امریکہ کی دریافت: ہلاکتوں، نسل کشی اور ترقی کا راستہ
14 فروری 2026
امریکہ کی دریافت نے تاریخ عالم پر دور رس نتائج مرتب کیے۔ مغربی مفکرین کے خیال میں اس دریافت سے تعمیر و ترقی، سائنس و ٹیکنالوجی اور صنعت و حرفت کے میدان میں ترقی کے راستے کھلے۔
لیکن کئی ناقدین کے مطابق یہ دریافت وہاں کے مقامی اور افریقی لوگوں کے لیے نسل کشی، غلامی، جبری مشقت، جنگ، بیماریوں اور ہلاکتوں کا پیش خیمہ ثابت ہوئی۔ اس دریافت نے لاکھوں یورپی عوام کو بھی نیم غلامانہ روزگار سے نوازا جب کہ اس کی وجہ سے تاریخ عالم میں انسانیت کی ایک بڑی ہجرت بھی ہوئی، جس نے جنوبی، شمالی اور وسطی امریکہ کا جغرافیہ، تاریخ، سیاست اور ثقافت سب کو متاثر کیا۔
نئی دنیا میں ہلاکتیں
مورخین میں اس بات پہ اختلاف رائے ہے کہ سن چودہ سو بانوے میں اس دریافت شدہ خطے کی آبادی کتنی تھی۔ کچھ مورخین کا دعویٰ ہے کہ یہ صرف آٹھ ملین کے قریب تھی لیکن کچھ اس کو 70 سے 100 ملین کے قریب بتاتے ہیں۔ کچھ نوے ملین سے ایک سو بارہ اعشاریہ پانچ ملین بتاتے ہیں۔ اور کچھ کے خیال میں یہ 120 ملین سے 145 ملین کے قریب تھی۔
بالکل اسی طرح اس بات پر بھی اختلاف ہے کہ دریافت شدہ دنیا میں کتنے بڑے پیمانے پر لوگوں کی ہلاکتیں ہوئیں۔ کچھ مورخین کا دعویٰ ہے کہ اس نئی دنیا کی دریافت کے بعد پانچ صدیوں میں تقریباﹰ ایک سو ملین لوگ نسل کشی، جنگوں، بیماریوں اور دوسرے عوامل کی وجہ سے ہلاکتوں کا شکار ہوئے۔
کچھ کے مطابق سن چودہ سو بانوے اور سولہ سو پچاس کے درمیان اس نئی دنیا کی پچاس ملین سے بھی زیادہ آبادی صرف پانچ ملین تک رہ گئی۔
کئی مورخین ایک ہسپانوی مسیحی مذہبی رہنما کی تحریروں کا حوالہ دیتے ہیں، جس کا دعویٰ ہے کہ کولمبس کی آمد کے کچھ ہی عشروں میں صرف ہسپینولیہ میں تیس لاکھ کے قریب لوگ ہلاک ہوئے۔ کچھ مورخین کا دعویٰ ہے کہ صرف میکسیکو، پیرو، چلی اور وسطی امریکہ میں سن پندرہ سو ساٹھ تک چالیس ملین یعنی چار کروڑ لوگ جنگ، نسل کشی، بیماریوں اور دوسرے عوامل کی وجہ سے ہلاک ہوگئے تھے۔
کچھ تحقیقاتی مقالات کے مطابق نئی دنیا پر قبضے کی وجہ سے کم از کم چھپن ملین لوگوں کی ہلاکتیں ہوئیں اور پچپن ملین ہیکٹر زمین نو آبادیاتی پالیسیوں کی وجہ سے ناقابل استعمال ہوئی۔ یہ ہلاکتیں سن سولہ سوتک ہوئیں۔
نئی دنیا اور افریقہ پر عذاب
نئی دنیا کی دریافت کی وجہ سے نہ صرف بارہ ملین سیاہ فام افریقی باشندوں کو غلام بنا کر دربدر کیا گیا بلکہ ہلاکتوں کے لحاظ سے بھی اس دریافت نے خطے کو بہت متاثر کیا۔ امریکی مورخ ہاورڈ زن کے مطابق غلامی اور لوگوں کی جبری منتقلی کی وجہ سے افریقہ میں تقریباﹰ پچاس ملین ہلاکتیں ہوئیں۔
کئی مورخین افریقہ کی پسماندگی کو آج بھی غلامی اور آبادی کی جبری منتقلی سے جوڑتے ہیں۔
غلاموں کی تجارت میں تیزی
سن چودہ سو بانوے میں کرسٹوفر کولمبس کی جانب سے امریکہ کی دریافت سے پہلے ہی سن چودہ سو پندرہ میں پرتگالیوں نے افریقہ اور دنیا کے دوسرے ممالک کو دریافت کرنا شروع کر دیا تھا اور انہوں نے غلاموں کی تجارت بھی شروع کردی تھی۔
مورخین کا دعوی ہے کہ سن چودہ سو پندرہ سے لے کر سن سولہ سو تک پرتگالی تقریباﹰ ایک لاکھ 75 ہزار غلاموں کو یورپ اور امریکہ لے کر آئے۔ تاہم اس تجارت میں مزید تیزی دریافت کے بعد آئی۔
زیادہ تر مورخین کا اتفاق ہے کہ سن سولہ سو چالیس سے لے کر سن اٹھارہ سو سات تک تقریباﹰ بارہ ملین افریقی انسانوں کو غلاموں کے طور پر لایا گیا، جس میں چونتیس لاکھ کو صرف برطانوی جہازوں کے ذریعے لایا گیا۔
خیال کیا جاتا ہے کہ 90 فیصد افریقی غلاموں کو وسطی امریکہ اور کیریبین بھیجا گیا اور چھ فیصد کو برطانوی شمالی امریکہ میں بھیجا گیا۔ بحیرہ اوقیانوس کے ذریعے ہونے والی اس غلاموں کی تجارت کے بارہ فیصد مسافر اپنی منزل پر پہنچنے سے پہلے ہی موت کی آغوش میں چلے گئے۔
لوٹ مار اور خوشحالی
یورپ کے لیے اس دریافت سے مالی خوشحالی کے دروازے کھلنے شروع ہوئے۔ اس دریافت کے کچھ ہی عشروں میں پرتگال اور اسپین عالمی طاقتوں کے طور پر ابھرے، جنہوں نے نئی دریافت شدہ دنیا سے نہ صرف بڑے پیمانے پر سونا، چاندی لوٹا بلکہ بڑے پیمانے پر غلاموں کی تجارت بھی کی۔ اس دوران ازٹک، اینکا اور مایا سلطنتوں کو بھی ختم کیا گیا جبکہ نو سو سے زائد مقامی زبانوں کو صفحہ ہستی سے مٹایا گیا۔ دنیا کے درجنوں مذاہب کی جگہ مسیحیت نے لے لی۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ اس لوٹ مار میں بعد میں ہالینڈ، برطانیہ اور فرانس بھی کود پڑے اور بڑی طاقتوں کے طور پر ابھرے۔
فرانس، برطانیہ اور دوسرے یورپی ممالک نے نہ صرف ان ہسپانوی اور پرتگالی تجارتی جہازوں کو لوٹا جو سونا، چاندی اور دوسرے معدنی ذخائر لے کر یورپ کا رخ کرتے تھے بلکہ بعد میں نو دریافت شدہ دنیا میں خود بھی کالونیاں بنائیں، جس سے ان کو بے تحاشہ فائدہ ہوا۔
نیا خطہ اور قبضہ مافیا
اسپین نے زیادہ تر جنوبی اور وسطی امریکہ کے علاوہ شمالی امریکہ کے کچھ علاقوں پر قبضہ کیا۔ پرتگال نے ایک طرف برازیل جیسے وسیع ملک اور جنوبی اوروسطی امریکہ کے کچھ علاقوں پہ قبضہ کیا جبکہ دوسری طرف شمالی امریکہ میں کینیڈا کے کچھ علاقوں پہ بھی وہ قابض ہوا۔ برطانیہ اور فرانس نے نہ صرف یہ کہ شمالی امریکہ کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کیا بلکہ انہوں نے خطے کے دوسرے علاقوں پر بھی یا تو قبضہ کیا یا ان پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران ان ممالک میں جنگیں اور لڑائیاں بھی ہوئیں۔
امریکہ کی دریافت کو تاریخ عالم انسانیت کا اہم واقعہ اس لیے قرار دیا جاتا ہے کہ اس نے ایک طرف پچاس ملین سے زیادہ افراد کی ہلاکتوں کا راستہ ہموار کیا، تو دوسری طرف نئی دریافت شدہ دنیا میں نو سو سے زیادہ زبانوں کی تباہی و بربادی ہوئی جبکہ ان کی ثقافتوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا گیا لیکن یورپ کو اس دریافت سے مالی طور پر بہت فائدہ ہوا آلو، مکئی سمیت یورپ کو کئی نئی فصلوں کی دستیابی میسر آئی۔ آلو کی وجہ سے یورپی اقوام کے کھانوں میں کاربوہائیڈریٹ کا مزید اضافہ ہوا، جس سے شرح زندگی بہتر ہوئی۔
چینی، کپاس، کافی اور تمباکو کی وجہ سے بھی یورپی تجارت کو بہت فائدہ ہوا۔ ہاروڈ زن کے مطابق یورپ اور امریکہ میں صنعت کاری کھیتیوں یا پلانٹیشنز کے بغیر ممکن نہیں تھی اور پلانٹیشنز غلامی کے بغیر ناممکن تھیں۔
جہاز رانی، اسٹاک ایکسچینج، انشورنس، یہاں تک کہ یورپ میں صنعتی انقلاب کی ڈوریں بھی امریکہ کی دریافت اور غلامی کے نظام سے ملائی جاتیں ہیں۔
نئی دنیا کے نوآبادتی نظام کا دفاع
اس نو آبادیاتی نظام کا دفاع کرنے والے کہتے ہیں کہ یورپ نے ان پسماندہ علاقوں کے لیے تعمیر و ترقی کے راستے کھولے سائنس اور ٹیکنالوجی کو فروغ دیا۔ تجارت اپنے عروج پر پہنچی خطے کے کئی علاقوں کو توہم پرستی سے نجات دلائی گئی۔ انسانی قربانی پر پابندی لگائی گئی اور اگر امریکہ دریافت نہیں کیا گیا ہوتا تو جدید دنیا ترقی کے منازل کبھی بھی طے نہیں کر پاتی۔
نوٹ: ڈی ڈبلیو اردو کے کسی بھی بلاگ، تبصرے، کالم یا ایسے کسی مضمون میں ظاہر کی گئی رائے مصنف یا مصنفہ کی ذاتی رائے ہوتی ہے، جس سے متفق ہونا ڈی ڈبلیو کے لیے قطعاﹰ ضروری نہیں ہے۔
ادارت: شکور رحیم