1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی فوجی مشیروں کا قتل، افغان پولیس اہلکار کی تلاش

26 فروری 2012

افغان وزارت داخلہ میں دو امریکی فوجی مشیروں کو ہلاک کرنے کے الزام میں ایک مقامی پولیس افسر کی تلاش جاری ہے۔ ہفتہ 25 فروری کو ان امریکی فوجیوں کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا گیا تھا۔

تصویر: dapd

افغان وزارت داخلہ کے سینئر اہلکار نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا: ’’ ایک پولیس افسر جو وزارت داخلہ کے انٹیلیجنس ڈیپارٹمنٹ کے لیے کام کرتا تھا، اس واردات کے بعد سے غائب ہے۔ حکام سمجھتے ہیں کہ وہی افسر اس قتل کا ذمہ دار ہو سکتا ہے۔ اس لیے اس پولیس اہلکار کی تلاش کی جا رہی ہے۔‘‘

ہفتے کے روز افغان وزارت داخلہ کے کنٹرول روم میں ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں دو امریکی فوجی مشیر ہلاک ہو گئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق فائرنگ سے قبل وہاں تلخ کلامی ہوئی تھی، جبکہ واقعے کے وقت وہاں افغان اور غیر ملکی سکیورٹی اہلکار موجود تھے۔ ابتدائی اطلاعات میں افغان ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ فائرنگ کرنے والا غیر ملکی تھا، تاہم بعد میں نیٹو کی طرف سے اس خبر کی تردید کر دی گئی۔

امریکی فوجی اڈے میں قرآن کے نسخے جلائے جانے کے بعد سے افغانستان بھر میں پر تشدد مظاہرے جاری ہیںتصویر: Reuters

امریکی فوجی مشیروں کے قتل کے بعد مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے مختلف افغان وزارتوں میں تعینات اپنے عملے کو واپس بلا لیا ہے۔ ہفتے کا واقعہ بگرام میں قائم امریکی فوجی اڈے میں قرآن کے نسخے جلائے جانے کے بعد افغانستان بھر میں امریکہ کے خلاف ہونے والے پر تشدد مظاہروں کے پانچویں روز پیش آیا تھا۔

افغانستان کے ایک مقامی ٹیلی وژن نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ 25 سالہ مشتبہ پولیس افسر 2007 میں وزارت داخلہ میں بطور ڈرائیور بھرتی ہوا تھا مگر بعد میں اس کی ترقی ہوتی گئی۔ اطلاعات کے مطابق اس افسر نے غائب ہونے سے پہلے وزارت داخلہ کے رجسٹر میں دستخط بھی کیے۔

رپورٹ: افسر اعوان / خبر رساں ادارے

ادارت: ندیم گِل

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں