1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی ریاست واشنگٹن میں جوہری ٹینکوں سے تابکاری مواد کا اخراج

23 فروری 2013

امریکا کی جنوبی ریاست واشنگٹن کے گورنر نے ایک دریا پر واقع جوہری فضلے اور آلات کے گودام کے چھ ٹینکوں سے ریڈیو ایکٹو مواد کے اخراج کی تصدیق کی ہے۔ گورنر کے مطابق پبلک ہیلتھ کو سردست کوئی خطرہ نہیں ہے۔

تصویر: picture-alliance/dpa

ہان فورڈ جوہری گودام امریکی ریاست واشنگٹن میں بہنے والے اہم اور بڑے دریا کولمبیا پر قائم ہے۔ اسی گودام میں پہلے ایٹم بم میں استعمال ہونے والی مشینری اور دوسرے آلات کو ناکارہ ہونے کے بعد ذخیرہ کیا گیا تھا۔ ہان فورڈ کا چھوٹا سا زرعی قصبہ ریاست واشنگٹن کے جنوب وسط میں ہے۔ ہان فورڈ کے قصبے کے وسیع و عریض جوہری گودام سے تابکاری مواد کی سرکاری طور پر تصدیق کر دی گئی ہے۔ اس جوہری فضلے کے گودام سے سالانہ بنیادوں پر ہلکے تابکار ریز کے اخراج کا ریکارڈ بھی موجود ہے۔

امریکا میں ہان فورڈ ایک بہت بڑا جوہری فضلے کا گودام ہےتصویر: picture alliance/dpa

واشنگٹن کے گورنر جے اِنسلی (Jay Inslee) کی جانب سے جوہری گودام کے چھ ٹینکوں سے تابکاری مواد کے اخراج کا بیان سامنے آ گیا ہے۔ گورنر کے بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ سردست اس تابکاری اخراج سے پبلک ہیلتھ کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔ اس کی امکاناً ایک وجہ وہاں آبادی کا تقریباً نہ ہونا ہو سکتا ہے۔ گورنر کے بیان میں اس کی بھی وضاحت کی گئی کہ ساری ریاست واشنگٹن کے لوگوں کے لیے پریشان ہونے کی قطعاً ضرورت نہیں ہے۔

گورنر جے انسلی کے مطابق ان کو امریکا کے سبکدوش ہونے والے توانائی کے وزیر اسٹیون چُو نے گزشتہ ہفتے بتایا تھا کہ ہان فورڈ کے جوہری گودام کے ایک ٹینک سے ریڈیو ایکٹو شعاعوں کا اخراج شروع ہو گیا ہے۔ گورنر کے مطابق اسٹیون چُو کا محکمہ بقیہ پانچ ٹینکوں کے اخراج کو کسی طور نظر انداز کر بیٹھا تھا اور اس کی وجہ ہان فورڈ گودام کے عملے کی جانب سے فراہم ہونے والا ڈیٹا بھی ہو سکتا ہے۔ گورنر انسلی نے گودام کے ڈیڑھ سو کے قریب تمام ٹینکوں کی سلامتی و حفاظت پر سوال اٹھائے ہیں۔

امریکی صدر اوباما جوہری سکیورٹی کے حوالے سے خاصے متحرک ہیںتصویر: Reuters

امریکی وزارتِ توانائی کے مطابق جو ٹینک لیک ہوا ہے، وہ سن 1943 اور 1944 کے درمیان تعمیر کیا تھا اور اس میں چار لاکھ 47 ہزار گیلن ریڈیو ایکٹو ٹھوس اور سیال مادہ ذخیرہ کیا گیا تھا۔ اس ٹینک کو سن 1979 سے لیک کرنے والا ایک ٹینک قرار دیا گیا تھا۔ امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے ابھی کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

ہان فورڈ کے جوہری گودام میں امریکا کا دو تہائی انتہائی شدید نوعیت کا تابکاری فضلہ اور دوسرا سامان موجود ہے۔ اس علاقے کو ماحولیاتی اعتبار سے نہایت پراگندہ خیال کیا جاتا ہے۔ اس گودام میں کُل 149 جوہری ٹینک ہیں، جن میں ریڈیو ایکٹو مواد اور ناکارہ سامان وقتاً فوقتاً دفن کیا جاتا رہا ہے۔ یہ جوہری گودام 586 مربع میل پر پھیلا ہوا ہے۔ یہ سارا علاقہ ممنوعہ ہے۔ دریائے کولمبیا اس جوہری گودام کے ساتھ 50 میل یا 80 کلو میٹر تک بہتا ہے۔ اس جوہری گودام کی ابتدائی تعمیر سن 1943 میں مکمل ہوئی تھی۔ اس ذخیرے کو امریکا کے مین ہٹن پراجیکٹ کا حصہ قرار دیا جاتا ہے۔

(ah/ng(Reuters

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں