1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہشمالی امریکہ

'امریکی فوجیوں کے لیے جرمنی انتہائی اہمیت کا حامل ہے' امریکا

29 جنوری 2021

نئے امریکی وزیر دفاع نے اپنے جرمن ہم منصب سے کہا ہے کہ امریکی فوج جرمنی میں اطمینان محسوس کرتی ہے۔ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جرمنی میں مقیم امریکی فوجیوں کی تعداد میں کمی کرنے کا اعلان کیا تھا۔

Amerikanischer Militäreinsatz in Katar
تصویر: U.S. Air Force photo by Tech. Sgt. Amy M. Lovgren

جرمن وزارت دفاع نے جمعرات 28 جنوری کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ امریکا کے نئے وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار اپنی جرمن ہم منصب اینگریٹ کرامپ کارین باؤر سے بات چیت کے دوران بتایا ہے کہ امریکی فوجیوں کا جرمنی میں قیام انتہائی قابل قدر اور اہمیت کا حامل ہے۔

گزشتہ برس سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جرمنی میں تعینات فوجیوں کی تعداد میں پچیس فیصد تک کی کمی کا اعلان کیا تھا۔ تاہم جرمن حکام کو اس بات کی قومی امید رہی ہے کہ امریکا میں صدر بائیڈن کی قیادت والی نئی انتظامیہ ٹرمپ کے اس فیصلے کو واپس لے لے گی۔ 

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹیڈ پریس کے مطابق امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے بدھ 27 جنوری کو اپنی جرمن ہم منصب سے فون پر بات کی تھی۔ بات چیت کے دران انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکی فوجیوں کا جرمنی میں قیام جہاں انتہائی قابل قدر ہے وہیں امریکی فوج وہاں اپنے آپ کو کافی مطمئن بھی محسوس کرتی ہے۔

جرمن وزارت خارجہ نے اس حوالے سے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا، ''امریکا اب بھی جرمنی میں اپنی موجودگی کو مشترکہ سلامتی کا ایک اہم حصہ سمجھتا ہے۔''

امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا، '' وزیردفاع آسٹن نے امریکی فوج کے لیے ایک عظیم میزبان کی حیثیت سے خدمات مہیا کرنے کے لیے جرمنی کا شکریہ ادا کیا اور جرمنی میں امریکی افواج کے مستقبل کی صورت حال کے بارے مسلسل بات چیت جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔''

اطلاعات کے مطابق دونوں رہنماؤں نے نیٹو میں تعاون، کورونا وائرس کی عالمی وبا اور افغانستان و عراق میں سکیورٹی کی صورت حال جیسے دیگر متعدد مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

جرمنی میں فی الوقت تقریبا ًساڑھے 34 ہزار امریکی فوجی موجود ہیں۔ جرمنی رمیشٹائن ایئر بیس پر امریکی یوروپی کمانڈ اور یو ایس افریقہ کمانڈ کے صدر دفتر جیسی اہم امریکی فوجی سہولیات کی میزبانی کر رہا ہے۔ 

 لیہ کارٹر، ص ز/  ج ا

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں