ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے ایرانی تیل کی برآمدات کو روکنے کی کوشش کی، تو اس کا برابری کی سطح پر جواب دیا جائے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ چند روز سے الفاظ کی شدید جنگ جاری ہے۔
اشتہار
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسم نے منگل 24 جولائی کے روز کہا کہ اگر امریکا کی جانب سے پابندیوں کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات کیے جاتے ہیں، تو تہران بھی ان کا برابر اور بھرپور جواب دے گا۔
اس سے ایک روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ امریکا کے خلاف سخت زبان کے استعمال سے اجتناب کرے ورنہ اسے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔ اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں جلی حروف میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا، ’’ایرانی صدر حسن روحانی کے لیے، کبھی دوبارہ امریکا کو دھمکی مت دینا ورنہ آپ کو وہ نتائج بھگتنا پڑیں گے، جو تاریخ میں چند ایک ہی کا مقدر بنے ہیں۔ اب ہم وہ ملک نہیں جو آپ کے ان تشدد اور موت بانٹتے الفاظ کو برداشت کرے۔ ہوشیار باش!‘‘
ایرانی وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے پیر کو امریکی صدر کے اس بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا، ’’آپ نے متاثر نہیں کیا۔ چند ماہ قبل دنیا نے اس سے بھی سخت الفاظ سنے تھے۔ ایرانی بھی یہ سب سن چکے ہیں۔ ہم ہزاروں سال پرانی تہذیب ہیں۔ ہم نے کئی سلطنتیں تباہ ہوتے دیکھی ہیں، خود اپنی بھی، جو کئی ممالک کی مجموعی زندگی سے بھی زیادہ طویل تھی۔‘‘
جواد ظریف نے اپنے اس ٹوئٹر پیغام میں ’ہوشیار باش‘ بھی امریکی صدر ٹرمپ کے پیغام کی طرح جلی حروف میں ہی لکھا۔
یہ بات اہم ہے کہ مئی میں تہران کے ساتھ بین الاقوامی جوہری معاہدے سے نکل جانے کے بعد سے امریکا نے ایران کے خلاف اپنے دباؤ میں مسلسل اضافہ کیا ہے۔ امریکا کی کوشش ہے کہ ایرانی جوہری پروگرام کے ساتھ ساتھ اس کے میزائل پروگرام پر بھی قدغن لگائی جائے اور تہران کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں مختلف عسکری گروہوں کی معاونت کی پالیسی بھی رکوائی جائے۔
ایرانی انقلاب سے لے کر اب تک کے اہم واقعات، مختصر تاریخ
جنوری سن 1979 میں کئی ماہ تک جاری رہنے والی تحریک کے بعد ایرانی بادشاہ محمد رضا پہلوی کے اقتدار کا خاتمہ ہوا۔ تب سے اب تک ایرانی تاریخ کے کچھ اہم واقعات پر ایک نظر اس پکچر گیلری میں۔
تصویر: takhtejamshidcup
16 جنوری 1979
کئی ماہ تک جاری مظاہروں کے بعد امریکی حمایت یافتہ رضا پہلوی ایران چھوڑ کر چلے گئے۔ یکم فروری کے روز آیت اللہ خمینی واپس ایران پہنچے اور یکم اپریل سن 1979 کو اسلامی ریاست کے قیام کا اعلان کیا گیا۔
تصویر: picture-alliance/dpa/AFP/G. Duval
4 نومبر 1979
اس روز خمینی کے حامی ایرانی طلبا نے تہران میں امریکی سفارت خانہ پر حملہ کر کے 52 امریکیوں کو یرغمال بنا لیا۔ طلبا کا یہ گروہ امریکا سے رضا پہلوی کی ایران واپسی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ان مغویوں کو 444 دن بعد اکیس جنوری سن 1981 کو رہائی ملی۔
تصویر: picture-alliance/AP Images/M. Lipchitz
22 ستمبر 1980
عراقی فوجوں نے ایران پر حملہ کر دیا۔ یہ جنگ آٹھ برس تک جاری رہی اور کم از کم ایک ملین انسان ہلاک ہوئے۔ اقوام متحدہ کی کوششوں سے بیس اگست سن 1988 کے روز جنگ بندی عمل میں آئی۔
تصویر: picture-alliance/Bildarchiv
3 جون 1989
خمینی انتقال کر گئے اور ان کی جگہ علی خامنہ ای کو سپریم لیڈر بنا دیا گیا۔ خامنہ سن 1981 سے صدر کے عہدے پر براجمان تھے۔ صدر کا انتخاب نسبتا روشن خیال اکبر ہاشمی رفسنجانی نے جیتا اور وہ سن 1993 میں دوبارہ صدارتی انتخابات بھی جیت گئے۔ رفسنجانی نے بطور صدر زیادہ توجہ ایران عراق جنگ کے خاتمے کے بعد ملکی تعمیر نو پر دی۔
تصویر: Fararu.com
23 مئی 1997
رفسنجانی کے اصلاح پسند جانشین محمد خاتمی قدامت پسندوں کو شکست دے کر ملکی صدر منتخب ہوئے۔ وہ دوبارہ سن 2001 دوسری مدت کے لیے بھی صدر منتخب ہوئے۔ انہی کے دور اقتدار میں ہزاروں ایرانی طلبا نے ملک میں سیکولر جمہوری اقدار کے لیے مظاہرے کیے۔ سن 1999 میں ہونے والے ان مظاہروں میں کئی طلبا ہلاک بھی ہوئے۔
تصویر: ISNA
29 جنوری 2002
امریکی صدر جارج ڈبلیو بش جونیئر نے ایران کو عراق اور شمالی کوریا کے ساتھ ’بدی کا محور‘ قرار دیا۔ امریکا نے ایران پر مکمل تجارتی اور اقتصادی پابندیاں سن 1995 ہی سے عائد کر رکھی تھیں۔
تصویر: Getty Images
25 جون 2005
قدامت پسند سیاست دان محمود احمدی نژاد ایرانی صدر منتخب ہوئے۔ اگست میں انہوں نے کہا کہ ’اسرائیل کو دنیا کے نقشے سے مٹا دینا چاہیے‘ اور انہی کے دور اقتدار میں ایرانی ایٹمی پروگرام تیزی سے بڑھایا گیا۔ سن 2009 میں وہ دوسری مرتبہ صدر منتخب ہوئے تو ملک گیر سطح پر اصلاح پسند ایرانیوں نے احتجاج شروع کیا جس کے بعد ایران میں ایک بحرانی صورت حال بھی پیدا ہوئی۔
تصویر: Fars
25 جون 2005
قدامت پسند سیاست دان محمود احمدی نژاد ایرانی صدر منتخب ہوئے۔ اگست میں انہوں نے کہا کہ ’اسرائیل کو دنیا کے نقشے سے مٹا دینا چاہیے‘ اور انہی کے دور اقتدار میں ایرانی ایٹمی پروگرام تیزی سے بڑھایا گیا۔ سن 2009 میں وہ دوسری مرتبہ صدر منتخب ہوئے تو ملک گیر سطح پر اصلاح پسند ایرانیوں نے احتجاج شروع کیا جس کے بعد ایران میں ایک بحرانی صورت حال بھی پیدا ہوئی۔
تصویر: Reuters/Tima
جنوری 2016
خطے میں ایرانی حریف سعودی عرب نے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر دیے جس کا سبب ایران کی جانب سے سعودی عرب میں شیعہ رہنما شیخ نمر کو پھانسی دیے جانے پر تنقید تھی۔ سعودی عرب نے ایران پر شام اور یمن سمیت عرب ممالک کے معاملات میں مداخلت کا الزام بھی عائد کیا۔
تصویر: Getty Images/AFP/A. Kenare
19 مئی 2017
اصلاح پسند حلقوں اور نوجوانوں کی حمایت سے حسن روحانی دوبارہ ایرانی صدر منتخب ہوئے اور اسی برس نئے امریکی صدر ٹرمپ نے جوہری معاہدے کی ’تصدیق‘ سے انکار کیا۔ حسن روحانی پر اصلاحات کے وعدے پورے نہ کرنے پر تنقید کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا اور اٹھائیس دسمبر کو پر تشدد مظاہرے شروع ہو گئے جن میں اکیس ایرانی شہری ہلاک ہوئے۔
تصویر: Getty Images/AFP/STR
10 تصاویر1 | 10
دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ایران میں سن 1979 کے اسلامی انقلاب کے بعد سے خراب ہیں، لیکن سن 2015ء میں جوہری ڈیل کے بعد یہ امید پیدا ہو چلی تھی کہ تب یہ تعلقات کسی حد تک بہتری کی جانب بڑھ سکتے تھے۔ تاہم جوہری معاہدے سے امریکی انخلا کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں دوبارہ نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
چند روز قبل ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا تھا، ’’امریکا شیر کی دم سے کھیلنے سے اجتناب برتے۔‘‘ روحانی کا کہنا تھا کہ امریکیوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ ایران کے ساتھ امن ہر سکون کی ماں ہے اور ایران کے ساتھ جنگ تمام جنگوں کی ماں۔‘‘