امریکی ریاست کینٹکی میں طوفان، 50 ہلاک
11 دسمبر 2021![Deutschland I Tornado über Kiel](https://static.dw.com/image/59357989_800.webp)
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق جمعے کی رات اور ہفتے کی صبح ٹورناڈوز یا طوفانی بگولوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔
طوفانی آندھیوں سے امریکی ریاست الاباما میں شدید تباہی
ان جھکڑوں نے کینٹکی میں دو سو میل یا تین سو بیس کلومیٹر کے علاقے میں تباہی پھیلائی۔ کینٹکی سے قبل الینوئے ریاست میں جمعہ دس دسمبر کو طوفانی بگولوں اور جھکڑوں نے ایمیزوں کے گودام کو شدید نقصان پہنچایا تھا۔
ہلاکتیں زیادہ ہو سکتی ہیں۔ کینٹکی گورنر
امریکا کی جنوب مشرقی ریاست کے گورنر اینڈی بیشیئر کا کہنا ہے کہ ابھی تو پچاس اموات بتائی گئی ہیں اور یہ تعداد ستر اور سو کے درمیان بھی ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے ان طوفانی جھکڑوں کو کینٹکی کی تاریخ کے شدید ترین قرار دیا ہے۔
امریکہ میں طوفانی جھکڑ، ہلاکتوں کی تعداد 116
اینڈی بیشیئر کے مطابق مختلف اقسام کی موم بتیاں یا کینڈلز بنانے والی ایک فیکٹری کی چھت گرنے سے ہلاکتوں کا ابھی تک تعین نہیں کیا جا سکا۔ کینڈل فیکٹری کینٹکی کے شہر مےفییلڈ میں واقع ہے اور اس میں کرسمس کے آرڈرز کے لیے نائٹ شفٹ کے ورکرز کام میں مصروف تھے جب چھت ان پر گر پڑی۔ فیکٹری میں ہفتہ گیارہ دسمبر کی صبح سے امدادی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے اور گِری ہوئی چھت کا ملبہ ہٹانے کے لیے بھاری مشینیں بھی استعمال کی جا رہی ہیں۔
ریاستی گورنر نے جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب میں ہنگامی حالت یا ایمرجنسی کا نفاذ کر دیا ہے۔ ریاستی محکمہ موسمیات کی جانب سے طوفانی جھکڑوں کی وارننگ پہلے سے جاری کر دی گئی تھی۔
ایمیزون کا گودام
جمعہ دس دسمبر کو ایک دوسری امریکی ریاست الینوئے کے شہر ایڈورڈوِل میں ایمیزون کمپنی کے بڑے گودام کو بھی طوفانی جھکڑ نے تباہی سے دوچار کر دیا۔
جب اس گودام کو جھکڑوں نے اپنی لپیٹ میں لیا تھا، اس وقت قریب ایک سو ورکرز کام میں مصروف تھے۔ ابھی کسی بھی ورکر کے ہلاک یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے لیکن گرے ہوئے ملبے میں کئی افراد پھنس کر رہ گئے تھے۔ اس گودام میں بھی امدادی عمل جاری ہے۔
امریکہ میں بگولے، جھکڑ اور طوفانی موسم، 200 افراد ہلاک
امریکی ریاست ارکنساس میں بھی زوردار جھکڑوں کی وجہ سے ایک شخص کے ہلاک اور بیس دیگر کے زخمی ہونے کا بتایا گیا ہے۔ یہ افراد ایک نرسنگ ہوم میں تھے جب ان جھکڑوں نے اس نرسنگ ہوم کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
ع ح/ ب ج(اے ایف پی، اے پی)