1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستسوڈان

امریکہ اور سعودی عرب کا سوڈان میں نئی جنگ بندی پر زور

4 جون 2023

سعودی عرب اور امریکہ نے سوڈان میں متحارب گروپوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایک نئی جنگ بندی پر اتفاق کریں اور اس پر پوری طرح عمل کریں۔ یہ مطالبہ اس جنوب مشرقی افریقی ملک میں نئی جھڑپیں شروع ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔

Sudan Konflik l Region Darfur, niedergebrannte Bankfiliale im Süden von Khartum
تصویر: -/AFP via Getty Images

رواں برس اپریل کے وسط میں جنرل عبدالفتاح برہان کی سربراہی میں ملکی فوج اور ملک کی پیراملٹری ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان جھڑپیں شروع ہونے کے بعد سے سوڈان میں خانہ جنگی کی سی کیفیت ہے۔ ریپڈ سپورٹ فورسز کی سربراہی جنرل محمد ہمدان داگلو کر رہے ہیں۔

گزشتہ کئی ہفتوں سے سعودی عرب اور امریکہ ان دونوں متحارب گروپوں کے درمیان جنگ بندی کے لیے کوشاں ہیں۔  21 مئی کو دونوں ممالک نے ایک عارضی جنگ بندی معاہدہ  طے کرانے میں کامیابی حاصل کی تھی تاکہ جنگ سے متاثرہ اس ملک میں بدترین صورتحال میں گھرے لوگوں تک انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ تاہم اس کوشش کو اس وقت دھچکہ لگا جب بدھ کے روز سوڈانی فوج نے اعلان کیا کہ وہ سعودی شہر جدہ میں جنگ بندی کے لیے ہونے والی بات چیت میں مزید شرکت نہیں کرے گی۔

21 مئی کو سعودی عرب اور امریکہ نے ایک عارضی جنگ بندی معاہدہ طے کرانے میں کامیابی حاصل کی تھی۔تصویر: AFP

سوڈانی فوج کے اس فیصلے کے بعد امریکہ اور سعودی عرب نے کہا تھا کہ محدود وقت کے جنگ بندی معاہدے کی شدید خلاف ورزیوں کے سبب وہ بات چیت کا سلسلہ معطل کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے سوڈان کی اہم دفاعی کمپنیوں پر پابندی عائد کر دی تھی جو ملکی فوج اور آر ایس ایف کے زیر انتظام کام کرتی ہیں۔ ساتھ ہی ان لوگوں پر بھی پابندیاں عائد کی گئیں جو سوڈان میں 'تشدد جاری رکھنا چاہتے ہیں‘۔

آج اتوار چار جون کو واشنگٹن اور ریاض کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے سوڈانی فوج اور آر ایس ایف کے ان نمائندوں سے رابطہ کاری کا سلسلہ جاری رکھا جو جدہ میں موجود تھے۔ بیان میں دونوں متحارب گروپوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ایک نئی سیزفائر پر اتفاق کریں اور اس پر عمل کریں۔ اس کا حتمی مقصد جنگ سے متاثرہ اس ملک میں تشدد کا سلسلہ مستقل روکنا بتایا گیا ہے۔

سوڈان ٹوٹ رہا ہے، اقوام متحدہ کا انتباہ

سوڈانی فوج اور ریپڈ ایکشن فورس کے درمیان لڑائی کے سبب دارالحکومت خرطوم اور دیگر کئی شہری علاقے میدان جنگ بنے ہوئے ہیں۔ اسی سبب ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال بھی بدتر ہے اور لوٹ مار معمول بن چکا ہے۔

سوڈانی جرنیلوں کی اقتدار کی جنگ کی قیمت ادا کرتے عام شہری

03:38

This browser does not support the video element.

یہ تنازعہ اب تک 16 لاکھ سے زائد افراد کے بے گھر ہونے کا سبب بھی بن چکا ہے جو اپنے گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات یا قریبی ممالک میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے۔

سوڈانی شہریوں کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ دو روز سے دارالحکومت خرطوم اور اس کے قریبی شہر اومدرمان اور باہری میں شدید لڑائی کا سلسلہ جاری ہے۔

ا ب ا/ک م (اے پی، روئٹرز)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں