امریکہ پاکستان کو لیزرگائیڈڈ میزائل دے گا
3 مارچ 2010منگل کے روز امریکی فضائیہ کے ترجمان لیفٹینٹ کرنل جیفری گلین نے اس منصوبے کا اعلان کیا۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ پاکستان کو ایک ہزار ایم کے 82 بم دیے گئے تھے۔ ان ہتھیاروں کی پاکستان منتقلی عسکریت پسندوں کے خلاف پاکستانی فوج کو مضبوط کرنے کی امریکی پالیسی کا حصہ ہے۔
امریکی فضائیہ کے سیکریٹری مائیکل ڈونلے کے مطابق انتہا پسندوں کے خلاف کارروائیوں میں پاکستانی ائیر فورس اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگجوؤں کے خلاف پاکستان فوج کے موثر آپریشنز جاری ہیں اور اس کی صلاحیتوں میں اضافے کی ضرورت ہے، جسے ان ہتھیاروں سے پورا کیا جا رہا ہے۔
پاکستانی فضائیہ کے سربراہ نے گزشتہ برس واشنگٹن کا دورہ کیا تھا اور امریکہ سے فوجی امداد طلب کی تھی۔ ڈونلے کے مطابق ایم کے 82 بموں میں سے ہر ایک پانچ سو پاؤنڈ وزنی ہے۔
امریکہ فضائیہ کے ترجمان جیفری گلین کے مطابق ان بموں کے علاوہ رواں برس جون میں رات میں دیکھنے کی صلاحیت سے لیس اٹھارہ F-16 طیارے بھی اسلام آباد کے حوالے کئے جائیں گے۔
ہتھیاروں کی اس ڈیل کی تصدیق ایک ایسے دن سامنے آئی ہے، جب پاکستانی فوج نے قبائلی علاقے باجوڑ میں طالبان کے مضبوط گڑھ سمجھے جانے والے علاقے ڈمہ ڈولہ کا کنٹرول سنبھالنے کا دعویٰ کیا ہے۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : عدنان اسحاق