1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ عالمی تشویش کو نظرانداز کرکے یوکرین کو کلسٹر بم دے گا

7 جولائی 2023

امریکہ آج جمعے کو یوکرین کو کلسٹر بم دینے کا باضابطہ اعلان کرے گا، اس کا دعوی ہے کہ اس سے روسی افواج کو پیچھے دھکیلنے میں مدد ملے گی۔ حالانکہ سو سے زائد ملکوں نے کلسٹر بم کو ممنوع قرار دیا ہے۔

Krieg Waffen Streubomben Streumunition Cluster Bomben
تصویر: Patrick Pleul/dpa/picture alliance

اس پیش رفت سے واقف ایک اہلکار نے یوکرین کو دیے جانے والے نئے فوجی امداد کے باضابطہ اعلان سے قبل اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ بائیڈن انتظامیہ جمعے کے روز کییف کے لیے 800 ملین ڈالر کے ایک نئے فوجی امدادی پیکج کا اعلان کرے گی جس کے تحت اسے ہزاروں کلسٹر بم بھی فراہم کیے جائیں گے۔

امریکہ کے اس اقدام سے اس کے بعض اتحادیوں کے علاوہ انسانی حقوق کے علمبردار گروپوں کے بھی ناراض ہوجانے کا خدشہ ہے، جو ایک عرصے سے کلسٹر بموں کے استعمال کی مخالفت کرتے رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ روس پہلے ہی یوکرین میں کلسٹر بموں کا استعما ل کررہا ہے اورامریکہ کی جانب سے یوکرین کو یہ متنازع ہتھیار فراہم کرنے کا مطلب ہوگا Dud Rateمیں مزید کمی، یعنی کچھ بم پھٹنے سے رہ جائیں گے اوران کی وجہ سے غیر محتاط شہریوں کی ہلاکت ہوسکتی ہے۔

روس اور یوکرین کی جنگ میں استعمال ہونے والے ہتھیار

کلسٹر بموں کے استعمال پر پابندی کے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشن پر سن  2008 میں 120سے زائد ممالک نے دستخط کیے تھے جن میں امریکہ اور یوکرین کے حلیف فرانس اور برطانیہ بھی شامل ہیں۔ تاہم یوکرین، روس اور امریکہ نے اس پر اب تک دستخط نہیں کیے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق بائیڈن انتظامیہ میں ہتھیاروں کی فراہمی کے حوالے سے معلومات رکھنے والے تین افسران نے بتایا کہ حکومت جمعے کے روز یوکرین کے لیے 800ملین ڈالر کے ایک نئے فوجی امدادی پیکج کا اعلان کرنے والی ہے۔ اس پیکج میں کلسٹر بموں کی فراہمی بھی شامل ہے جنہیں 155ملی میٹر کے ہوائزر توپوں سے داغا جاتا ہے۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب بائیڈن انتظامیہ یوکرین کو کلسٹر بم فراہم کرے گی۔

کلسٹر بموں کے استعمال پر پابندی کے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشن پر 120سے زائد ممالک نے دستخط کیے تھے تاہم یوکرین، روس اور امریکہ نے اس پر اب تک دستخط نہیں کیے ہیںتصویر: MOHAMMED ZAATARI/AA/picture alliance

یوکرین کو کلسٹر بم فراہم نہ کرنے کی اپیل

ایک روز قبل ہی انسانی حقوق کی ایک بین الاقوامی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے اپنی ایک رپورٹ جاری کی تھی جس میں کہا گیا ہے کہ روس اور یوکرین کلسٹر بموں کا استعمال کر رہے ہیں جس کا نشانہ یوکرینی شہری بن رہے ہیں۔تنظیم نے دونوں ملکوں سے ان ہتھیاروں کا استعمال روک دینے اور امریکہ سے کلسٹر بم یوکرین کو فراہم نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

'یوکرین اور روس کلسٹر بموں کا استعمال بند کریں'

ہیومن رائٹس واچ نے اپنی رپورٹ میں سو سے زائد رہائشیوں، عینی شاہدین اور مقامی ایمرجنسی اہلکاروں کے انٹرویوز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یوکرین نے گزشتہ سال روس کے فوجی حملے کے بعد مشرقی یوکرین کے شہر ایزیم اور اس کے اطراف میں روسی کنٹرول والے علاقوں میں کلسٹر بم برسائے تھے۔ یوکرین کے ان حملوں میں کم از کم آٹھ شہری ہلاک اور کم از کم 15 شہری زخمی ہوئے۔

اس بین الاقوامی تنظیم نے اس سے قبل بتایا تھا کہ یوکرین میں روس کی طرف سے کلسٹر بموں کے استعمال سے سینکڑوں شہری ہلاک ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے بھی دونوں طرف سے کلسٹر بموں کے استعمال کی تصدیق کی ہے۔

روسی یوکرینی جنگ: کلسٹر بموں سے کس طرح کی تباہی ہوتی ہے؟

ہیومن رائٹس واچ کی قائم مقام ڈائریکٹر میری وارہم کا کہنا تھا کہ، ''روس اور یوکرین کی طرف سے استعمال ہونے والے کلسٹر بم اب عام شہریوں کو ہلاک کررہے ہیں اور کئی برسوں تک ان سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔''

انسانی تنظیموں کی جانب سے تشویش کا اظہار کرنے کے باوجود یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی اور دیگر اعلیٰ یوکرینی حکام کلسٹر بموں کے نئے اسٹاک کے خواہش مند ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے روس کے خلاف کییف کی جوابی کارروائی کو تقویت ملے گی۔

ایک امریکی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ  "میدان جنگ کی موجودہ صورت حال کے مدنظر کلسٹر بموں کا استعمال صد فیصد ضروری ہو گیا ہے۔"

کلسٹر بم کیا ہے؟

کلسٹر بم ایسے ہتھیار ہیں جنہیں داغے جانے کے بعد ان کے اندر موجود چھوٹے چھوٹے بم بڑے علاقے میں بکھر جاتے ہیں۔

بین الاقوامی ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ کلسٹر بموں کو طیاورں، توپ یا میزائیلوں کے ذریعہ بھی داغا جا سکتا ہے۔ اس عالمی تنظیم کے مطابق ان بموں کے گرنے سے ابتدائی نقصانات تو ہوتے ہی ہیں لیکن ان کے اندر موجود چھوٹے چھوٹے بم پھٹنے سے رہ جاتے ہیں، جن کی شرح تقریباً 40 فیصد تک ہوتی ہے۔ یہ بم مہینوں یا سالوں تک غیر محتاط لوگوں کو ہلاک کرسکتے ہیں یا اپاہج بنا سکتے ہیں۔

ڈرٹی بم ہوتا کیا ہے؟

اس سا ل مارچ میں امریکی سینیٹ کے اراکین نے بائیڈن انتظامیہ کو ایک خط لکھ کرکہا تھا کہ امریکہ کے پاس اس وقت تقریباً تین ملین قابل استعمال کلسٹر بم موجود ہیں۔ انہوں نے وائٹ ہاوس سے اپیل کی تھی کہ ان بموں کو بھیج دیا جائے تاکہ امریکی جنگی سپلائز پر پڑنے والا دباو کم ہو سکے۔

ج ا/ ص ز (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز، ڈی پی اے)

.

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں