1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی مندوب رچرڈ ہالبروک آج پاکستان پہنچ رہے ہیں

رپورٹ:افسر اعوان، ادارت:ندیم گل22 جولائی 2009

خصوصی امریکی مندوب برائے افغانستان و پاکستان رچرڈ ہالبروک آج اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ محکمہ خارجہ کے مطابق ہالبروک کے دورے کا مقصد متاثرین مالاکنڈ کو اپنے علاقوں میں واپسی کے حوالے سے درپیش مسائل کا جائزہ لینا ہے۔

امریکی مندوب رچرڈ ہالبروکتصویر: AP
ہالبروک پاکستانی صدر آصف زرداری سے بھی ملاقات کریں گےتصویر: AP

امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان رابرٹ وُوڈ کا کہنا ہے کہ ہالبروک جمعرات تک پاکستان میں رہیں گے جہاں وہ پاکستانی صدر آصف علی زرداری ، وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور انٹیلیجنس سروسز کے سربراہ جنرل احمد شجاع پاشا سے ملاقاتیں کریں گے۔

رابرٹ ووڈ کے مطابق امریکی خصوصی مندوب کےد ورے کا مقصد پاکستانی اعلیٰ قیادت کے ساتھ معاشی اور سیکیورٹی معاملات پر تبادلہ خیال کرنا ہے، خاص طور پر مالاکنڈ آپریشن کی وجہ سے بے گھر ہونے والے افراد کی واپسی اور بحالی کے معاملات موضوع گفتگو ہوں گے۔

بیس لاکھ سے زائد مہاجرین کی اپنے علاقوں میں مرحلہ وار واپسی کا عمل ان دنوں جاری ہے۔ پاکستانی حکومت نے ان متاثرین کی بحالی اور علاقے کی تعمیر نو کے لئے ملکی مالی وسائل بروئے کار لانے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی برادری سے امداد کی اپیل کررکھی ہے۔

افغانستان اور پاکستان کے لئے خصوصی امریکی مندوب رچرڈ ہالبروک طالبان عسکریت پسندوں کے خلاف پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی کارروائی سے متاثر ہونے والے افراد کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

رچرڈ ہالبروک جمعرات کو افغانستان روانہ ہوجائیں گے۔ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق افغانستان میں ان کی مصروفیات کی تفصیلات ابھی تک طے نہیں ہوئیں۔ 20 اگست کو افغانستان میں ہونے والے صدارتی انتخابات اور طالبان کے حملوں میں اتحادی فوجیوں کی بڑھتی ہوئی ہلاکتوں کے تناظر میں ہالبروک کے دورے کو کافی اہم قرار دیا جارہا ہے۔ افغانستان کے مختلف علاقوں میں جولائی کے دوران دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں اب تک اتحادی اَفواج کے 57 اہکار مارے جا چکے ہیں، جن میں سے 30فوجیوں کا تعلق امریکہ سے ہے۔

حکومت مالاکنڈ آپریشن کے متاثرین کو اپنے گھروں کو جانے کی اجازت دے چکی ہےتصویر: picture-alliance/ dpa

امریکی صدر باراک اوباما نے حال ہی میں پاکستان اور افغانستان کو اپنی خارجہ پالیسی میں نہایت اہم قرار دیا ہے، اور افغانستان میں قیام امن کے علاوہ القاعدہ کی بیخ کنی کے لئے نئی حکمت عملی اپنانے کا اعلان کیا ہے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں