1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستامریکہ

امریکہ کا ’’نارکو ٹیررسٹس‘ کے خلاف فوجی آپریشن کا اعلان

جاوید اختر روئٹرز، ڈی پی اے کے ساتھ
14 نومبر 2025

امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے مطابق امریکہ ’سدرن اسپیئر‘ نامی ایک فوجی آپریشن شروع کر رہا ہے، جس کا مقصد مغربی نصف کرہ میں موجود ’نارکو ٹیررسٹس‘ یعنی منشیات کے سوداگروں کو نشانہ بنانا ہے۔

امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ
امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ اس آپریشن کا مقصد ملک کو ان منشیات سے محفوظ کرنا ہے جو امریکیوں کی جان لے رہی ہیںتصویر: Eugene Hoshiko/SIPA/picture alliance

امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے اعلان کیا کہ ایک نیا امریکی فوجی آپریشن مغربی نصف کرہ میں منشیات سے منسلک دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کے لیے شروع کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے جمعرات کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہا، ''آج میں آپریشن 'سدرن اسپیئر‘ کا اعلان کر رہا ہوں۔‘‘

انہوں نے لکھا، ''جوائنٹ ٹاسک فورس سدرن اسپیئر اور سدرن کمانڈ کی قیادت میں یہ مشن ہمارے وطن کا دفاع کرتا ہے، ہمارے نصف کرہ سے نارکو ٹیرارسٹس کا خاتمہ کرتا ہے، اور ہمارے لوگوں کو مارنے والی منشیات سے وطن کو محفوظ بناتا ہے۔‘‘

سدرن کمانڈ امریکی فوج کی گیارہ متحدہ کمانڈز میں سے ایک ہے، جو وسطی امریکا، جنوبی امریکا اور کیریبین کے 31 ممالک میں آپریشنز، سکیورٹی تعاون اور ہنگامی منصوبہ بندی کی ذمہ داری نبھاتی ہے۔

یورپی یونین کی بندرگاہوں کی منشیات کی اسمگلنگ روکنے کی کوشش

02:10

This browser does not support the video element.

منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف امریکی مہم

گزشتہ ہفتے دنیا کے سب سے بڑے طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ کیریبین اور لاطینی امریکہ کے پانیوں میں پہنچا، جس سے اس خطے میں پہلے سے موجود وسیع امریکی بحری طاقت میں مزید اضافہ ہو گیا۔

واشنگٹن کا کہنا ہے کہ خطے میں اس کی فوجی موجودگی کا مقصد سرحد پار سرگرم جرائم پیشہ گروہوں کو روکنا اور امریکہ کو غیرقانونی منشیات سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔

منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف اپنی مہم کے حصے کے طور پر امریکہ نے کیریبین اور مشرقی بحرالکاہل میں متعدد کشتیوں پر فوجی حملے کیے ہیں، جنہیں وہ 'ڈرگ بوٹس‘ قرار دیتا ہے۔ ان حملوں میں درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

وینیزویلا کے صدر نکولس مادورو نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ ایک نئی جنگ کا بہانہ تیار کر رہا ہےتصویر: Jesus Vargas/AP Photo/picture alliance

مادورو کا دعویٰ: امریکہ 'جنگ کا بہانہ تیار کر رہا ہے‘

امریکی کارروائی سے خطے میں، خاص طور پر وینیزویلا کے ساتھ کشیدگی بڑھ گئی ہے۔

واشنگٹن کا دعویٰ ہے کہ اسمگلروں کے وینیزویلا کے صدر نکولس مادورو سے روابط ہیں۔

مادورو نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے الٹا دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ ''ایک نئی جنگ کا بہانہ تیار کر رہا ہے۔‘‘

ان کا الزام ہے کہ امریکی فوجی سرگرمیوں کا مقصد انہیں اقتدار سے ہٹانا ہے

مادورو کے مطابق خطے میں امریکہ کی بحری تعیناتی ''گزشتہ 100 برسوں میں ہمارے براعظم کے سامنے آنے والا سب سے بڑا خطرہ ہے۔‘‘

ادارت: صلاح الدین زین

جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں