امریکی صدر اوباما کی روس پر تنقید
7 اگست 2013
منگل کی رات این بی سی پر نشر کیے گئے ایک پروگرام کے دوران امریکی صدر باراک اوباما نے کہا کہ اگرچہ افغانستان میں، اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے بھی، ماسکو حکومت اب تک مددگار ثابت ہو رہی ہے لیکن ساتھ ہی ماسکو کے ساتھ امریکا کو کچھ مشکلات درپیش ہیں۔
معروف پروگرام ’دا ٹو نائٹ شو وِد جے لینو‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اوباما نے کہا، ’’کبھی کبھار ایسا بھی ہوا کہ وہ (روسی حکام ) سرد جنگ کے زمانے کی سوچ اور ذہنیت کی طرف لوٹ گئے۔‘‘ امریکی صدر کا مزید کہنا تھا، ’’میں جس بات پر اصرار کرتا ہوں، اور جو روسی صدر (ولادیمیر) پوٹن سے کہتا ہوں، وہ یہ ہے کہ ماضی بیت چکا ہے اور ہمیں مستقبل کے بارے میں سوچنا چاہیے۔ ایسی کوئی وجہ نہیں کہ ہم (روس اور امریکا) دونوں مزید مؤثر طریقے سے تعاون نہ کر سکیں۔‘‘
اس پروگرام میں گفتگو کرتے ہوتے اوباما نے یہ بھی اصرار کیا کہ وہ آئندہ ماہ سینٹ پیٹرزبرگ میں منعقد ہونے والی جی ایٹ سمٹ میں شرکت کریں گے لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ اس دوران وہ اپنے روسی ہم منصب پوٹن سے دُو بہ دُو مذاکرات کریں گے یا نہیں۔
روس کی طرف سے سابق امریکی آئی ٹی کانٹریکٹر ایڈروڈ سنوڈن کو ایک برس کی سیاسی پناہ دیے جانے کے فیصلے پر اوباما نے مایوسی کا اظہار بھی کیا۔ ایڈورڈ سنوڈن جاسوسی کے پروگرام ’پرزم‘ کا انکشاف کرنے پر امریکا کو مطلوب ہیں۔ اس پروگرام کے بارے میں معلومات ذرائع ابلاغ کو دینے کے بعد وہ ہانگ کانگ فرار ہو گئے تھے۔ وہاں سے وہ 23 جون کو ماسکو پہنچے تاہم امریکا کی جانب سے شہریت کی منسوخی کی وجہ سے مزید سفر نہ کر سکے اور ماسکو ایئرپورٹ کے ٹرانزٹ زون میں ہی ٹھہرے ہوئے تھے۔ امریکا نے روس سے سنوڈن کی حوالگی کا مطالبہ کیا تھا تاہم روس نے ایسے مطالبات مسترد کرتے ہوئے سنوڈن کو ایک سال کے لیے سیاسی پناہ دے دی ہے۔
امریکی صدر باراک اوباما نے روسی حکومت کی طرف سے ابھی حال ہی میں متعارف کرائے گئے ایک ایسے قانون پر بھی تنقید کی، جس کے تحت کم عمر افراد کو ہم جنس پرستی سے متعلق کسی بھی قسم کے مواد تک رسائی دینے کے عمل پر مجرمانہ سزا سنائی جا سکتی ہے۔ ناقدین نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ ایسے قوانین کی وجہ سے ہم جنس پرستی کے خلاف امتیازی رویوں کو وسیع پیمانے پر جائز بنایا جا سکتا ہے۔