1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا میں فائرنگ کے واقعات، ایک درجن سے زائد ہلاک

عابد حسین23 اپریل 2016

امریکا کی دو ریاستوں جورجیا اور اوہائیو میں فائرنگ کے واقعات رپورٹ کیے گئے ہیں۔ ان دونوں وقوعوں میں مجموعی طور پر تیرہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ہلاک شدگان میں ایک ٹین ایجر بھی شامل ہے۔

تصویر: picture alliance/AP Photo/J. Minchillo

امریکا کے وسطی مغربی علاقے کی ریاست اوہائیو کے جنوبی حصے میں رونما ہونے والی لرزہ خیز واردات میں کم از کم آٹھ افراد قتل کر دیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق اس واردات میں ایک یا ایک سے زائد افراد ملوث ہو سکتے ہیں۔ اوہائیو کے اٹارنی جنرل مائک ڈی وائن کا کہنا ہے کہ تمام ہلاک شدگان کے سروں میں گولیاں ماری گئی ہیں اور یہ منظم قتل و غارت گری کا ایک اسٹائل قرار دیا جا سکتا ہے۔ یہ نعشیں چار مختلف مکانوں سے دستیاب ہوئی ہیں اور یہ ایک دوسرے سے زیادہ دور نہیں ہیں۔

اوہائیو کے بڑے شہر سینسناٹی سے 128 کلومیٹر کی دوری پر واقع ایک دیہی علاقے پائک کاؤنٹی میں آٹھ افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔ پائک کاؤنٹی کے شیرف چارلس ریڈر کے مطابق ایک سولہ برس کے ٹین ایجر کے علاوہ تمام مقتولین بالغ تھے۔ ریڈر نے یہ بھی بتایا کہ اِس واردات میں چار دن کا بچہ زندہ ملا ہے اور وہ اپنی ہلاک کی گئی ماں کے پہلو میں تھا۔ اس چار دن کے بچے کے علاوہ دو اور بچے بھی زندہ ملے ہیں۔ پولیس کے مطابق ان میں ایک بچے کی عمر چھ ماہ اور دوسرا تقریباً ساڑھے تین برس کا ہے۔

قتل کی واردات کے مقام پائک کاونٹی، اوہائیو کا ایریل فوٹوتصویر: picture alliance/AP Images/L. M. Miller

تفتیش کاروں کو قتل کی وجوہات بارے کوئی بڑی نشانی دستیاب نہیں ہوئی ہے۔ علاقے کے شیرف نے یہ بھی بتایا کہ ابتدائی طبی رپورٹ نے واضح کر دیا ہے کہ یہ خودکشی کی واردات نہیں ہے اور سبھی کو اُس وقت قتل کیا گیا جب وہ بستر میں دراز تھے۔ شیرف کے دفتر کے مطابق یہ ضرور حیران کن ہے کہ قتل کی واردات کے پہلے مقام سے چوتھی جگہ خاصی دور، پچاس کلومیٹر کے فاصلے پر تھی۔ قتل کی واردات معلوم ہونے پر علاقائی انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر کے تحت قریب کے سبھی اسکولوں کو بند کر دیا ہے۔

اُدھر ایک دوسری امریکی ریاست جورجیا کے شمال میں واقع کاؤنٹی کولمبیا میں دو فائرنگ کے واقعات میں پانچ افراد کو موت کی گھاٹ اتار دیا گیا۔ تفتیش اہلکاروں نے اِس کو گھربلو رنجش کا شاخسانہ خیال کیا ہے۔ کولمبیا کاؤنٹی کے شیرف دفتر کے اہلکاروں کا خیال ہے کہ دو مختلف مقامات پر کی گئی فائرنگ میں بظاہر رابطہ دکھائی دیتا ہے۔ اوہائیو اور جورجیا میں قتل کیے گئے تیرہ افراد کی شناختوں کو تاحال مخفی رکھا گیا ہے۔ ان واقعات کی فوجداری تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ اوہائیو کے گورنر جان کیسِک نے قتل کے وقوعے کو ناقابلِ یقن قرار دیا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں