1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہامریکہ

امریکہ: بالٹیمور میں ایک بحری جہاز پُل سے ٹکرا گیا

26 مارچ 2024

ایک ویڈیو منظر عام پر آئی، جس میں 1.6 میل لمبے پل کا ایک بڑا حصہ مکمل طور پر پانی میں گرتا ہوا دیکھا گیا۔ مقامی میڈیا نے بتایا کہ ایک کارگو جہاز پُل کے ایک ستون سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں یہ واقعہ پیش آیا۔

USA Baltimore | Einsturz Francis Scott Key Bridge
تصویر: Harford County MD Fire & EMS/Handout via REUTERS

مقامی میڈیا کی خبروں کے مطابق امریکی ریاست میری لینڈ کے بڑے شہر بالٹیمور میں منگل کی صبح ایک کارگو جہاز اس شہر  کے اسٹیل کی محراب کی شکل والے ''فرانسس اسکاٹ کی برج‘‘  کا ایک حصہ اُس وقت ٹوٹ کر پانی میں گرا جب ایک کارگو جہاز اُس  سے ٹکرا گیا۔

ریاست میری لینڈ کی اتھارٹی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں تحریر کیا، ''کی برج جہاز کے ٹکراؤ کے سبب گرا۔ یہ ایک حقیقی منظر تھا۔‘‘

حادثہ کیسے پیش آیا

منگل کی الصبح ایک بڑا جہاز 1.6 میل (2.57 کلومیٹر) طویل اس پل سے ٹکرا گیا۔  جہاز کے  پُل  کے ساتھ تصادم کے سبب متعدد گاڑیاں دریائے پٹاپسکو میں گر گئیں۔ یہ منظر سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ایک ویڈیو میں دیکھا گیا۔ میری لینڈ ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی نے اپنے بیان میں کہا،'' I-695 کی برج پر دونوں سمتوں سے تمام لینز کو بند کر دیا گیا ہے اور ٹریفک کا رُخ متبادل راستے کی طرف موڑا جا رہا ہے۔‘‘

پُل کے گرنے کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہےتصویر: Harford County MD Fire & EMS/Handout via REUTERS

یہ برج بالٹیمور کی ٹریفک کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل ہے اور شہر کے جنوبی حصے میں دریا کے ایک وسیع حصے پر پھیلا ہوا ہے۔ بالٹیمور کے میئر نے کہا ہے کہ ایمرجنسی اہلکار جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

بالٹیمور کے میئر برینڈن ایم اسکاٹ نے  ایکس پر لکھا، ''ہنگامی اہلکار جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور کوششیں جاری ہیں۔‘‘ 

 

دنیا کا سب سے بڑا کروز شپ

03:07

This browser does not support the video element.

ریسکیو کارروائیاں جاری

بالٹیمور کے محکمہ پولیس کی ایک ترجمان نکی فینوئی نے این بی سی نیوز کو ایک بیان دیتے ہوئے کہا،''میں صبح ڈیڑھ بجے رونما ہونے والے اس حادثے کی تصدیق کرتی ہوں۔ بالٹیمور کی پولیس کو جزوی پُل گرنے کی اطلاع ملی۔‘‘

ایسوسی ایٹڈ پریس نیوز ایجنسی کی رپورٹ میں بالٹیمور فائر ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کمیونیکیشن کیون کارٹ رائٹ کے  حوالے سے کہا گیا کہ ہنگامی امداد کے کارکنان کم از کم سات افراد کو پانی میں تلاش کر رہے ہیں۔

 

جہاز پُل کے ایک ستون سے ٹکرا گیاتصویر: Port of Baltimore/NTB/IMAGO

 

کیون کارٹ رائٹ نے اے پی کو بتایا کہ جس وقت جہاز پُل کے ایک کالم سے ٹکرایا، اس وقت پل پر متعدد گاڑیاں موجود تھیں۔ بالٹیمور فائر ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کمیونیکیشن کیون کارٹ رائٹ نے کہا، ''یہ واقعہ بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا سبب بننے والا حادثہ ہو سکتا ہے۔‘‘ انہوں نے اس حادثے کو ایک سنگین ایمرجنسی قرار دیا ہے۔

جہاز کی نگرانی کرنے والی ایک ویب سائٹ میرین ٹریفک نے سنگاپور کے جھنڈے والے کنٹینروں سے لدے جہاز کو دکھایا، جس کا نام ڈالی بتایا جاتا ہے، جو منگل کی صبح پل کے نیچے رکا تھا۔

ک م/ ا ا(اے پی ، روئٹرز)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں