امریکی میزائل نصب ہوئے تو یورپ، امریکا روس کے نشانے پر: پوٹن
20 فروری 2019
روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ اگر امریکا نے اپنے اتحادی یورپی ممالک میں درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے کوئی جوہری میزائل نصب کیے تو ان یورپی ممالک کے علاوہ خود امریکا بھی جواباﹰ روسی میزائلوں کے نشانے پر ہو گا۔
اشتہار
روسی دارالحکومت ماسکو سے بدھ بیس فروری کو ملنے والی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق صدر ولادیمیر پوٹن نے یہ بات آج ملکی پارلیمان سے اپنے سالانہ خطاب میں کہی۔ صدر پوٹن نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو کسی بھی یورپی ریاست میں اپنے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے جوہری میزائلوں کی نئے سرے سے تنصیب سے باز رہنا چاہیے۔
ساتھ ہی صدر پوٹن نے یہ بھی کہا کہ روس کسی کے ساتھ تصادم نہیں چاہتا اور اسی لیے اپنے جوہری میزائلوں کی نئے سرے سے تنصیب میں بھی پہل نہیں کرے گا۔
ولادیمیر پوٹن نے یہ بات اس پس منظر میں کہی کہ امریکا نے ابھی حال ہی میں سرد جنگ کے زمانے میں سابق سوویت یونین (موجودہ روس کی پیش رو ریاست) کے ساتھ طے پانے والے ایسے جوہری ہتھیاروں سے متعلق دوطرفہ معاہدے سے اپنے اخراج کا اعلان کر دیا تھا۔
یہ معاہدہ انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر فورسز (آئی این ایف) ٹریٹی کہلاتا ہے اور صدر ٹرمپ کی طرف سے امریکا کے اس معاہدے سے آئندہ چھ مہینوں کے دوران مکمل اخراج کے حالیہ اعلان کے بعد ماسکو بھی اپنے طور پر اس معاہدے اور اس پر عمل درآمد کو معطل کر چکا ہے۔ اس روسی امریکی معاہدے کے بارے میں واشنگٹن اور ماسکو کے مابین اختلافات اس وجہ سے پیدا ہوئے کہ ان دونوں ممالک نے ہی ایک دوسرے پر اس سمجھوتے کی خلاف ورزیوں کے الزامات لگانا شروع کر دیے تھے۔
’امریکی پالیسی ساز کوئی غلطی نہ کریں‘
اس تناظر میں روسی صدر نے ملکی پارلیمان کے ارکان سے اپنے سالانہ خطاب میں یہ بھی کہا کہ ماسکو اور واشنگٹن کے مابین درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے جوہری ہتھیاروں کے معاملے میں امریکی پالیسی ساز اداروں اور ان کے ماہرین کو کوئی غلطی نہیں کرنا چاہیے۔
ولادیمیر پوٹن کے الفاظ میں، ’’امریکی پالیسی ساز حکام کو کوئی بھی قدم اٹھاتے ہوئے اس بات کا درست اندازہ بھی لگانا چاہیے کہ ایسے کسی اقدام کی وجہ سے پیدا ہونے والے خطرات کیسے اور کتنے شدید ہوں گے۔ اس لیے کہ یورپ میں جوہری ہتھیاروں کی ایسی کسی نئی امریکی تنصیب پر روسی ردعمل بہت واضح اور غیر متزلزل ہو گا۔‘‘
روسی صدر کا ملکی پارلیمان سے یہ خطاب ان کا ’اسٹیٹ آف دا یونین‘ خطاب تھا، جس میں انہوں نے روس کے بیرونی دنیا کے ساتھ تعلقات اور عسکری نوعیت کے اہم موضوعات پر اظہار رائے کرنے کے ساتھ ساتھ کئی اہم داخلی سماجی موضوعات پر بھی کھل کر بات کی۔
کس ملک کے پاس کتنے ایٹم بم؟
دنیا بھر میں اس وقت نو ممالک کے پاس قریب سولہ ہزار تین سو ایٹم بم ہیں۔ جوہری ہتھیاروں میں تخفیف کے مطالبات کے باوجود یہ تعداد کم نہیں ہو رہی۔ دیکھتے ہیں کہ کس ملک کے پاس کتنے جوہری ہتھیار موجود ہیں؟
تصویر: AP
روس
اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ (سِپری) کے مطابق جوہری ہتھیاروں کی تعداد کے معاملے میں روس سب سے آگے ہے۔ سابق سوویت یونین نے اپنی طرف سے پہلی بار ایٹمی دھماکا سن 1949ء میں کیا تھا۔ سابق سوویت یونین کی جانشین ریاست روس کے پاس اس وقت آٹھ ہزار جوہری ہتھیار موجود ہیں۔
تصویر: Getty Images/AFP/N. Kolesnikova
امریکا
سن 1945 میں پہلی بار جوہری تجربے کے کچھ ہی عرصے بعد امریکا نے جاپانی شہروں ہیروشیما اور ناگاساکی پر ایٹمی حملے کیے تھے۔ سِپری کے مطابق امریکا کے پاس آج بھی 7300 ایٹم بم ہیں۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/H. Jamali
فرانس
یورپ میں سب سے زیادہ جوہری ہتھیار فرانس کے پاس ہیں۔ ان کی تعداد 300 بتائی جاتی ہے۔ فرانس نے 1960ء میں ایٹم بم بنانے کی ٹیکنالوجی حاصل کی تھی۔
تصویر: picture-alliance/dpa/J.-L. Brunet
چین
ایشیا کی اقتصادی سپر پاور اور دنیا کی سب سے بڑی بری فوج والے ملک چین کی حقیقی فوجی طاقت کے بارے میں بہت واضح معلومات نہیں ہیں۔ اندازہ ہے کہ چین کے پاس 250 ایٹم بم ہیں۔ چین نے سن 1964ء میں اپنا پہلا جوہری تجربہ کیا تھا۔
تصویر: Getty Images
برطانیہ
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن برطانیہ نے اپنا پہلا ایٹمی تجربہ سن 1952ء میں کیا تھا۔ امریکا کے قریبی اتحادی ملک برطانیہ کے پاس 225 جوہری ہتھیار ہیں۔
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Kaminski
پاکستان
پاکستان کے پاس ایک سو سے ایک سو بیس کے درمیان جوہری ہتھیار موجود ہیں۔ سن 1998ء میں ایٹم بم تیار کرنے کے بعد سے بھارت اور پاکستان کے درمیان کوئی جنگ نہیں ہوئی۔ پاکستان اور بھارت ماضی میں تین جنگیں لڑ چکے ہیں اور اسلام آباد حکومت کے مطابق اس کا جوہری پروگرام صرف دفاعی مقاصد کے لیے ہے۔ تاہم ماہرین کو خدشہ ہے کہ اگر اب ان ہمسایہ ممالک کے مابین کوئی جنگ ہوئی تو وہ جوہری جنگ میں بھی بدل سکتی ہے۔
تصویر: picture-alliance/AP
بھارت
سن 1974ء میں پہلی بار اور 1998ء میں دوسری بار ایٹمی ٹیسٹ کرنے والے ملک بھارت کے پاس نوے سے ایک سو دس تک ایٹم بم موجود ہیں۔ چین اور پاکستان کے ساتھ سرحدی تنازعات کے باوجود بھارت نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اپنی طرف سے پہلے کوئی جوہری حملہ نہیں کرے گا۔
تصویر: Reuters
اسرائیل
سن 1948ء سے 1973ء تک تین بار عرب ممالک سے جنگ لڑ چکنے والے ملک اسرائیل کے پاس قریب 80 جوہری ہتھیار موجود ہیں۔ اسرائیلی ایٹمی پروگرام کے بارے میں بہت ہی کم معلومات دستیاب ہیں۔
تصویر: Reuters/B. Ratner
شمالی کوریا
ایک اندازے کے مطابق شمالی کوریا کم از کم بھی چھ جوہری ہتھیاروں کا مالک ہے۔ شمالی کوریا کا اصل تنازعہ جنوبی کوریا سے ہے تاہم اس کے جوہری پروگرام پر مغربی ممالک کو بھی خدشات لاحق ہیں۔ اقوام متحدہ کی طرف سے عائد کردہ پابندیوں کے باوجود اس کمیونسٹ ریاست نے سن 2006ء میں ایک جوہری تجربہ کیا تھا۔
تصویر: Reuters
9 تصاویر1 | 9
انیس ملین روسی شہری خطِ غربت سے نیچے
صدر پوٹن نے یہ وعدہ بھی کیا کہ ماسکو حکومت عوام کے لیے سماجی فلاحی شعبے میں مالی امداد میں اضافہ کرے گی، ملکی تعلیمی نظام کو بہتر بنایا جائے گا، صحت کے شعبے پر بھی مزید توجہ دی جائے گی اور اندرون ملک غربت کے خلاف جنگ کو بھی مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
روس کی مجموعی آبادی اس وقت قریب 147 ملین ہے، جس میں سے 19 ملین شہری سرکاری سطح پر طے کردہ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ روس میں ہر اس شہری کو غربت کا شکار سمجھا جاتا ہے، جس کی انفرادی ماہانہ اوسط آمدنی تقریباﹰ 160 امریکی ڈالر سے کم کے برابر ہو۔
م م / ع ح / روئٹرز
ٹرمپ دنيا بھر ميں کس کس سے ناراضی مول لیے بيٹھے ہيں!
مسائل داخلی ہوں يا بين الاقوامی امريکی صدر ٹرمپ کے ان سے نمٹنے کے انداز کو متنازعہ خیال کیا جاتا ہے۔ يہی وجہ ہے کہ روايتی حريف روس اور چين ہی نہيں بلکہ يورپی يونين جيسے قريبی اتحادی بھی ٹرمپ سے نالاں دکھائی دیتے ہیں۔
تصویر: Getty Images/AFP/N. Kamm
پاکستان اور امريکا، ايک پيچيدہ رشتہ
ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں سال کے آغاز پر اپنی ٹوئيٹس ميں پاکستان پر شديد تنقيد کی۔ انتظاميہ چاہتی ہے کہ اسلام آباد حکومت ملک ميں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کے خلاف زيادہ موثر کارروائی کرے۔ دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ کے حلیفوں پاکستان اور امريکا کے بيچ فاصلے بڑھتے جا رہے ہيں۔ ستمبر 2018ء ميں امريکی وزير خارجہ کے دورے سے بھی زيادہ فرق نہيں پڑا۔
تصویر: Getty Images/AFP/A. Hassan
اقتصادی جنگ ميں چين اور امريکا ميں مقابل
روسی ہتھياروں کی خريداری پر امريکا نے چينی فوج پر ستمبر 2018ء ميں تازہ پابندياں عائد کيں۔ جواباً چين نے دھمکی دی کہ پابندياں خنم کی جائيں يا پھر امريکا اس کا خميازہ بھگتنے کے ليے تيار رہے۔ چين اور امريکا کے مابين يہ واحد تنازعہ نہيں، دنيا کی ان دو سب سے بڑی اقتصادی قوتوں کے مابين تجارتی جنگ بھی جاری ہے۔ دونوں ممالک ايک دوسرے کی درآمدات پر اضافی محصولات عائد کرتے آئے ہيں۔
تصویر: picture-alliance/newscom/S. Shaver
روس کے ساتھ بھی چپقلش
ادھر روس نے کہا ہے کہ ’امريکا آگ سے کھيل رہا ہے‘ اور اس سے عالمی امن و استحکام کو خطرہ لاحق ہے۔ يہ بيان روس کے خلاف امريکی پابنديوں کے تناظر ميں سامنے آيا۔ امريکا اور روس کے مابين ان دنوں شام، يوکرائن، امريکی صدارتی انتخابات ميں مبينہ مداخلت، سائبر جنگ اور کئی ديگر اہم امور پر سنگين نوعيت کے اختلافات پائے جاتے ہيں۔ کئی ماہرين کے خیال میں اس وقت ’ايک نئی سرد جنگ‘ جاری ہے۔
اسرائيل اور فلسطين کے مابين تنازعے ميں بھی ٹرمپ کے کردار پر سواليہ نشان لگايا جاتا ہے۔ پچھلے سال کے اواخر ميں جب ٹرمپ انتظاميہ نے يروشلم کو اسرائيل کا دارالحکومت تسليم کيا، تو اس کا عالمی سطح پر رد عمل سامنے آيا اور خطہ اس کے نتائج آج تک بھگت رہا ہے۔ يورپی رياستيں اس پرانے مسئلے کے ليے دو رياستی حل پر زور ديتی ہيں، ليکن ٹرمپ کے دور ميں دو رياستی حل کی اميد تقريباً ختم ہو گئی ہے۔
تصویر: Imago/ZumaPress
اتحاديوں ميں بڑھتے ہوئے فاصلے
ٹرمپ کے دور ميں واشنگٹن اور يورپی يونين کے تعلقات بھی کافی حد تک بگڑ چکے ہيں۔ معاملہ چاہے تجارت کا ہو يا ايران کے خلاف پابنديوں کی بحالی کا، برسلز اور واشنگٹن کے نقطہ نظر مختلف ہوتے ہيں۔ امريکی صدر مہاجرين کے بحران، بريگزٹ، يورپی يونين ميں سلامتی کی صورتحال، يورپ ميں دائيں بازو کی قوتوں ميں اضافہ و مغربی دفاعی اتحاد نيٹو کے بجٹ جيسے معاملات پر يورپی قيادت کو کافی سخت تنقيد کا نشانہ بنا چکے ہيں۔
جی سيون بھی تنازعے کی زد ميں
اس سال جون ميں کينيڈا ميں منعقد ہونے والی جی سيون سمٹ تنقيد، متنازعہ بيانات اور الزام تراشی کا مرکز بنی رہی۔ ٹرمپ نے اس اجلاس کے اختتام پر مشترکہ اعلاميے پر دستخط کرنے سے انکار کر ديا، جس پر تقريباً تمام ہی اتحادی ممالک کے رہنماؤں نے ٹرمپ کے اس رويے کی مذمت کی۔ کيوبک ميں ہونے والی جی سيون سمٹ کے بعد ميزبان ملک کے وزير اعظم جسٹن ٹروڈو اور ٹرمپ کے مابين لفظوں کی ايک جنگ بھی شروع ہو گئی تھی۔