1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ شہباز حکومت کے ساتھ مضبوط تعلقات جاری رکھنے کا خواہاں

5 مارچ 2024

امریکہ نے پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری کے لیے واشنگٹن کے پائیدار عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ نئے وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں اس شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی حکومت کے ساتھ امریکی مصروفیت مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز رکھے گی
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی حکومت کے ساتھ امریکی مصروفیت مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز رکھے گی تصویر: Nathan Howard/AP/picture alliance

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پیر کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران شہباز شریف کے وزیر اعظم بننے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ، "میں نئے وزیر اعظم کے حوالے سے بات نہیں کرنے جا رہا ہوں، لیکن جیسا کہ ہم پہلے کہہ چکے ہیں، ہم پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ہمیشہ ایک مضبوط، خوشحال اور جمہوری پاکستان کو امریکہ پاکستان کے لیے اہم سمجھتے ہیں۔"

ان کا مزید کہنا تھا کہ "نئے وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی حکومت کے ساتھ ہماری مصروفیت مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز رکھے گی۔"

شہباز شریف نے حلف اٹھا لیا، کیا مشکلات ٹلنے کو ہیں؟

جب ایک صحافی نے پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے حالیہ انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کے بارے میں سوال کیا تو امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سختی سے کہا کہ،"میں پاکستان کی اندرونی سیاست پر بات نہیں کروں گا۔"

نئی حکومت کا یہ پرتپاک لیکن محتاط استقبال ملک کی نئی قیادت کے ساتھ تعاون کو برقرار رکھنے کے واشنگٹن کے ارادے کو اجاگر کرتا ہے۔

چند دنوں قبل تقریبا ً تین درجن امریکی قانون سازوں نے صدر جو بائیڈن اور وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو ایک مشترکہ خط لکھ کر ان پر زور دیا تھا کہ وہ پاکستان کی نئی حکومت کو اس وقت تک تسلیم نہ کریں، جب تک کہ انتخابی دھاندلی سے متعلق الزامات کی تحقیقات مکمل نہیں ہو جاتی ہیں۔

مریم نواز نے پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا ہےتصویر: Arif Ali/AFP/Getty Images

'مریم نواز کا وزیراعلیٰ منتخب ہونا پاکستانی سیاست میں سنگ میل'

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا بطور وزیر اعلیٰ انتخاب پاکستانی سیاست میں ایک سنگ میل ہے اور اس سے پاکستانی سیاست میں خواتین کے بڑھتی ہوئی شراکت داری کی راہ ہموار ہو گی۔

کسی پاکستانی صوبے کی پہلی خاتون سربراہ حکومت: مریم نواز کیسی وزیر اعلیٰ ہوں گی؟

ملر کا کہنا تھا کہ "ہم خواتین کو ملک کی سیاسی زندگی، معیشت میں، بشمول امریکہ-پاکستان ویمنز کونسل، سول سوسائٹی، اور فیصلہ سازی کے دیگر شعبوں میں مزید مکمل طور پر ضم کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے کے منتظر ہیں۔"

میتھیو ملر کے مطابق "ایک جامع پاکستان ایک مضبوط، خوشحال ملک بناتا ہے جس سے تمام پاکستانی مستفید ہوتے ہیں اور اسی لیے جب ہم دنیا میں کہیں بھی اس طرح کی کوئی نئی پیش رفت دیکھتے ہیں تو ہم ہمیشہ خوش ہوتے ہیں۔"

خیال رہے کہ مریم نواز نے پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا ہے۔

نظام میں انقلانی تبدیلیاں لائیں گے، شہباز شریف

جب ایک صحافی نے انہیں یاد دلایا کہ پاکستان میں پہلے ہی ایک خاتون وزیر اعظم بے نظیر بھٹو رہ چکی ہیں، جو کہ ایک سنگ میل تھا، تو انہوں نے جواب دیا، ''وہ بالکل تھیں، اور اس سے اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔''

ج ا/ ص ز (نیوز ایجنسیاں)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں