امریکی انتخابات: بائیڈن اور راین آمنے سامنے
12 اکتوبر 2012
اس مباحثے کے دوران موجودہ نائب صدر جو بائیڈن اُس نقصان کو پورا کرنے کی کوشش کرتے نظر آئے، جو ری پبلکن صدارتی امیدوار مِٹ رومنی کے ساتھ مباحثے کے دوران صدر باراک اوباما کی خراب کارکردگی سے پہنچا تھا۔ دوسری طرف نائب صدارت کے لیے ری پبلکن پارٹی کے امیدوار پال راین کی کوشش یہ ثابت کرنا تھا کہ وہ ہر اعتبار سے بائیڈن کے ہم پلہ ہیں۔
مباحثے کے اختتام پر دونوں فریق مطمئن تھے۔ صدر اوباما نے کہا کہ اُن کے نائب جو بائیڈن کی کارکردگی ’شاندار‘ رہی اور بائیڈن بھرپور طریقے سے یہ بات نمایاں کرنے میں کامیاب رہے کہ اب امریکا کے درمیانے طبقے کی مالی حالت بہتر ہے۔
امریکی ریاست کینٹکی کے شہر ڈینول کے سینٹر کالج میں 90 منٹ تک جاری رہنے والے اس مباحثے میں 69 سالہ بائیڈن کا طرزِ استدلال جارحانہ تھا، اُنہوں نے کئی مرتبہ راین کی بات کاٹتے ہوئے اعداد و شمار کی روشنی میں اپنے حریف کے موقف کو رَد کیا اور یہ بھی ظاہر کیا، گویا وہ اس مباحثے کا لطف لے رہے ہوں۔ جواب میں 42 سالہ راین نے بھی بھرپور طریقے سے اور باقاعدہ اعداد و شمار کا حوالہ دے کر اپنا موقف پیش کیا اور بائیڈن کو یہ تک بھی کہہ دیا کہ اُن پر اصل میں بارک اوباما کی خراب کارکردگی کو اس مباحثے کے ذریعے بہتر کرنے کا دباؤ ہے۔
لیبیا میں امریکی سفارت خانے پر حملے کے سلسلے میں بائیڈن نے راین کے بیان کردہ موقف کو ’لغو‘ قرار دیا اور ایران کے معاملے میں بھی اوباما انتظامیہ کی کارکردگی کا یہ کہہ کر دفاع کیا کہ ایران جتنا الگ تھلگ اور تنہا آج ہو چکا ہے، چار سال پہلے نہیں تھا۔
قومی سیاست میں معیشت، بیروزگاری اور ٹیکسوں کی پالیسیوں کے ساتھ ساتھ اسقاط حمل کا موضوع بھی زیر بحث آیا۔ بائیڈن نے اسقاط حمل کی حمایت کی جبکہ راین کا کہنا تھا کہ اس کی اجازت محض استثنائی صورتوں میں ہی ہونی چاہیے۔
اس مباحثے پر، جس میں قومی سیاست کے ساتھ ساتھ خارجہ سیاسی معاملات پر بھی بات کی گئی، عوامی رد عمل ملا جلا تھا۔ امریکی ٹی وی چینل CNN کے ایک سروے کے مطابق 48 فیصد نے اس مباحثے کا فاتح پال راین کو جبکہ 44 فیصد نے جو بائیڈن کو قرار دیا۔
ری پبلکن پارٹی کے نمائندے بھی اس مباحثے میں اپنے امیدوار پال راین کی کارکردگی کی تعریف کر رہے ہیں۔ ایوان نمائندگان کے ترجمان جان بوہنر نے کہا: ’’نومبر میں امریکیوں کو ایک اہم فیصلے کا سامنا ہے اور پال راین نے ایک ایسی پھلتی پھولتی معیشت کا واضح تصور پیش کیا ہے، جس میں نجی شعبے میں ملازمت کے مواقع پیدا کیے جائیں گے اور ہر ایک کے لیے روزگار کے امکانات ہوں گے۔‘‘
C.Bergmann/aa/mm