائرنگ کے مقام پر پہنچ گئی تھی۔

پولیس کے مطابق ڈیٹن شہر کا اوریگن نامی علاقہ کسی حد تک محفوظ خیال کیا جاتا ہے اور وہاں ایسے کسی واقعے کا پیش آنا حیرانی کا باعث ہے۔ پولیس نے ہنگامی بنیادوں پر شہر کے کنوینشن سینٹر میں ہلاک شدگان کے خاندانوں کے لیے ایک فیملی مرکز بھی کھول دیا ہے تا کہ لواحقین وہاں سے معلومات حاصل کر سکیں۔

اس سے قبل ہفتہ تین اگست کی شام امریکی ریاست ٹیکساس کے میکسیکو کی سرحد کے قریب واقع شہر ایل پیسو کے ایک شاپنگ مال میں ہونے والی شوٹنگ میں بھی بیس افراد مارے گئے تھے۔ چھ روز قبل اٹھائیس جولائی کو کیلیفورنیا کے چھوٹے سے شہر گل رائے میں بھی ایک انیس برس کے نوجوان نے ایک فوڈ فیسٹیول کے شائقین پر اندھا دھند گولیاں چلا کر تین افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

ع ح، م م، ڈی پی اے⁄ اے پی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں