1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی صدر گھانا کے تاریخی دورے پر

رپورٹ: امجد علی / ادارت: عدنان اسحاق11 جولائی 2009

امریکی صدر باراک اوباما اٹلی میں جی ایٹ سربراہ کانفرنس میں شرکت کے بعد گذشتہ رات گھانا کے دارالحکومت اکرا پہنچ گئے، جہاں اُن کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اوباما کا بطور صدر کسی افریقی ملک کا یہ پہلا دَورہ ہے۔

امریکی صدر اوباما اپنی اہلیہ اور دونوں بیٹیوں کے ہمراہ اکرا کے ہوائی اڈے پرتصویر: AP

باراک اوباما زبردست علامتی اہمیت کے حامل اِس ایک روزہ دورے پر جب گذشتہ رات اکرا پہنچے تو اُن کی اہلیہ اور دونوں بیٹیا ں بھی اُن کے ہمراہ تھیں۔ پہلے سیاہ فام امریکی صدر کا سیاہ براعظم کے اِس پہلے دَورے کے موقع پر پُر جوش خیر مقدم کیا گیا۔

اپنے آباؤ اجداد کے براعظم میں اپنے آج کے چوبیس گھنٹے پر محیط دورے کے آغاز پر اوباما نے اپنے ہم منصب جون آٹا ملز اور اُن کے پیش رَوؤں جون کُوفور اور جیری رالنگز کے ساتھ صدارتی محل کی اُس عمارت میں ملاقات کی، جو کسی زمانے میں غلاموں کی تجارت کرنے والے یورپی باشندوں کے استعمال میں رہا کرتی تھی۔

امریکی صدر باراک اوباما گھانا میں اپنے ہم منصب جون آٹا ملز کے ساتھتصویر: AP

باراک اوباما کے والد کا تعلق کینیا سے ہے لیکن اِس دورے کے لئے گھانا کا انتخاب اِس لئے کیا گیا ہے کہ یہ ملک ایک ایسے افریقہ کا نمائندہ ہے، جس پر دیگر افریقی ممالک کے برعکس جنگ، ابتلا اور بدعنوانی کی چھاپ نہیں ہے۔ ملز کو گذشتہ دسمبر میں اُن پر امن اور شفاف انتخابات میں صدر چنا گیا تھا، جو پورے براعظم کے لئے ایک مثال ہیں۔

اوباما نے آج گھانا کی پارلیمنٹ سے اپنے خطاب میں کہا کہ افریقی ملکوں کو اپنے ہاں تبدیلی خود لانا ہو گی، جو ایک مشکل عمل ضرور ہے لیکن وہ اتنا یقین دلاتے ہیں کہ ہر قدم پر امریکہ ایک ساتھی اور ایک دوست کے طور پر اُن کے ساتھ ہو گا۔

گھانا کے شہری اوباما کے اِس دورے کے حوالے سے کتنے پُر جوش ہیں، اِس کا اندازہ دارالحکومت اکرا کی اُس خاتون کے تاثرات سے لگایا جا سکتا ہے، جس نے کہا کہ ایک سیاہ فام کے امریکہ کا صدر بن جانے پر وہ بہت خوش ہے اور یہ ایسے ہی ہے، جیسے کوئی خواب سچ ہو جائے۔

امریکی صدر اور خاتونِ اول مشیل اکرا میں ایک ہسپتال کا معائنہ کرتے ہوئےتصویر: AP

گھانا کی ایک اور خاتون نے، جو اُستانی ہیں، اپنے خیالات کا اظہار کچھ یوں کیا:’’ہو سکتا ہے کہ مجھے اور میرے ہم وطنوں کو اوباما کے صدر بننے سے براہِ راست کوئی فائدہ نہ ہولیکن جلد یا بدیر اِس کے کچھ اچھے نتائج ضرور برآمد ہوں گے۔‘‘

آج جب اوباما کی گاڑیوں کا قافلہ گذرا تو اُن کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے اکرا کی سڑکوں کے کنارے شہریوں کی بہت بڑی تعداد جمع تھی۔ اوباما جی ایٹ کی اُس کانفرنس کے فوراً بعد گھانا پہنچے ہیں، جس میں دنیا کے بھوک کے شکار ممالک کے زرعی شعبے کی ترقی کے لئے اگلے تین برسوں کے دوران بیس ارب ڈالر کی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔

اِسی پس منظر میں اوباما نے پورے براعظم افریقہ میں جمہوری حکومتوں اور اقتصادی ترقی کے لئے زور دیا اور کہا کہ بالآخر اپنی ترقی اور مستقبل کی ذمہ داری خود افریقی ملکوں پر عائد ہوتی ہے۔ ا وباما اکرا سے ایک سو ساٹھ کلومیٹر دور کیپ کوسٹ میں اُس عمارت میں بھی گئے، جہاں ہزارہا افریقی باشندوں کو غلاموں کے طور پر امریکہ اور یورپ بھیجنے سے پہلے رکھا جاتا تھا۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں