1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی سفیر نینسی پاؤل مستعفی

ندیم گِل1 اپریل 2014

بھارت میں تعینات امریکی سفیر نینسی پاؤل مستعفی ہو گئی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ان کے استعفے کا بھارتی سفارت کار دیویانی کھوبراگاڑے کی گرفتاری کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی سے تعلق نہیں۔

Indien Neu-Delhi Aktion gegen US-Botschaft
تصویر: Findlay Kember/AFP/Getty Images

گزشتہ برس دسمبر میں نیویارک میں بھارتی سفارت کار دیویانی کھوبرا گاڑے کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے ان کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کی وجہ سے تنازعہ اور بھی شدید ہو گیا تھا۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان میری ہیرف نے پیر کو ایک بیان میں اس بات کی تردید کی کہ نینسی پاؤل نے کھوبراگاڑے کی گرفتاری سے متعلق تنازعے کی وجہ سے استعفیٰ دیا ہے۔

ہیرف نے محکمہ خارجہ کی معمول کی بریفنگ کے دوران کہا: ’’اس کا تعلق کسی تنازعے، حالیہ حالات سے نہیں ہے، بالکل بھی نہیں۔ یہ 37 سال کے ایک نمایاں کیریئر کا انجام ہے۔ میرے خیال میں ان کا حق بنتا ہے کہ اب وہ ریٹائرڈ ہو جائیں۔‘‘

ہیرف نے بتایا کہ پاؤل مئی کے آخر تک امریکا لوٹ جائیں گی۔ خبر رساں ادارے روئٹرز نے تجزیہ کاروں کے حوالے سے اس بات کو واضح قرار دیا ہے کہ اس تنازعے نے پاؤل کی پوزیشن کمزور بنا دی تھی۔

کھوبراگاڑے کی گرفتاری کے بعد بھارت نے نئی دہلی میں امریکی سفارت خانے کے خلاف متعدد سخت اقدامات کیے تھے۔ بھارتی ہوائی اڈوں پر امریکی سفارت کاروں کو تلاشی سے حاصل استثنیٰ بھی ختم کر دیا گیا تھا۔ روئٹرز کے مطابق ایسے اقدامات کے بعد پاؤل کبھی سنبھل ہی نہیں پائی تھیں۔ متعدد بھارتی اہلکاروں کا یہ ماننا رہا ہے کہ اس تنازعے پر پاؤل کا ردِ عمل درست نہیں تھا۔

دیویانی کھوبراگاڑےتصویر: UNI

نینسی پاؤل جنوبی ایشیا میں امریکی سفارت کار کے طور پر متعدد عہدوں پر کام کر چکی ہیں۔ انہوں نے بھارت میں سفیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں 2012ء میں سنبھالی تھیں۔

واضح رہے کہ امریکا میں کھوبراگاڑے کو گزشتہ برس 12 دسمبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔ جلد ہی انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔ بھارت نے اس گرفتاری پر سخت ردِ عمل ظاہر کیا تھا اور نئی دہلی کا مطالبہ تھا کہ اس خاتون سفارت کار کے خلاف تمام الزامات خارج کیے جائیں۔ کھوبرا گاڑے نے ویزا فراڈ اور اپنی گھریلو ملازمہ کی تنخواہ سے متعلق غلط بیان دینے کے حوالے سے اپنے خلاف الزامات سے انکار کیا تھا۔

سفارت کار کی حیثیت سے کھوبراگاڑے کو امریکا میں محدود استثنیٰ حاصل تھا۔ اس وجہ سے بھارت نے انہیں اقوام متحدہ میں بھارتی سفارت کار نامزد کر دیا تھا جسے امریکا نے منظور کر لیا تھا۔ اس کے بعد واشنگٹن حکومت نے نئی دہلی سے کہا تھا کہ ان کی نئی حیثیت کی بدولت انہیں حاصل سفارتی استثنیٰ ختم کر دیا جائے۔ اس کے بعد امریکا نے کھوبراگاڑے کو ملک چھوڑنے کا کہہ دیا تھا جس کے بعد وہ بھارت پہنچ چکی ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں