امریکا کو افغانستان میں داعش کے خاتمے کی جلدی
2 مئی 2017اس موضوع پر امریکی دارالحکومت واشنگٹن سے منگل دو مئی کے روز نیوز ایجنسی اے ایف پی نے اپنے ایک تفصیلی جائزے میں لکھا ہے کہ امریکا کو خدشہ ہے کہ اس سے پہلے کہ شام اور عراق جیسے خانہ جنگی اور بحرانوں کے شکار ملکوں سے ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے مزید جنگجو افغانستان پہنچا شروع ہو جائیں، ہندوکش کی اس ریاست میں داعش کو زیادہ سے زیادہ عسکری نقصان پہنچا کو اس شدت پسند گروہ کو جلد از جد ختم کرنے کی کوشش کی جانا چاہیے۔
’تمام بموں کی ماں‘: ننگرہار میں داعش کے قریب سو جنگجو ہلاک
سب سے بڑا غیر جوہری بم ننگرہار پر ہی کیوں گرایا گیا؟
افغانستان: داعش کا لیڈر عبدالحسیب امریکی آپریشن میں ہلاک؟
افغانستان میں امریکا اور کابل حکومت کے دستے 2001ء سے طالبان عسکریت پسندوں کے خلاف مسلح جنگ میں مصروف ہیں لیکن اسی دوران ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کی ایک مقامی شاخ ’اسلامک اسٹیٹ خراسان‘ یا ISIS-K کے نام سے مشرقی افغانستان میں اپنے قدم جما چکی ہے۔
ہندوکش کے عشروں سے بدامنی اور خانہ جنگی کے شکار اس ملک میں ’داعش خراسان‘ نامی مقامی شدت پسند گروہ پہلی بار 2015ء میں منظر عام پر آیا تھا، جب اس گروپ کے جنگجوؤں نے پاکستان کے ساتھ سرحد کے قریب افغان صوبوں کنڑ اور ننگرہار کے وسیع تر علاقوں پر قبضہ کر لیا تھا۔
اے ایف پی کے مطابق افغان تنازعے میں داعش کی اس مقامی شاخ کا کردار اس لیے زیادہ تر پس منظر میں رہا کہ کابل حکومت اور اس کے اتحادی امریکا کی فوجی توجہ کا مرکز افغان طالبان کے خلاف زمینی اور فضائی کارروائیاں بنی رہی تھیں۔
بہت سے امریکی شہریوں نے افغانستان میں داعش کے خراسان نامی گروپ کا نام پہلی بار اس وقت سنا تھا، جب گزشتہ ماہ امریکا نے افغان صوبے ننگرہار میں اس شدت پسند گروپ کے کئی سرنگوں پر مشتمل ایک بڑے زیر زمین ٹھکانے پر دنیا کے اس سب سے بڑے غیر جوہری بم سے فضائی حملہ کیا تھا، جسے ’تمام بموں کی ماں‘ کہا جاتا ہے۔
طالبان نے ’آپریشن منصوری‘ کا آغاز کر دیا
مزار شریف حملہ، افغان وزیر دفاع اور فوج کے سربراہ مستعفی
افغان طالبان کا حملہ: بیسیوں فوجیوں کی تدفین، دو جنرل برطرف
افغانستان میں امریکی فوج کے ترجمان کیپٹن بل سالوِن کے مطابق ماضی میں اس ملک میں داعش کے عسکریت پسندوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد ڈھائی ہزار اور تین ہزار کے درمیان رہی ہے لیکن عسکری محاذ پر ناکامیوں، بہت زیادہ جانی نقصان اور جنگجوؤں کی طرف سے ہمدردیوں کی تبدیلی کے باعث اب وہاں داعش کے جنگجوؤں کی مجموعی تعداد زیادہ سے زیادہ بھی محض 800 کے قریب رہ گئی ہے۔
بل سالوِن نے اس حوالے سے اے ایف پی کو بتایا، ’’ہمارے پاس بہت اچھا موقع ہے کہ ہم 2017ء میں ہی افغانستان میں داعش کو تباہ کر دیں۔ ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے عسکریت پسندوں کو دنیا کے دیگر ملکوں میں جو پے در پے نقصانات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں، اس کا مطلب یہ نہیں ہونا چاہیے کہ اب یہی شدت پسند افغانستان آ کر اپنے آئندہ حملوں کی منصوبہ بندی کا سوچنے لگیں۔‘‘
اے ایف پی نے مزید لکھا ہے کہ افغانستان میں داعش کے خلاف جنگ میں کامیابی امریکا کے لیے اس لیے بھی ایک بڑی فتح ہو گی کہ نائن الیون حملوں کے بعد امریکا نے افغانستان میں فوجی مداخلت کر کے طالبان کو 2001ء میں ہی اقتدار سے باہر تو کر دیا تھا لیکن تب سے اب تک واشنگٹن مسلسل اسی کوشش میں ہے کہ کسی طرح طالبان کے خلاف اپنی واضح فتح کا دعویٰ کر سکے۔ ایسے میں افغانستان ہی میں داعش کے خلاف عسکری کامیابی امریکی حوصلے میں بلندی کا باعث بنے گی۔