1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی صدارتی انتخابات، نتیجہ کب سامنے آئے گا؟

شمشیر حیدر
9 نومبر 2016

امریکا میں صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری ہے۔ کچھ ریاستوں یہ عمل مکمل بھی ہو چکا ہے۔ نتائج کب سامنے آئیں گے؟ کون سی ریاستیں اہم ہیں؟ اور الیکٹورل کالج کسے کہتے ہیں؟

USA Briefwahlzettel Präsidentschaftswahlen
تصویر: picture alliance/ZUMA

امریکی صدارتی انتخابات کا عمل سمجھنے کے لیے یہ تین سوالات بنیادی اہمیت کے حامل ہیں:

نتائج کب آنا شروع ہوں گے؟

مختلف امریکی ریاستوں میں پولنگ کا وقت مختلف اوقات میں ختم ہو گا جس کے بعد نتائج آنا شروع ہو جائیں گے۔ پاکستانی وقت کے مطابق مختلف امریکی ریاستوں میں مندرجہ ذیل اوقات میں پولنگ ختم ہو گی:

5 بجے صبح: کینٹکی، جورجیا، ساؤتھ کیرولینا، ورجینا اور ورمونٹ میں پولنگ مکمل ہو گی۔

05:30 بجے: نارتھ کیرولینا اور اوہائیو میں ووٹ ڈالنے کا وقت ختم ہو جائے گا۔

06:00 بجے: فلوریڈا، پنسلوینیا، نیو ہیمپشائر اور دس دیگر امریکی ریاستوں میں پولنگ کا عمل اختتام پذیر ہو گا۔

07:00 بجے: مشیگن، وسکونسن کولوراڈو اور مزید دس ریاستوں میں پولنگ مکمل ہو جائے گی۔

08:00 بجے: اوٹا اور دیگر کئی ریاستوں میں ووٹ ڈالنے کا عمل اختتام پذیر ہو جائے گا۔

09:00 بجے: کے بعد کیلیفورنیا اور چار دیگر ریاستوں میں سے نتائج آنا شروع ہو جائیں گے۔

11:00 بجے: آخری امریکی ریاست الاسکا میں بھی پولنگ اختتام پذیر ہو جائے گی، جس کے بعد نتائج وہاں سے بھی سامنے آنا شروع ہوں گے۔

کن ریاستوں کے نتائج زیادہ اہمیت کے حامل ہوں گے؟

امریکی صدارتی انتخابات پر گہری نظر رکھنے والے ماہرین کی رائے میں نارتھ کیرولینا، پنسلوینیا، فلوریڈا اور اوہائیو کے نتائج  دونوں امیدواروں کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ یہ ریاستیں انتخابات کا پانسہ کسی بھی امیدوار کے حق میں پلٹ سکتی ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اگر ڈونلڈ ٹرمپ کو صدر بننا ہے تو انہیں فلوریڈا اور اوہائیو میں ہر صورت میں جیتنا ہو گا تاہم ہلیری کلنٹن اگر ان دونوں یا کسی ایک ریاست میں ہار بھی گئیں تب بھی وہ وائٹ ہاؤس تک پہنچ سکتی ہیں۔

’الیکٹورل کالج ووٹ‘ کیا ہے؟

امریکی صدارتی انتخابات میں عوام کی مجموعی اکثریت چاہے جسے بھی ووٹ دے، فیصلہ الیکٹورل کالج کی بنیاد پر ہو گا۔ مختلف امریکی ریاستوں میں آبادی کے تناسب کے اعتبار سے الیکٹورل کالج ووٹ تقسیم کیے گئے ہیں۔

امریکا بھر میں مجموعی طور پر 538 الیکٹورل کالج ووٹ ہیں اور کسی بھی امیدوار کو جیتنے کے لیے ان میں سے 270 ووٹ درکار ہیں۔ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے 55 الیکٹورل کالج ووٹ ہیں جب کہ ڈیلاویر نامی ریاست میں محض تین الیکٹورل ووٹ ہیں۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں