1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی ایلچی سے طالبان کمانڈروں کی ملاقات

27 جولائی 2018

ایسی رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ قطر میں امریکا کی خصوصی خاتون سفیر کے ساتھ طالبان کے نمائندوں نے ملاقات کی ہے۔ ایسی ہی ایک اور ملاقات رواں مہینے کے اختتام پر ہونے کا امکان ہے۔

Symbolbild Waffenstillstand mit den Taliban in Afghanistan
تصویر: picture alliance/Photoshot/J. Harper

امریکا کے معتبر جریدے وال اسٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا ہے کہ جنوبی ایشیا کے لیے امریکی مندوب ایلس ویلز نے طالبان کے نمائندوں سے ملاقات کی ہے۔ امریکی جریدے نے رواں ہفتے کے دوران ہونے والی اس اہم ملاقات کو ذمہ دار سفارتی حلقے کے توسط سے شائع کیا ہے۔

طالبان کی اعلیٰ قیادت کی حامل کونسل جو کوئٹہ شوریٰ کے نام سے مشہور ہے، کے ایک رکن نے بھی نام مخفی رکھنے کی شرط پر اس ملاقات کی تصدیق کی ہے۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق طالبان کے نمائندوں سے امریکی ایلچی کی ملاقات قطری دارالحکومت دوحہ میں ہوئی ہے۔

ایجنسی فرانس پریس کو طالبان کے نمائندے نے بتایا ہے کہ مذاکرات میں ایک خاتون ضرور شامل تھی۔ تاہم اس کمانڈر نے اس خاتون کا نام نہیں بتایا۔ وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق امریکی ایلچی اور طالبان کمانڈروں کے درمیان دوحہ میں ہونے والی یہ پہلی ملاقات بنیادی طور پر فریقین میں اعتماد سازی کے حوالے سے تھی۔

ایلس ویلز امریکی وزارت خارجہ کے شعبہٴ جنوبی و وسطی ایشیائی امور میں تعینات ہیں اور ایک سینیئر اہلکار ہیںتصویر: picture-alliance/AP Photo/R. Adayleh

امریکی وزارت خارجہ نے وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کی باضابطہ طور پر تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔ یہ ملاقات رواں ہفتے کے دوران پیر تیئیس جولائی کو خلیجی ریاست قطر کے دارالحکومت میں ہوئی تھی۔ یہ البتہ بتایا گیا کہ ایلس ویلز قطر ضرور گئی ہوئی ہیں اور وہاں قطری حکومت کے اعلیٰ اہلکاروں سے ملاقاتوں میں مصروف ہیں۔

قطر میں ایلس ویلز کی ملاقاتوں کے حوالے سے امریکی وزارت خارجہ کا بیان بھی سامنے آیا ہے اور اس میں کہا گیا کہ سفیر ایلس ویلز قطری حکومت کی اُن کوششوں کا خیرمقدم کرتی ہے جن کا تعلق افغانستان کے حوالے سے ہے اور یہ یقینی طور پر انتہائی تعمیری سلسلہ ہے۔ انہوں نے افغان تنازعے کے پُرامن حل میں امریکی حکومت کے ساتھ قطر کی معاونت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ امریکی نمائندے اور طالبان کے درمیان ایسی ایک اور ملاقات رواں مہینے کے اختتام یعنی اکتیس جولائی کو ہو سکتی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ طالبان براہ راست امریکا کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے پر اصرار کرتے رہے ہیں۔ ایلس ویلز امریکی وزارت خارجہ کے شعبہٴ جنوبی و وسطی ایشیائی امور میں تعینات ہیں اور ایک سینیئر اہلکار ہیں۔

’پاکستان اب طالبان پر اثر و رسوخ کھو چکا ہے‘

04:27

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں