عالمی سطح پر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد پانچ کروڑ چالیس لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ امریکا دنیا کا پہلا ایسا ملک بن گیا ہے جہاں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد ایک کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔
اشتہار
دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی کُل تعداد: 50,407,410
بھارت میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد: 8,553,657
جرمنی میں کورونا انفیکشنز کی مجموعی تعداد: 682,624
پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد: 344,839
عالمی سطح پر کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد پانچ کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔ امریکا کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق یہ تعداد پانچ کروڑ چار لاکھ سات ہزار سے بڑھ چکی ہے۔ جبکہ یہ وائرس عالمی سطح پر اب تک 12 لاکھ 57 ہزار کے قریب انسانی جانیں لے چکا ہے۔ دوسری طرف کووڈ انیس سے صحتیاب ہونے والوں کی عالمی تعداد 33,051,085 ہو چکی ہے۔
امریکا بدستور کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک
امریکا دنیا بھر میں پہلا ایسا ملک بن گیا ہے جہاں کورونا کی وباء کے آغاز سے اب تک اس وائرس سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد ایک کروڑ یعنی 10 ملین تک پہنچ گئی ہے۔ امریکا کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد وشمار کے مطابق یہ تعداد 99 لاکھ 72 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے جبکہ امریکی خبر رساں ادارے روئٹرز کی جانب سےمرتب کردہ اعداد وشمار کے مطابق ملک میں کورونا انفیکشن کا شکار ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ 14 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔
امریکا میں گزشتہ 10 دنوں کے دوران قریب 10 لاکھ نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ انیس کے سبب امریکا میں ہلاکتیں بھی دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہوئی ہیں اور یہ تعداد اب 237,574 تک پہنچ چکی ہے۔
امریکا کے بعد بھارت دنیا میں کورونا سے دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 45,903 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد وہاں اس وائرس سے متاثرین کی کل تعداد 8,553,657 تک پہنچ گئی ہے۔ بھارتی وزارت صحت نے آج پیر نو نومبر کو بتایا کہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 490 افراد اس بیماری کے سبب موت کا شکار ہوئے۔ کووڈ انیس اب تک بھارت میں مجموعی طور پر 126,611 جانیں لے چکا ہے۔
اشتہار
جرمنی، عمر رسیدہ آبادی کے سبب زیادہ خطرات کا شکار
جرمنی وزیر صحت ژینس اسپاہن نے جرمنی میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے تناظر میں ملک کی عمر رسیدہ افراد کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ جاپان کے بعد دنیا میں جرمنی عمر رسیدہ آبادی کے حوالے سے دوسرا سب سے بڑا ملک ہے۔ جرمنی یورپ بھر میں کورونا سے چھٹا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں کورونا کی وباء کے آغاز سے اب تک اس وائرس سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 682,624 ہو چکی ہے جبکہ کووڈ انیس کے سبب یہاں ہلاکتوں کی تعداد 11,372 ہو چکی ہے۔
پاکستان میں سیاسی سرگرمیاں اور کورونا کے پھیلاؤ کے خدشات
پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد ایک مرتبہ پھر بڑھ رہی ہے۔ ملکی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1,650 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا متاثرین کی کُل تعداد 344,839 ہو چکی ہے جبکہ وہاں اس مہلک وائرس اب تک 6,977 افراد موت کا شکار ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں اپوزیشن اتحاد 'پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ‘ کی طرف سے ملک کے مختلف حصوں میں سیاسی جلسے منعقد کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ ایسے جلسوں میں شرکت کرنے والے عوام کورونا سے متعلق احتیاطوں پر عام طور پر عمل نہیں کرتے اور اسی سبب خطرات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ وہاں یہ وائرس زیادہ تیز رفتاری سے پھیل سکتا ہے۔
دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک سینیئر رہنما اور سابق وزیر قمر الزماں کائرہ میں بھی اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر اور پارٹی رہنما کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
کورونا وائرس کی لپیٹ میں آنے والی معروف شخصیات
ہالی وُوڈ سے بالی وُوڈ تک، کئی اہم فلمی شخصیات کورونا وائرس کی لپیٹ میں آچکی ہیں۔ ان کے علاوہ کئی نامی سیاستدانوں کو بھی کووڈ انیس کی بیماری نے اپنی گرفت میں لیا۔
تصویر: picture-alliance/dpa/Sputnik/E. Chesnokova
رابرٹ پیٹینسن
چونتیس سالہ اداکار رابرٹ پیٹینسن نے فلم ’ٹوائلائٹ‘ میں ایک ایسے خونخوار مردے کا کردار ادا کیا تھا، جو رات کو باہر نکلتا تھا۔ وہ ’بیٹمین‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھے کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ فلم بیٹمین میں پہلے بین ایفلیک کو کاسٹ کیا گیا تھا۔
تصویر: picture-alliance/dpa/Sputnik/E. Chesnokova
ڈوائن جانسن: دا راک
امریکا کے مشہور ریسلر یا پہلوان ’دا راک‘ کا اصلی نام ڈوائن جانسن ہے۔ وہ ہالی وُوڈ کی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھاتے ہیں۔ ان کو بیوی اور دو بیٹیوں سمیت کورونا وائرس نے گرفت میں لے لیا تھا۔ اب سبھی اس بیماری کے چنگل سے نکل آئے ہیں۔ انہوں نے لوگوں کو تلقین کی ہے کہ ماسک پہن کر رہیں کیونکہ اسی میں بہتری ہے۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/R. Shotwell
فٹ بالر نیمار
مشہور و معروف برازیلی فٹ بالر نیمار، فرانسیسی فٹ بال کلب پیرس سینٹ جرمین کی جانب سے کھیلتے ہیں۔ کلب کے تین کھلاڑیوں کے دو ستمبر سن 2020 کو کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔ کلب کے کھلاڑیوں میں اس بیماری کی وبا پھوٹنے کو ٹیم کے ہسپانوی تفریحی جزیرے ابیٹسا کے دورے کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے۔ نیمار کے ساتھ ان کے بیٹے کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
تصویر: Getty Images/AFP/D. Ramos
سلویو برلسکونی
تراسی سالہ اطالوی سیاستدان اور سابق وزیر اعظم سلویو برلسکونی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ اس کا اعلان ان کی سیاسی جماعت نے دو ستمبر سن 2020 کو کیا۔ ان کے دو بیٹے اور تیس سالہ خاتون دوست کے بھی ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ وہ سارڈینا کی ساحلی پٹی پر چھٹیاں گزارنے گئے ہوئے تھے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/D. Vojinovic
یُوسین بولٹ
تیز رفتار دوڑنے کے مقابلے میں لیجنڈ کا درجہ رکھنے والے یوسین بولٹ بھی کورونا وائرس کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔ ان کا وائرس ٹیسٹ ان کی چونتیسویں سالگرہ کی آؤٹ ڈور پارٹی کے بعد سامنے آیا۔ اس پارٹی میں مہمانوں نے ماسک نہیں پہن رکھے تھے۔ وہ ایک سو میٹر اور دو سو میٹر کی دوڑ میں ریکارڈ رکھتے ہیں۔
تصویر: Reuters/M. Childs
انٹونیو بینڈراس
ہسپانوی اداکار انٹونیو بینڈراس کو اپنی ساٹھویں سالگرہ پر حیران کن انداز میں کورونا وائرس کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ انہیں اپنی سالگرہ کا دن آئسولیشن یا قرنطینہ میں گزارنا پڑا۔ رواں برس کے مہینے اگست کے وسط میں ان کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ اب وہ صحتیاب ہو چکے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/Captital Pictures
امیتابھ بچن اور خاندان
بھارت فلمی صنعت بالی وُوڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن اور ان کا تقریباً سارا خاندان ہی جولائی میں کورونا وائرس کی گرفت میں آ گیا تھا۔ ان کے بیٹے ابھیشیک بچن، اداکارہ بہو اور سابقہ مس ورلڈ ایشوریا رائے کے ساتھ پوتی آرادیا کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر، ان کو ہسپتال داخل کر دیا گیا تھا۔ اب سبھی رُو بہ صحت ہو چکے ہیں۔ ان کی بیوی جیا بچن کا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔
تصویر: AFP/Getty Images/S. Jaiswal
جائیر بولسونارو
برازیل کے صدر جائیر بولسونارو کورونا وائرس کی وبا کو محض نزلہ زکام قرار دیتے رہے ہیں اور پھر جولائی سن 2020 میں ان کو کورونا وائرس نے آن دبوچا۔ انہیں کورونا وبا اور دیگر احتیاطی تدابیر کو نظرانداز کرنے پر ملک اور بیرون ملک شدید تنقید کا سامنا رہا۔ ان کے بیٹے اور بیوی کے بھی ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/E. Peres
ٹام ہینکس
امریکی فلمی صنعت ہالی وُوڈ کے مشہور اداکار ٹام ہینکس اور ان کی گلوکارہ و اداکارہ بیوی ریٹا ولسن کے کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ چکے ہیں۔ وہ اس وبا کی لپیٹ میں آنے والی ابتدائی مشہور شخصیات میں سے تھے۔ ہینکس اور ان کی بیوی کو آسٹریلیا کے دورے کے دوران وائرس نے جکڑ لیا تھا۔ اب وہ صحت یاب ہو کر واپس امریکا لوٹ چکے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/AP/Invision/J. Strauss
صوفی گریگوئر ٹروڈو
کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ صوفی ٹروڈو کا ٹیسٹ برطانوی دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچنے پر مثبت آیا تھا۔ بیوی کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کینیڈین وزیر اعظم نے خود کو دو ہفتوں کے لیے قرنطینہ کر لیا تھا۔
تصویر: Reuters/P. Doyle
بورس جانسن
برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن بھی رواں برس مارچ میں کورونا کی گرفت میں آ گئے تھے۔ ان کی طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں ہنگامی طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ وہ ایک ہفتہ ہسپتال میں داخل رہے تھے۔ ہسپتال میں انہیں آکسیجن فراہم کی گئی اور معالجین مسلسل ان کی علالت پر نگاہ رکھے ہوئے تھے۔