امریکا نئےنیویگیشن سسٹم کی تلاش میں
25 اپریل 2013
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کی ریسرچ ایجنسی کی ڈائریکٹر آرتی پربھاکر نے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلوبل پوزیشنگ سسٹم یا جی پی ایس کی تخلیق کے پیچھے بھی ڈارپا ایجنسی ہی کا ہاتھ ہے۔ ’’سن 1980 میں جب جی پی ایس سسٹم کو بڑے پیمانے پر نصب کیا جا رہا تھا تو اس کے لیے ایک بڑے باکس کو ایک گاڑی پر لے کر جانا ہوتا تھا۔ اب یہ ہمارے تمام پلیٹ فارمز، ہتھیاروں اور سویلین آلات کے ساتھ نصب ہے۔‘‘
آرتی پربھاکر کا کہنا تھا کہ بعض اوقات کسی طاقتور صلاحیت پر بہت زیادہ انحصار بھی خطرے کا باعث بن جاتا ہے۔ ’’جی پی ایس کے حوالے سے آج ہماری یہی سوچ ہے۔‘‘ امریکا کو خطرہ ہے کہ جی پی ایس سگنلز کو دشمن ٹریک کر سکتا ہے۔
امریکی ریسریچ ایجنسی سن 2010 سے نئی نیویگیشن اور پوزیشنگ ٹیکنالوجی تیار کرنے کے کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ اس کا مقصد ایک ایسا نظام تیار کرنا ہے، جس کے ذریعے پانی سمیت اُن تمام جگہوں تک کی رسائی ہو سکے، جہاں سیٹلائیٹ کے ذریعے ایسا ممکن نہیں ہے۔
جی پی ایس پر انحصار کو کم کرنے کے لیے امریکی ماہرین اب اس سیٹلائیٹ نظام کا متبادل نظام تیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈارپا اور مشی گن یونیورسٹی کے محقیقن نے ایک ایسا سسٹم تیار کیا ہے، جس کے تحت کسی سیٹلائیٹ کی مدد لیے بغیر وقت اور سمت کا تعین کیا جا سکتا ہے۔ اس سسٹم کا انحصار ایک آٹھ کیوبک ملی میٹر چپ پر ہے۔ اس چھوٹی سی چپ میں تین جائرو اسکوپس، تین رفتار پیما اور ایک ایٹمی گھڑی ہے، جو مل کر ایک مکمل نیویگیشن سسٹم کا کام کرتے ہیں۔
امریکی ریسریچ ایجنسی اس نئی ٹیکنالوجی کو خاص طور پر لوگوں کی نگرانی کے لیے جی پی ایس کے متبادل کے طور پر استعمال کرنا چاہتی ہے۔
آرتی پربھاکر کا کہنا تھا کہ وقت اور سمت کے تعین کے لیے ایک نہیں بلکہ کئی نئی ٹیکنالوجیز کو استعمال میں لایا جائے گا۔
zh/aa(AFP)