1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتشمالی امریکہ

امریکا نے اسرائیل کے دفاع کے لیے مزید رقم منظور کر لی

24 ستمبر 2021

امریکی ایوان نمائندگان نے اسرائیل میں تعمیر ہونے والے 'آئرن ڈوم میزائل ڈیفنس سسٹم' کے لیے ایک ارب ڈالر کی اضافی رقم منظور کر لی ہے۔ اسرائیل نے اس کے لیے امریکا کا شکریہ ادا کیا ہے۔

Palästina-Israel Konflikt Gaza Streifen
تصویر: Fatima Shbair/Getty Images

امریکی ایوان نمائندگان کانگریس نے 23 ستمبر جمعرات کے روز بھاری اکثریت سے اس بل کو منظور کر لیا جس میں اسرائیل میں تعمیر ہونے والے آئرن ڈوم میزائل دفاعی نظام کے لیے ایک ارب ڈالر کی اضافی رقم دینے کی بات کہی گئی ہے۔

ابتدا میں بعض ڈیموکریٹک ارکان کے اعتراض کی وجہ سے اس بل کو واپس لے لیا گیا تھا تاہم اس اقدام کو اسرائیل کے تئیں امریکی حمایت میں خاتمے کے اشارے کے طور دیکھا گیا اور اس پر شدید نکتہ چینی ہوئی، جس کے بعد اس بل کو کسی ترمیم کے بغیر دوبارہ پیش کیا گیا تھا۔

اس بل کی حمایت میں 420 ارکان نے ووٹ کیا جبکہ نو ارکان نے اس کی مخالفت کی۔ اب اسے ایوان بالا یعنی سینیٹ میں حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا جہاں اس کی منظوری کے قوی امکان ہیں۔

صدر جو بائیڈن اسرائیل کی اضافی امداد کا پہلے ہی وعدہ کر چکے ہیں اور واضح کیا ہے کہ ان کی دستخط کے بعد اسرائیل کے دفاع کے لیے یہ اضافی رقم اسے مہیا کر دی جائے گی۔

تصویر: picture alliance/AP Photo/D. Balilty

اسرائیل سے متعلق یہ اقدام ایک ایسے وقت کیا گیا ہے جب امریکا میں بعض اعتدال پسند ڈیموکریٹک ارکان جو بائیڈن پر اس بات کے لیے سخت زور دے رہے ہیں کہ اسرائیل کو دی جانے والی امداد کو انسانی حقوق کے ریکارڈ سے مشروط کرنے کی ضرورت ہے۔

اسرائیل نے امریکی حمایت کا شکریہ ادا کیا

امریکا کئی برسوں سے اسرائیل کے میزائل دفاعی نظام کی ترقی میں مدد کر تا رہا ہے۔ یہ نظام اسرائیل کی طرف داغے جانے والے راکٹوں کو روکنے میں انتہائی کارآمد ثابت ہوا ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیفتالی بینیٹ نے اضافی رقم کے بل کی منظوری کے لیے کانگریس کے ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، ''جو لوگ اس حمایت کو چیلنج کرنے کی کوشش کرتے ہیں، انہیں آج زبردست جواب ملا ہے۔ امریکی عوام اور ان کے نمائندوں کی مضبوط دوستی کے لیے اسرائیلی عوام ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔''

ص ز/ ج ا (اے پی، روئٹرز)

’ایران سے خطرہ‘، اسرائیل نے میزائل دفاعی نظام فعال کر دیا

01:06

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں