امریکہ نے پاکستانی تفتیش مسترد کر دی
24 جنوری 2012امریکی محکمہ دفاع پینٹا گون کے مطابق پاکستان کی تفتیش میں یہ حقیقت نظر انداز کی گئی ہے کہ دونوں جانب سے ’غلطیاں‘ ہوئیں۔
پینٹا گون کے ترجمان جان کربی نے پیر کو ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستانی فوج نے 26 نومبر کے حملوں سے متعلق رپورٹ کی جِلد ویک اینڈ پر باقاعدہ طور پر امریکہ کو دی ہے۔
کربی نے کہا: ’’یہ بیان کہ امریکی فورسز کی جانب سے حملہ غیراشتعال انگیز تھا، بالکل غلط ہے۔ یہ غیراشتعال انگیز حملہ نہیں تھا۔ دونوں جانب سے غلطیاں ہوئی تھیں۔‘‘
پاکستانی فوج نے پیر کو امریکہ کی جانب سے ان حملوں کی جزوی ذمہ داری پاکستان پر ڈالے جانے کو ’بلاجواز اور ناقابلِ قبول‘ قراردیا۔
فوج نے تفصیلی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستانی فورسز اپنی چوکیوں پر حملوں کی وجہ نہیں بنیں اور انہوں نے افغان یا امریکی فورسز پر فائرنگ نہیں کی۔ پاکستانی فوج نے کہا کہ اس کی فورسز نے مشتبہ شدت پسندوں پر فائرنگ کی تھی، جو کسی بھی طرح اتحادی فوجیوں کے قریب نہیں تھے۔
امریکہ نے اس حملے میں چوبیس پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت پر دُکھ کا اظہار کیا تھا۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا تھا کہ امریکی فوجیوں نے ’مناسب فورس‘ سے اپنے دفاع میں کارروائی کی۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان وکٹوریا نولینڈ کا کہنا ہے کہ واشنگٹن انتظامیہ چھبیس نومبر کے واقعے کے حوالے سے امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے کی گئی تفتیش پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا: ’’ہم نے پاکستانی حکومت اور پاکستانی فوج کو یہ پیش کش کی تھی کہ وہ ہماری تفتیش کا مکمل طور پر حصہ بن سکتے ہیں اور اپنے لوگوں کو ہماری ٹیم میں شامل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس میں شامل انہوں نے انکار کر دیا تھا۔‘‘
گزشتہ برس نومبر میں افغانستان کی سرحد سے ملحقہ علاقے میں پاکستانی فوجی چوکیوں پر نیٹو کے حملوں کے بعد امریکہ اور پاکستان کے تعلقات میں مزید کشیدگی آئی تھی۔
اس کے ردِ عمل میں پاکستان نے دسمبر میں جرمنی کے شہر بون میں افغانستان کے موضوع پر ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کا بائیکاٹ کیا جبکہ چھبیس نومبر کے ان حملوں کے فوراﹰ بعد نیٹو کا سپلائی رُوٹ بھی بند کر دیا تھا۔
رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے
ادارت: عدنان اسحاق