1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمشرق وسطیٰ

اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ میں درجنوں ہلاکتیں

8 جنوری 2025

امریکہ نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اس فلسطینی علاقے میں ہلاکتوں کی تعداد 46 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔

غزہ کے شہر خان یونس میں اسرائیلی حملے کے بعد کا منظر
غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں آج بدھ کو کم از کم 22 افراد ہلاک ہوئے۔تصویر: Hatem Khaled/REUTERS

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز غزہ شہر کے علاقے شیخ رضوان میں ایک کثیر المنزلہ مکان پر ہونے والے فضائی حملے میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ ایک اور حملے میں قریبی مضافاتی علاقے زیتون میں پانچ افراد ہلاک ہوئے۔

غزہ جنگ کے بعد کی صورتحال: یو اے ای پس پردہ مذاکرات کا حصہ

اسرائیل کا احتساب کرنا لازمی ہو چکا، اقوام متحدہ کے ماہرین

غزہ کے وسطی شہر دیر البلاح میں، جہاں لاکھوں فلسطینی پناہ لیے ہوئے ہیں، اسرائیلی فضائی حملے میں تین افراد ہلاک ہوئے، جبکہ طبی ذرائع کے مطابق جبالیہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں چار افراد ہلاک ہو گئے۔

منگل کے روز اسرائیلی فوج کے حملوں میں غزہ پٹی میں کم از کم 24 فلسطینی ہلاک ہو گئے تھے۔ طبی ماہرین نے بتایا کہ جنوبی شہر خان یونس کے مغرب میں واقع مواسی میں خیمہ بستی پر دو فضائی حملے کیے گئے، جس میں 18 افراد ہلاک ہوئے۔ مرنے والوں میں کئی خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے ان واقعات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

منگل کے روز اسرائیلی فوج کے حملوں میں غزہ پٹی میں کم از کم 24 فلسطینی ہلاک ہو گئے تھے۔ تصویر: Jim Hollander/Matrix Images/picture alliance

غزہ جنگ: صدر بائیڈن کے دور میں امن معاہدے کی کوششیں تیز تر

دوسری طرف امریکہ، قطر اور مصر کی جانب سے جنگ بندی تک پہنچنے کی کوششیں بھی گزشتہ کئی ماہ سے جاری ہیں۔ ان مذاکرات کے بارے میں معلومات رکھنے والے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کسی معاہدے تک پہنچنے کی اب تک کی سب سے سنجیدہ کوشش ہے۔

امریکی انتظامیہ نے صدر جو بائیڈن کے عہدہ چھوڑنے سے قبل معاہدے کو ممکن بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اسی سبب خطے میں بہت سے لوگ 20 جنوری کو نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کو اس حوالے سے ایک غیر سرکاری ڈیڈ لائن کے طور پر دیکھتے ہیں۔

مذاکرات کے بارے میں آگاہی رکھنے والے ایک ذریعے نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا، ''حالات پہلے سے کہیں بہتر ہیں لیکن ابھی تک کوئی معاہدہ نہیں ہوا ہے۔‘‘

خیال رہے کہ ابھی تک اس تنازعے کے دونوں فریق ایک دوسرے پر الزام عائد کرتے ہیں کہ وہ معاہدے کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرتے ہیں، جس کی وجہ سے ایک سال سے زیادہ عرصے سے امن کی تمام کوششوں ناکام ثابت ہوئی ہیں۔

یرغمالیوں کی رہائی کے لیے اسرائیل جنگ ختم کرے، حماس کا مطالبہ

منگل سات جنوری کو حماس نے اپنے اس مطالبے پر قائم رہنے کا اعادہ کیا کہ وہ باقی یرغمالی صرف اسی صورت میں رہا کرے گی، جب اسرائیل جنگ ختم کرنے اور غزہ سے اپنے تمام فوجیوں کو واپس بلانے پر رضامند ہو جائے گا۔ مگر اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت تک جنگ ختم نہیں کرے گا، جب تک حماس کا خاتمہ نہیں ہو جاتا اور تمام یرغمالیوں کو رہا نہیں کرا لیا جاتا۔

وزارت کے مطابق اس طرح اس فلسطینی علاقے میں سات اکتوبر 2023ء سے جاری جنگ کے نتیجے میں ہونے والی فلسطینی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 45,936 ہو گئی ہے۔تصویر: Saeed Jaras/Middle East Images/IMAGO

غزہ میں ہلاکتیں 46 ہزار کے قریب پہنچ گئیں، طبی حکام

غزہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی ملٹری کارروائیوں کے نتیجے میں غزہ پٹی میں مزید 51 افراد مارے گئے ہیں۔ حماس کے زیر انتظام کام کرنے والی اس وزارت کے مطابق اس طرح اس فلسطینی علاقے میں سات اکتوبر 2023ء سے جاری جنگ کے نتیجے میں ہونے والی فلسطینی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 45,936 ہو گئی ہے۔

اس وزارت کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی کم از کم تعداد 109,274 ہے۔

سات اکتوبر 2023ءکو فلسطینی عسکریت پسند گروپ نے اسرائیل کے اندر دہشت گردانہ حملے کیے تھے، جن کے نتیجے میں 1200 افراد مارے گئے تھے جبکہ 250 کے قریب افراد کو یرغمال بنا کر غزہ پٹی لے جایا گیا تھا۔ ان حملوں کے بعد اسرائیل نے غزہ میں حماس کے خلاف ملٹری کارروائی کا آغاز کیا تھا۔

غزہ کے بچے، بقا کی جدوجہد میں

02:21

This browser does not support the video element.

ا ب ا/ا ا (اے ایف پی، روئٹرز)    

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں