1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’امریکی فوجی نے اپنی یونٹ کے خلاف حملے کی منصوبہ بندی' کی

23 جون 2020

ایک بائیس سالہ امریکی فوجی، جس کا تعلق نیو نازیوں سے ہے، پر الزام ہے کہ وہ اپنی ہی یونٹ کےخلاف ایک نئی جنگ کا آغاز کرنے کے لیے ایک ہلاکت خیز حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

Afghanistan US-Soldat
تصویر: AFP/W. Kohsar

ایک بائیس سالہ امریکی فوجی، جس کا تعلق نیو نازیوں سے ہے، پر الزام ہے کہ وہ اپنی ہی یونٹ کےخلاف ایک نئی جنگ کا آغاز کرنے کے لیے ایک ہلاکت خیز حملے  کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ جرم ثابت ہونے پر اسے عمر قید کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

حکام نے پیر کو بتایا کہ نیو نازی گروپ سے تعلقات کے حامل ایک امریکی فوجی پر ترکی میں اپنی فوجی یونٹ پر اسلامی شدت پسند حملے کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ الزامات کے مطابق، 22 سالہ نوجوان  مشرق وسطی میں ایک نئی '' 10سالہ جنگ‘‘ شروع کرنا چاہتا تھا۔
امریکی محکمہ انصاف نے بتایا کہ ریاست کینٹکی کے سب سے بڑے شہر لوئس وِیل، سے تعلق رکھنے والے ایتھن میلزر نے ایک نیو نازی انتہا پسند گروپ کے ساتھ کام کرنے کی کوشش کی، جس کی شناخت ''شیطان پرست گروپ‘‘ ہے اور اسے )آرڈر آف دا نائن اینجلس ( کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ اس گروپ کو O9A بھی کہا جاتا ہے۔ میلزر اس گروپ کے ساتھ مل کر اپنی ہی یونٹ پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ میلزر نے ایک ایسے دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کی تھی، جس میں زیادہ سے زیادہ ساتھی فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتارا جا سکے۔
فرد جرم کے مطابق، میلزر کی سازش کو مئی کے آخر میں امریکی فوج اور ایف بی آئی نے ناکام بنا دیا تھا۔ ہوا یوں کہ میلزر نے ایف بی آئی کے ایک مخبر، جس کا اُسے یقین تھا کہ اس نے جہادی گروہوں سے تعلقات استوار کیے ہوئے ہیں، اُس تک اپنی یونٹ کی نقل و حرکت سے متعلق مفصل معلومات پہنچائیں۔ ایتھن میلزرکو 10 جون کو گرفتار کیا گیا تھا۔

'نسل پرستی کی طرف مائل'
نیو یارک کے جنوبی ضلع کے قائم مقام امریکی اٹارنی آڈری اسٹراس نے میلزر کو''اندر کا دشمن‘‘ قرار دیا ہے جس نے مبینہ طور پر اپنی ہی یونٹ پر قاتلانہ حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ اسٹراس کے بقول،''میلزر نسل پرستی اور منفرت کی وجہ سے اس طرف مائل ہوا تھا۔ ‘‘
محکمہ انصاف نے بتایا کہ میلزر ترکی میں اپنی یونٹ کے منصوبوں اور سکیورٹی انتظامات کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے'آن لائن چیٹ رومز‘کا استعمال کرتا تھا۔ وہ یہ معلومات اس لیے پہنچاتا تھا تاکہ ترکی میں اس کی یونٹ پر آسانی سے قابو پایا جا سکے۔ اس نے یہ اعتراف بھی کیا کہ وہ جانتا ہے کہ وہ اس عمل میں ہلاک ہو سکتا ہے لیکن وہ''اسے ایک کامیاب موت سمجھتا تھا۔‘‘
ایتھن میلزرپر یہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ امریکیوں اور امریکی فوج کے اہلکاروں کو قتل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ نیز وہ دہشت گردوں کو مادی مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کسی نامعلوم غیر ملک میں امریکی فوجیوں کو قتل اور انہیں معذور بنا دینے کی سازشیں بھی کررہا تھا۔ اگر اس پر یہ جرائم ثابت ہو جاتے ہیں اور یہ قصوروار قرار پاتا ہے تو اسے عمر قید کی سزا کاٹنا پڑے گی۔

ک م / ع ا/ اے ایف پی۔ اے پی

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں