1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی فوجی طیارہ جاپان کے قریب سمندر میں گر کر تباہ

29 نومبر 2023

امریکی فوج کا آسپری طرز کا یہ طیارہ ایک جاپانی جزیرے کے قریب سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا، جس میں آٹھ افراد سوار تھے۔

آسپری مخصوص صلاحیتوں والا ہوائی جہاز ہے امریکی فوج نےاسے عراق، افغانستان، لیبیا اور کویت میں بھی استعمال کیا تھا
آسپری مخصوص صلاحیتوں والا ہوائی جہاز ہے امریکی فوج نےاسے عراق، افغانستان، لیبیا اور کویت میں بھی استعمال کیا تھاتصویر: Nobuha Endo/AP/picture alliance

امریکی کوسٹ گارڈز نے بتایا کہ امریکی فوج کا آسپری طرز کا ایک طیارہ بدھ انتیس نومبر کے روز جاپان کے ساحل کے قریب سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا، جس میں آٹھ افراد سوار تھے۔

آسپری طیاروں کے فوجی استعمال کی تاریخ افسوس ناک رہی ہے اور پچھلے چند برسوں کے دوران ایسے کئی طیارے جان لیوا حادثات کا شکار ہو چکے ہیں۔

اب تک معلوم تفصیلات

حکام کو جائے حادثہ کے قریب موجود ماہی گیری کی ایک کشتی سے ایمرجنسی کال موصول ہوئی تھی۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں کہ تباہ ہونے والے آسپری طیارے کا تعلق کس امریکی اڈے سے تھا۔ لیکن خیال کیا جاتا ہے کہ یہ یاماگوچی نامی علاقے میں واقع ایواکنی امریکی اڈے سے اوکی ناوا میں کدینا اڈے کی طرف جا رہا تھا۔

امریکی کوسٹ گارڈز کا کہنا ہے کہ طیارے کے ساتھ کیا ہوا، اس بارے میں تفصیلات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں۔

کوسٹ گارڈز کے ایک ترجمان نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، ''ہمیں آج بعد دوپہر دو بج کر 47 منٹ پر اطلاع ملی کہ امریکی فوج کا ایک آسپری طیارہ یاکوشیما جزیرے کے قریب گر کر تباہ ہوگیا ہے۔‘‘ یاکو شیما جاپان کے انتہائی جنوب میں اہم جزیرہ کیوشو پر واقع ہے۔

جنوبی بحیرہ چین میں چینی جیٹ طیارہ امریکی طیارے سے ٹکراتے ٹکراتے بچا

آسپری مخصوص صلاحیتوں والا ہوائی جہاز ہے۔اسے عراق، افغانستان، لیبیا اور کویت میں بھی امریکی فوج نے نقل و حمل اور طبی انخلا کی کارروائیوں کے لیے استعمال کیا تھا۔

پچھلے کئی برسوں کے دوران آسپری طرز کے طیاروں کو پیش آنے والے حادثات میں متعدد ہلاکتیں ہو چکی ہیںتصویر: Getty Images/AFP/T. Yamanaka

آسپری طیاروں کی افسوس ناک تاریخ

اس ہوائی جہاز کی تاریخ پریشان کن رہی ہے۔ پچھلے کئی برسوں کے دوران اس طرز کے طیاروں کو پیش آنے والے حادثات میں متعدد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

اگست میں شمالی آسٹریلیا میں مقامی فوجیوں کے لیے ایک فوجی مشق کے دوران بھی ایک آسپری طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا۔ ڈارون کے شمال میں واقع میلویلے جزیرے پر پیش آنے والے اس حادثے میں تین امریکی میرینز سمیت 23 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

گزشتہ سال ناروے میں بھی چار امریکی میرینز اس وقت ہلاک ہوگئے تھے، جب نیٹو کی تربیتی مشقوں کے دوران ان کا آسپری طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا۔

امریکی ڈرون پاکستان میں گر کر تباہ

سن 2017 میں تین امریکی میرینز اس وقت ہلاک ہوگئے، جب ایک آسپری طیارہ ایک ٹرانسپورٹ طیارے سے ٹکرا گیا تھا۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا تھا، جب آسپری آسٹریلیا کے ساحلی علاقے میں اترنے کی کوشش کر رہا تھا۔

سن 2000 میں بھی امریکی ریاست ایریزونا میں ایک فوجی مشق کے دوران ایک آسپری طیارے کے حادثے کا شکار ہو جانے کے نتیجے میں 19 امریکی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

ج ا / م م (اے ایف پی، روئٹرز)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں