1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’’امریکا نے کئی ’سائبر فوجی‘ رکھے ہوئے ہیں‘‘

13 جون 2013

سابق امریکی انٹیلیجنس اہلکار ایڈورڈ سنوڈن نے اپنی خاموشی توڑتے ہوئے کہہ دیا ہے کہ امریکا نے ایسے کئی ’سائبر فوجی‘ رکھے ہوئے ہیں جو چین سمیت کئی عالمی اہداف سے متعلق جاسوسی کر رہے ہیں۔

China USA Internet Edward Snowden Computer in Hongkong
تصویر: Reuters

ایڈورڈ سنوڈن امریکی نیشنل سکیورٹی ایجنسی سے وابستہ وہ سابق اہلکار ہیں، جنہوں نے یہ انکشاف کیا تھا امریکی حکام ملک بھر میں صارفین کی ٹیلی فون کالز اور گوگل، یاہو اور فیس بُک جیسی متعدد امریکی انٹرنیٹ کمپنیوں کے سرورز سے بیرون ممالک کے صارفین کے ڈیٹا پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ امریکی صدر باراک اوباما سمیت متعدد اعلیٰ امریکی حکام کو یہ وضاحت کرنا پڑی تھی کہ یہ منصوبہ ملکی سلامتی کے لیے ضروری ہے اور اس سے کسی کی عزت پر آنچ نہیں آ رہی۔

ایڈورڈ نے ہانگ کانگ کے South China Morning Post کو دیے گئے اپنے تازہ انٹرویو میں کہا کہ وہ ہانگ کانگ سے بے دخلی کی کوششوں کے خلاف مزاحمت کریں گے۔ ’’میں نہ تو غدار ہوں اور نہ ہی ہیرو ہوں، میں ایک عام امریکی ہوں۔‘‘ سنوڈن اپنے اس انٹرویو کے بعد ہانگ کانگ کے اس ہوٹل سے ’غائب‘ ہوگئے ہیں، جہاں وہ قیام پذیر تھے۔ امریکی نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے چیف جنرل کیتھ الیکزینڈر سنوڈن سے نالاں ہیں کہ آخر انہوں نے ’پرزم‘ منصوبے سے کیوں پردہ اٹھایا جو بقول واشگنٹن حکومت کے اب قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن گیا ہے۔

جنرل کیتھ الیکزینڈرتصویر: Saul Loeb/AFP/Getty Images

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سنوڈن کے معاملے نے چین اور امریکا کے تعلقات کو ایک نئے دہرائے پر لاکھڑا کیا ہے۔ سائبر حملوں کے حوالے سے امریکا کو چین سے شکایت رہی ہے تاہم اب سنوڈن کے یہ انکشافات کہ امریکی ’سائبر فوجی‘ چین پر بھی ’نظر‘ رکھے ہوئے ہیں۔ ہانگ کانگ میں ایک نامعلوم مقام پر دیے گئے انٹرویو میں سنوڈن نے کہا کہ، ’’ مجھے ہانگ کانگ کے قوانین پر اعتماد ہے اور عدالتوں میں امریکا کی حکومت کے خلاف مزاحمت کروں گا۔‘‘

اس سے قبل امریکی سفارتی کیبلز کو عام کرکے واشنگٹن کے لیے درد سر پیدا کرنے والے وکی لیکس کے بانی جولیان آسانج نے سنوڈن کو مشورہ دیا تھا کہ وہ روس یا جنوبی امریکی ممالک کی جانب سے پناہ کی پیش کش کو سنجیدگی سے لیں۔

(sks/ ia (AFP

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں