امریکی ریاست ورجینیا میں فائرنگ کا واقعہ، چھ افراد ہلاک
23 نومبر 2022امریکی ریاست ورجینیا میں پیش آنے والے فائرنگ کے ایک واقعے میں حملہ آور سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ منگل کی رات چیسپیک کے علاقے میں ایک والمارٹ اسٹور میں پیش آیا۔ یہ ہلاکتیں ریاست کولوراڈو کے ایک ایل جی بی ٹی کیو نائٹ کلب میں ہونے والے ایک حملے کےتین دن بعد ہوئی ہیں۔ اُس حملے میں ایک حملہ آور نے فائرنگ کر کے کم از کم پانچ افراد کو ہلاک اور 25 کو زخمی کر دیا تھا۔
پبلک انفارمیشن آفیسر لیو کوسنسکی نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ آیا والمارٹ میں حملہ کرنے والے شخص کی موت خود کو لگنے والے زخموں سے ہوئی ہے۔
کوسنسکی کے مطابق پولیس نےمقامی وقت کے مطابق رات دس بج کر بارہ منٹ پر والمارٹ کے اندر فائرنگ کی اطلاع پر ردعمل ظاہر کیا۔کوسنسکی نے یہ بھی کہا کہ ان کے علم کے مطابق اس واقعے میں پولیس پر کوئی گولی نہیں چلائی گئی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ''والمارٹ اسٹور اب محفوظ ہے اور تحقیقات کے سب یہ آنے والے دنوں میں بند رہے گا۔‘‘ چیسپیک ریاست ورجینیا کا دوسرا بڑا شہر ہے۔
والمارٹ نے بدھ کو علی الصبح اپنے ایک بیان میں کہا کہ کمپنی کو اپنے چیسپیک اسٹور پر ہونے والی فائرنگ کے واقعے سے ''صدمہ‘‘ پہنچا ہے اور وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔
مقامی ہسپتال کے ایک ترجمان نے ایک مقامی ٹی وی اسٹیشن کو بتایا کہ ان کےہاں پانچ زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔ ورجینیا کے سینیٹر مارک وارنر نے بدھ کو اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا، ''اس بار چیسپیک کے والمارٹ میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کے ایک واقعے کی خبروں سے غمزدہ ہوں۔ میں اس پیشرفت کو قریب سے مانیٹر کر رہا ہوں۔‘‘ ریاستی سینٹر لوئس لوکاس نے وارنر کی طرح ہی کے جذبات کا اظہار کرتےہوئے ٹویٹ کی، '' امریکہ کی تازہ ترین شوٹنگ میرے ضلع کے والمارٹ میں ہونے پر بہت دل شکستہ ہوں۔‘‘
ش ر ⁄ ع ت (روئٹرز)