1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ: ٹیکساس کے تاریخی ہوٹل میں دھماکہ، متعدد افراد زخمی

9 جنوری 2024

ٹیکساس کے ایک تاریخی ہوٹل میں پیر کے روز ہونے والے دھماکے میں کم از کم اکیس افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں ایک کی حالت نازک ہے۔

USA Kriminalität l Schießerei in Jacksonville l Polizei
تصویر: -/AFP via Getty Images

فورٹ ورتھ میں واقعے اس ہوٹل میں ہونے والا دھماکہ اتنا شدید تھا کہ ایک پوری دیوار اور دروازے بیس منزلہ ہوٹل کے سامنے سڑک پر جاگرے۔ حکام کا کہناہے کہ بہت سے افراد تہہ خانے میں پھنس گئے تھے۔ پندرہ افراد کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جب کہ چھ دیگر کی حالت 'نیم نازک' ہے۔

حکام نے بتایا کہ یہ دھماکہ مشہور سینڈ مین سگنیچر ہوٹل میں ہوا۔ اس وقت ہوٹل کے دو درجن سے زیادہ کمروں میں مہمان موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے خیال میں یہ دھماکہ گیس کے اخراج کی وجہ سے ہوا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہوٹل میں مرمت کا کام چل رہا تھا اور ایک ریستوراں بھی زیر تعمیرتھا۔

ہوٹل میں کام کرنے والے ایک شخص چارلی کولیر نے خبر رساں ایجنسی اے پی کو بتایا کہ "وہاں ملبہ پڑا تھا، انسولیشن کے سامان بکھرے تھے، آفس کے فرنیچر بھی تھے۔وہ قریب ہی اپنا کام کررہا تھا کہ روشنی کی ایک بڑی چمک دکھائی دی اور پھر اس کے بعد ایک زور دار دھماکہ ہوا۔"

ٹیکساس کے ڈیری فارم میں خوفناک دھماکا، اٹھارہ ہزار مویشی ہلاک

انہوں نے مزید بتایا کہ دھماکے کی وجہ سے عمارت کی پہلی دو منزلوں میں موجود ہر چیز اڑ گئی۔

ہم مزید کیا جانتے ہیں؟

سینڈ مین سگنیچر ہوٹل شہر کے مصروف ترین علاقے میں فورٹ ورتھ کنونشن سینٹر کے قریب ہی واقع ہے۔

واقعے کی فوٹیج میں آگ بجھانے والے عملے کو ملبے کے ڈھیر اور ٹوٹے ہوئے شیشے کے ٹکڑوں نیز دھاتوں کے مڑے ہوئے سلاخوں کے درمیان سے اپنا راستہ بنانے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ حکام نے لوگوں نے علاقے میں جانے سے منع کردیا ہے۔

فائر بریگیڈ محکمہ کے ترجمان کریگ روجیک نے بتایا کہ عمارت میں ایک ریستوراں زیر تعمیر اور ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ دھماکہ کہاں ہوا۔

ریبیکا مارٹنز نامی خاتون، جو جائے حادثہ کے پاس موجود تھیں، نے کہا کہ انہوں نے ایک زور دار آواز سنی اور پھر سڑکوں پر ملبے او ردھول کی دیوار بنتے دیکھا۔

امریکہ: گیس پلانٹ میں دھماکہ، پانچ افراد ہلاک

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے دیکھا کہ ایک شخص خون میں لت پت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ،"مجھے گیس کی بو محسوس ہوئی اور میں نے سوچھا مجھے یہاں سے بھاگ جانا چاہئے۔"

انہوں نے بتایا کہ کچھ دیر بعد ہی حکام نے اس عمارت اور آس پاس کے کچھ علاقے کو خالی کر دیا۔

ڈلاس میں واقع قدرتی گیس کی تقسیم کار ایٹموس انرجی کے ماہرین نے دھماکے کی جگہ کا معائنہ کیا ہے۔

ٹیکساس کے ریل روڈ کمیشن کے ترجمان نے بتایا کہ ایجنسی کا انسپکٹر جائے وقوعہ پر ہے اور مقامی حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔

حکام اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ دھماکہ کیسے اور کیوں ہواتصویر: ZOOM.TIROL/APA/AFP

ہوٹل مالکان کا بیان

یہ ہوٹل کینیڈا کی کمپنی نارتھ لینڈ پراپرٹیز کی ملکیت ہے۔ کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ وہ حکام کے ساتھ مل کر اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ دھماکہ کیسے اور کیوں ہوا اور اس سے کتنا نقصان ہوا۔

کمپنی نے کہا، "ہماری ٹیم کے ارکان اور مہمانوں کی حفاظت اور بہبود ہماری ترجیح ہے۔ "ہم ان لوگوں کے ساتھ کام کررہے ہیں جو اس وقت زخمیوں کی مدد کے لیے کام کررہے ہیں۔

ہوٹل کی ویب سائٹ کے مطابق اسے 1920میں واگنر بلڈنگ کے نام سے بنایا گیا تھا۔ اس میں 245کمرے ہیں۔ یہ 1979سے تاریخی مقامات کے قومی رجسٹر میں درج ہے۔

 ج ا/ ص ز(اے پی)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں