امریکا میں کورونا کے سبب ہلاکتوں کی تعداد آٹھ لاکھ سے متجاوز
15 دسمبر 2021
کورونا کی وبا کے آغاز سے اب تک امریکا میں کووڈ انیس کے سبب ہونے والی مجموعی ہلاکتوں کی تعداد آٹھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ یہ بات جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد وشمار سے معلوم ہوئی ہے۔
اشتہار
دنیا بھر میں کورونا کی وبا کے بارے میں اعداد وشمار جمع کرنے والی امریکا کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق امریکا میں کووڈ انیس کے سبب ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 800,473 ہو چکی ہے۔ اسی طرح وبا کے آغاز سے اب تک وہاں کورونا انفیکشن کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد پانچ کروڑ دو لاکھ 50 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔
امریکا کو اس وقت کورونا وائرس کی پانچویں لہر کا سامنا ہے اور اسی سبب وہاں اوسطاﹰ روزانہ 1,150 ہلاکتیں ہو رہی ہیں۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے اس 'المناک سنگ میل‘ پر افسوس کرتے ہوئے مرنے والوں کے رشتہ داروں سے دکھ کا اظہار کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے امریکیوں سے درخواست کی کہ وہ ویکسین لگوائیں۔
کورونا کے سبب ہلاکتوں کے لحاظ سے 330 ملین کی آبادی والا ملک امریکا سرفہرست ہے۔ خیال رہے کہ امریکا میں اس وبائی بیماری کے سبب ہلاکتوں کی تعداد اکتوبر میں سات لاکھ سے متجاوز ہوئی تھی۔ ماہرین کا تاہم خیال ہے کہ تقریباﹰ تمام ممالک میں ہی ایسے کیسز کی تعداد بہت زیادہ ہے جنہیں رپورٹ ہی نہیں کیا گیا۔
امریکا کے بعد کورونا کے سبب ہلاکتوں کی تعداد کے لحاظ سے برازیل دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں وبا کے آغاز سے اب تک چھ لاکھ سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ اس کے بعد بھارت ہے جہاں یہ وبا اب تک پانچ لاکھ سے زائد انسانی جانیں لے چکی ہے۔ میکسیکو اور روس کے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ان دونوں ممالک میں کورونا کی وبا کے سبب ہلاکتیں تین تین لاکھ سے زائد ہو چکی ہیں۔
جنوب مشرقی ایشیا میں کووڈ انیس میں اضافہ، کنٹرول میں مشکلات
اس ریجن کے ممالک میں کورونا وائرس کے ڈیلٹا ویریئنٹ نے شدید آفت مچا رکھی ہے۔ کئی ملکوں کو وبا کنٹرول کرنے میں مشکلات درپیش ہیں۔ اس میں سب سے اہم اور بڑی وجہ صحت کا کمزور نظام بھی ہے۔
تصویر: Wisnu Agung Prasetyo/ZUMA/picture alliance
تیسری لہر
جنوب مشرقی ایشیائی ملکوں کو گزشتہ چند ماہ سے کووڈ وبا کی نئی لہر کا سامنا ہے۔ اس علاقے کے ممالک لاؤس اور ویتنام شدید متاثر ہیں۔ سن 2020 میں یہ دونوں ممالک وبا کی شدت سے بچ گئے تھے لیکن اب انہیں بڑھتے انفیکشن کی شدت کا مقابلہ ہے۔ اس ریجن میں سب سے زیادہ متاثر ملک انڈونیشیا ہے۔
تصویر: Agung Fatma Putra/ZUMA/picture alliance
انڈونیشیا میں افراتفری کی صورت حال
آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے مسلمان ملک مین کووڈ سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد تہتر ہزار سے تجاوز کرچُکی ہے۔ وبا کی شروع ہونے کے بعد اٹھائیس لاکھ افراد کو انفیکشن ہو چکا ہے۔ اس وقت اس ملک میں انفیکشن کی شرح بھارت اور برازیل سے زیادہ ہے۔ شہریوں کو آکسیجن سیلنڈرز اور ہسپتالوں میں بیڈز کی کمیابی کا سامنا ہے۔
تصویر: Timur Matahari/AFP/Getty Images
ڈیلٹا پھیلتا ہوا
انڈونیشی نظام صحت اور ہسپتالوں کو کووڈ مریضوں کی غیر معمولی تعداد کا سامنا ہے۔ دو سوستر ملین کی آبادی والے ملک کو مئی میں روزوں کے اختتام اور عید کے موقع پر لاکھوں افراد کے سفر اختیار کرنے کے بعد کورونا انفیکشن کی شدت کا سامنا ہے۔ اس انفیکشن کی لہر میں ڈیلٹا کی افزائش بہت زیادہ ہوئی۔
تصویر: Wisnu Agung Prasetyo/ZUMA/picture alliance
بہتر سے بدتر
سن 2020 میں ویتنامی حکام نے کورونا وائرس کو محدود کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن اب وائرس کی ڈیلٹا ویریئنٹ کی افزائش نے صورت حال بدل دی ہے۔ اس ویریئنٹ سے انفیکشن کی شرح بڑھ چکی ہے۔ ویتنامی حکومت نے سارے جنوبی علاقے میں دو ہفتوں کا لاک ڈاؤن لگا رکھا ہے۔ دوسری جانب انفیکشن میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
تصویر: Luke Groves/AP/picture alliance
حکام کے خلاف ناراضی
تھائی مظاہرین وزیر اعظم پرائیتھ چن اوچا کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں کیونکہ وہ کووڈ انیس وبا کو کنٹرول کرنے کے مناسب انتظامات کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ مختلف شہروں میں مظاہرے جاری ہیں۔ ہسپتالوں پر مریضوں کی بڑھتی تعداد سے دباؤ بھی بڑھ چکا ہے۔ اس ملک میں اپریل کے بعد انفیکشن بڑھنے کے ساتھ ہلاکتیں بھی بڑھی ہیں۔
کورونا وبا سے تھائی سیاحتی صنعت شدید متاثر ہوئی ہے۔ بنکاک اور دیگر صوبوں میں کووڈ انیس کی افزائش جاری ہے اور حکام اس کو قابو کرنے کی کوشش میں ہیں۔ حکومت مقبول سیاحتی جزیرے پھوکٹ کو دوبارہ کھولنے کی کوشش میں ہے تا کہ ملکی اقتصادیات کو سنبھالا مل سکے۔
تصویر: Sirachai Arunrugstichai/Getty Images
ویکسینیشن سست
تھائی حکومت ویکسین حاصل کرنے میں سست رہی ہے۔ اس ملک میں اہم ملازمین کو رواں برس فروری میں ویکسین لگانی شروع کی گئی۔ جون سے بڑے پیمانے پر ویکسین لگانے کی مہم شروع ہوئی۔ اس میں ایسٹرا زینیکا اور چینی سائنو ویک ویکسینز شامل تھیں۔ ویکسین لگانے کا سلسلہ سست اور ناقص قرار دیا گیا ہے۔
تصویر: Soe Zeya Tun/REUTERS
مایوسی میں اقدامات
ملائیشیا کو کووڈ لاک ڈاؤن کی مشکل کا سامنا ہے۔ لوگ مدد کے منفرد طریقے اپنا رہے ہیں۔ ان میں ایک گھر پر سفید جھنڈا لہرا رہا ہے کہ یعنی اس گھر والوں کو مدد درکار ہے۔ سفید جھنڈا لہرانے کو سوشل میڈیا پر بھی تشہیر ملی ہے۔ کووڈ انفیکشن کو کنٹرول کرنے کے لیے ملائیشیا میں یکم جون سے سخت لاک ڈاؤن کا نفاذ ہو چکا ہے۔
تصویر: Lim Huey Teng/REUTERS
کووڈ اور بغاوت
میانمار میں فوجی بغاوت نے عوام کی ہیلتھ کیئر پالیسی کو درہم برہم کر دیا ہے۔ کئی ڈاکٹروں نے اپوزیشن کی حمایت میں ہسپتالوں میں نوکری جاری رکھنے سے انکار کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ متنبہ کر چکی ہے کہ یہ ملک وائرس پھیلانے والا سب سے تیز رفتار ملک بن سکتا ہے۔ میانمار میں انفیکشن کی شرح زیادہ اور ویکسین لگانے کی رفتار بہت سست ہے۔
تصویر: Santosh Krl/ZUMA/picture alliance
وائرس کے خلاف مدافعت ایک دور کا خواب
جنوبی مشرقی ایشیائی ممالک کی طرح فلپائن کو بھی ویکسین کی محدود فراہمی کا سامنا ہے۔ صحت کے ماہرین کا خیال ہے کہ اس ملک میں شاید سب سے آخر میں کورونا وائرس کے خلاف مدافعتی دوا پہنچے گی۔ ویکسینیشن بہت سست ہے اور اس رفتار سے اگلے دو سالوں میں پچھتر فیصد آبادی کو ویکسین لگانے کا امکان ہے۔
تصویر: Dante Diosina Jr/AA/picture alliance
10 تصاویر1 | 10
امریکا کے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ CDC کے مطابق اس وقت ملک میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد ہے۔ ان میں سے زیادہ تر افراد کورونا وائرس کی تبدیل شدہ شکل ڈیلٹا ویریئنٹ سے متاثر ہیں۔