امریکی ’بلیک لسٹ‘ سے نکلنے پر کیوبا خوش
15 اپریل 2015
ہوانا حکومت اور کیوبا کے عام شہریوں نے امریکی صدر باراک اوباما کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’’اوباما نے دہائیوں پرانی توہین کو قومی وقار میں بدل دیا ہے۔‘‘ اس طرح ان دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے مابین حائل تمام رکاوٹیں بھی دور ہو گئی ہیں۔ کیوبا کی امریکی امور کی اعلیٰ سفارت کار جوزیفینا ویڈال نے کہا:’’حکومت امریکی صدر کے کیوبا کو ایک ایسی فہرست سے نکالنے کے اعلان کو تہ دل سے سراہتی ہے، جس میں اُسے شامل ہی نہیں کیا جانا چاہیے تھا‘‘۔
کیوبا اور امریکی خارجہ امور کے ماہرین کے مطابق دونوں ممالک کے مابین گزشتہ چار ماہ سے جاری مذاکراتی سلسلہ کافی پیچیدہ اور کبھی کبھی مایوسی کا بھی شکار رہا ہے۔ تاہم اب ایسا معلوم ہوتا ہے کہ دونوں حکومتوں نے سفارتی روابط معمول پر لانے کے لیے ایک بڑی چھلانگ لگائی ہے۔
ہوانا یونیورسٹی میں شعبہٴ سیاسیات کے پروفیسر ایستیبان مورالیس کہتے ہیں کہ یہ ایک اہم فیصلہ ہے اور اس سے واضح ہوتا ہے کہ اوباما معاملات میں پیش رفت چاہتے ہیں۔ ان کے بقول اس اعلان کے بعد اب کوئی ایسی سیاسی، انتظامی یا تکنیکی مشکلات باقی نہیں رہی ہیں، جنہیں حل کیا جانا ضروری ہو۔
منگل کو امریکی کانگریس کے نام اپنے ایک پیغام میں باراک اوباما نے کہا کہ کیوبا کی حکومت نے گزشتہ چھ ماہ سے زائد کے عرصے میں بین الاقوامی سطح پر جاری دہشت گردی میں کسی قسم کا کوئی تعاون نہیں کیا ہے اور ہوانا حکام نے مستقبل میں ایسا نہ کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔ کانگریس کے نام اوباما کے اس پیغام کے 45 دن بعد کیوبا کو دہشت گردی میں تعاون کرنے والے ممالک کی فہرست سے خارج کر دیا جائے گا۔ ارکان کانگریس اس اقدام کے خلاف بھی فیصلہ دے سکتے ہیں تاہم اوباما اس حوالے سے بہت پر اعتماد ہیں کہ اس فیصلے کے راستے میں آنے والی ہر رکاوٹ کو دور کر دیا جائے گا۔
امریکی حکام نے کیوبا کو 1982ء میں اس فہرست میں شامل کیا تھا۔ واشنگٹن انتظامیہ کا موقف تھا کہ کیوبا دہشت گردی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے والی تنظیموں کے مسلح انقلاب کو فروغ دے رہا تھا۔ اس سلسلے میں اسپین میں باسک علیحدگی پسندوں اور کولمبیا میں فارک باغیوں کا نام لیا گیا۔ اس کے علاوہ کیوبا نے اُن سیاہ فام افراد اور پورٹو ریکوکے اُن شہریوں کو بھی پناہ دی تھی، جو امریکا میں حملوں میں ملوث تھے۔
کیوبا ہمیشہ سے کسی بھی ملیشیا گروپ کو تعاون فراہم کرنے کے الزامات کو مسترد کرتا آ رہا ہے اور ہوانا حکام نے فارک باغیوں اور کولمبیا کی حکومت کے مابین امن مذاکرات کی میزبانی بھی کی ہے۔ دوسری جانب اسپین بھی باسک علیحدگی پسند تنظیم ’ایٹا‘ کے غیر سرگرم اُن ارکان کی واپسی میں زیادہ دلچسپی نہیں لے رہا، جو شاید کیوبا میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔