1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستشمالی امریکہ

امریکہ کا روسی میڈیا پر انتخابات میں مداخلت کا الزام

5 ستمبر 2024

امریکہ نے روس پر الزام لگایا ہے کہ وہ صدارتی انتخابات سے قبل غلط معلومات پھیلانے کے لیے اپنے سرکاری میڈیا کا استعمال کر رہا ہے۔ واشنگٹن نے ميڈیا ادارے آر ٹی کے چیف ایڈیٹر سمیت متعدد افراد پر پابندیاں بھی عائد کر دی ہیں۔

آر ٹی لوگوآر ٹی لوگوآر ٹی لوگو
آر ٹی نے ان امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپنے ایک رد عمل میں کہا یہ بارہا دہرائی گئی ایسی بکواس ہے کہ توجہ دینے لائق نہیں ہےتصویر: Jaap Arriens/ZUMA Press/IMAGO

امریکی محکمہ خزانہ نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ نومبر میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں مداخلت کرنے کی وجہ سے حکومت نے کئی روسی افراد اور اداروں پر "نقصان دہ اثر و رسوخ کی کوششوں" کی بنا پر پابندیاں عائد کی ہیں۔

محکمہ خزانہ کی طرف سے جن 10 افراد اور دو روسی اداروں پر پابندی عائد کی گئی ہے، اس میں آر ٹی میڈیا ادارے کی چیف ایڈیٹر مارگریٹا سائمونیان اور نیٹ ورک کی ڈپٹی ایڈیٹر انچیف الیزاویٹا بروڈسکیا شامل ہیں۔

روس نے بیلگورود میں بھی ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کر دیا

محکمہ خزانہ کی سکریٹری جینیٹ ییلن نے کہا، "آج کی کارروائی ریاست کی سرپرستی میں کام کرنے والے اہلکاروں کو ان سرگرمیوں کے لیے جوابدہ ٹھہرانے کے لیے امریکی حکومت کی جانب سے جاری کوششوں کی نشاندہی کرتی ہے، جن کا مقصد ہمارے اداروں پر عوامی اعتماد کو خراب کرنا ہے۔"

ایرانی ہیکرز انتخابات سے قبل امریکی عہدیداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں، مائیکرو سافٹ

امریکی محکمہ خزانہ نے کہا کہ سائمونیان اور اس نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد نے امریکی رائے عامہ کو متاثر کرنے اور کریملن کی حمایت والے پیغامات پھیلانے کے لیے خفیہ طور پر سوشل میڈیا پر اثرانداز ہونے والوں کو بھرتی کیا۔

امریکہ اور روس کے مابین قیدیوں کا تاریخی تبادلہ مکمل

اٹارنی جنرل میرک بی گارلینڈ کا کہنا ہے کہ روس میں مقیم آر ٹی کے دو ملازمین پر منی لانڈرنگ اور غیر ملکی ایجنٹوں کے رجسٹریشن ایکٹ کی خلاف ورزی کے الزام میں نیویارک میں فرد جرم عائد کی گئی ہے۔ 

گارلینڈ نے بتایا کہ ان پر ٹینیسی میں مقیم ایک کمپنی کو "روسی حکومت کے لیے سازگار سمجھے جانے والے مواد کو پھیلانے کے لیے" فنڈز فراہم کرنے کا الزام ہے۔ ان افراد نے امریکہ میں مقیم سوشل میڈیا پر اثرانداز ہونے والوں کے ساتھ "امریکہ میں تقسیم کو بڑھانے میں روس کی دلچسپی کے مطابق" مواد شیئر کرنے کا بھی معاہدہ کیا تھا۔

اگر امریکہ نے جرمنی میں میزائل نصب کیے تو جوابی کارروائی ہو گی، روس

محکمہ انصاف کے مطابق ٹینیسی کی کمپنی نے امیگریشن اور افراط زر جیسے موضوعات پر تقریباً 2,000 ویڈیوز تیار کی ہیں، جنہیں گزشتہ نومبر سے یوٹیوب پر 16 ملین بار دیکھا جا چکا ہے۔

مارگریٹا سائمونیانمارگریٹا سائمونیان
امریکی محکمہ خزانہ کی طرف سے جن 10 افراد اور دو روسی اداروں پر پابندی عائد کی گئی ہے، اس میں آر ٹی میڈیا ادارے کی چیف ایڈیٹر مارگریٹا سائمونیان بھی شامل ہیںتصویر: ITAR-TASS/IMAGO IMAGES

امریکہ میں 32 ڈومینز بند کرنے کا حکم

اس دوران امریکی محکمہ انصاف نے ان 32 ڈومینز کو بند کرنے کا بھی حکم دیا ہے جو "روسی حکومت کی ہدایت پر غیر ملکی نقصان دہ اثر و رسوخ والی مہموں کے لیے استعمال کی جا رہی تھیں۔"

گارلینڈ نے کہا کہ "(روسی) صدر ولادیمیر پوٹن کے اندرونی حلقوں نے روس کی پبلک ریلیشن کمپنیوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ رواں برس کے امریکی صدارتی انتخابات پر اثرانداز ہونے کی مہم کے حصے کے طور پر غلط معلومات اور حکومت کی سرپرستی والے بیانات کو فروغ دیں۔"

یہ ’ملٹی پولر‘ دنیا کیا ہے؟

گارلینڈ نے مزید کہا، "آج ہم جن ویب سائٹس کو بند کر رہے ہیں وہ سب روسی حکومت کے پروپیگنڈے سے بھری ہوئی ہیں، جو کریملن نے یوکرین کے لیے بین الاقوامی حمایت کو کم کرنے، روس نواز پالیسیوں اور مفادات کو تقویت دینے، امریکہ اور دیگر ممالک کے ووٹروں کو متاثر کرنے کے لیے تیار کی گئی تھیں۔"

روس کی جیلوں میں قید امریکی شہری کون ہیں؟

ادھر آر ٹی نے ان امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپنے ایک رد عمل میں کہا یہ بارہا دہرائی گئی ایسی بکواس ہے کہ توجہ دینے لائق نہیں ہے۔

'پوٹن آر ٹی کے اقدامات سے آگاہ تھے'

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ روسی صدر پوٹن امریکی صدارتی انتخابات پر اثرانداز ہونے کے لیے روس کے سرکاری آر ٹی نیٹ ورک کی کارروائیوں سے اچھی طرح آگاہ تھے۔ 

قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ "ہمیں یقین ہے کہ مسٹر پوٹن ان سرگرمیوں اور آر ٹی کی کارروائیوں سے واقف تھے۔"

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب امریکی حکام نے ماسکو پر انتخابی مداخلت کا الزام لگایا ہو۔ امریکی انٹیلیجنس ایجنسیوں کی ایک رپورٹ کے مطابق روس نے سن 2020 کے صدارتی انتخابات کے دوران بھی ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں اثرانداز ہونے کی کوشش کی تھی۔

سن 2016 کے الیکشن میں بھی امریکی سکیورٹی حکام کو یقین تھا کہ روس نے ٹرمپ کے حق میں مداخلت کی۔ بعد میں ایک خصوصی وکیل نے روس اور ٹرمپ کی ٹیم کے درمیان ممکنہ غیر قانونی ملی بھگت کی تحقیقات بھی کی تھیں، تاہم انہیں اس حوالے سے ناکافی ثبوت ملے۔

ص ز/ ج ا (اے پی، اے ایف پی، ڈي پی اے، روئٹرز)

پوٹن کا دورہ چین، سیاق و سباق کیا ہیں؟

02:17

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں