1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تعليمامریکہ

امریکہ: طلبہ کے لیے ویزوں کا عمل دوبارہ شروع

صلاح الدین زین اے پی اور روئٹرز کے ساتھ
19 جون 2025

محکمہ خارجہ کے اہلکار اب امریکہ کے خلاف 'دشمنی' کی جانچ کے لیے درخواست دہندگان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا جائزہ لیں گے۔ گزشتہ ماہ بیرونی طلبہ کے ویزوں کے لیے اپوائنٹمنٹ کا شیڈول بند کر دیا گیا تھا۔

امریکی محکمہ خارجہ
محکمہ خارجہ کی جانب سے جو بیان جاری کیا گیا ہے اس کے مطابق نئی ہدایات کے تحت قونصلر افسران تمام طلبہ اور ایکسچینج وزیٹر درخواست دہندگان کی ایک جامع اور مکمل جانچ کریں گےتصویر: Celal Gunes/AA/picture alliance

امریکہ نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ وہ غیر ملکی طلبہ کے ویزوں کی درخواستوں پر عمل دوبارہ شروع کر رہا ہے، تاہم اب ایسے تمام درخواست دہندگان کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو جائزے کے لیے حکام کو دستیاب کرانا ہو گا۔

محکمہ خارجہ نے کہا کہ درخواست دہندگان نے اگر سب سے نچلی سطح کی رازداری "پبلک" کے تحت اپنے اکاؤنٹ کو سیٹ نہیں کر رکھا ہے، تو اسے اس بات کی علامت کے طور پر لیا جا سکتا ہے کہ وہ اپنی آن لائن سرگرمی کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

امریکہ نے نئے طلبہ کے لیے ویزا عمل کو روک دیا

اس حوالے سے جو بیان جاری کیا گیا ہے اس کے مطابق، " نئی ہدایات کے تحت قونصلر افسران تمام طلبہ اور ایکسچینج وزیٹر درخواست دہندگان کی ایک جامع اور مکمل جانچ کریں گے۔"

ٹرمپ نے ہارورڈ میں غیر ملکی طلبہ کے داخلے پر پابندی لگا دی

اس بیان میں مزید کہا گیا کہ "سوشل میڈیا کی بہتر جانچ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ہم اپنے ملک کا دورہ کرنے کی کوشش کرنے والے ہر فرد کی مناسب طریقے سے اسکریننگ کر رہے ہیں۔"

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے مئی کے اواخر میں دنیا بھر کے سفارتخانوں کے قونصلر سیکشنز کو مشورہ دیا تھا کہ وہ طلبہ کے ویزا اپوائنٹمنٹس کا شیڈول فی الوقت کے لیے بند کر دیںتصویر: Mehmet Eser/Zuma/Imago

امریکی حکام سوشل میڈیا میں کیا تلاش کریں گے؟

قونصلر افسران کو جو ہدایات بھیجی گئی ہیں اور حکام نے جو میڈیا کو بتایا ہے اس کے مطابق محکمہ خارجہ نے اپنے عملے سے کہا کہ انہیں "امریکی شہریوں، ثقافت، حکومت، اداروں، یا امریکہ کے بانی اصولوں کے خلاف دشمنی کے کسی بھی اشارے کی تلاش کرنی چاہیے۔"

ہارورڈ میں غیر ملکی طلبہ کے داخلوں پر پابندی، چین کا رد عمل

ٹرمپ انتظامیہ نے گزشتہ ماہ غیر ملکی طلبہ کے لیے نئے ویزا انٹرویوز کے شیڈولنگ کو عارضی طور پر روک دیا تھا۔ اس کی وجہ سے امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہش رکھنے والے دنیا بھر کے طلبہ کو قونصل خانے دوبارہ کھلنے کا بے چینی سے انتظار تھا۔

چین، بھارت، میکسیکو اور فلپائن کے طلبہ سوشل نیٹ ورکس پر پوسٹ کرتے رہے ہیں کہ وہ ویزا بکنگ ویب سائٹس کو بار بار چیک کرتے رہے ہیں اور درخواستوں کی بحالی کے کسی بھی اشارے کے لیے محکمہ خارجہ کی پریس بریفنگ کا انتظار کرتے رہے تھے۔

ادارت: جاوید اختر

 

صلاح الدین زین صلاح الدین زین اپنی تحریروں اور ویڈیوز میں تخلیقی تنوع کو یقینی بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں