امریکی نائب صدر بھارت کے دورے پر
22 جولائی 2013
30 برسوں میں جو بائیڈن امریکا کے پہلے نائب صدر ہیں جو بھارت کا دورہ کر رہے ہیں۔ اپنے دورے میں وہ بھارتی وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ سمیت بھارت کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ دارالحکومت نئی دہلی کے بعد وہ بھارت کے اقتصادی مرکز ممبئی کا رخ کریں گے جہاں وہ معیشت کے موضوع پر ایک تقریر بھی کریں گے۔
پیر کے روز بھارتی اخبار ’’ٹائمز آف انڈیا‘‘ میں بائیڈن کا ایک انٹرویو شائع ہوا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ بھارت اور امریکا مل کر کام کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں تاہم انہیں مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ بائیڈن نے اس بات پر زور دیا کہ دو طرفہ تجارت میں مزید اضافہ ہونا چاہیے جس کا حجم اس وقت سو بلین ڈالرز کے آس پاس ہے۔
بائیڈن اس حوالے سے کہتے ہیں، ’’امریکا ابھرتی ہوئی بھارتی معاشی طاقت کا حامی ہے اور اس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہو رہا ہے۔ بھارت کا ایک اقتصادی طاقت کے طور پر ابھرنا اکیسویں صدی کی ایک اہم ترین بات ہے۔‘‘
بائیڈن کے دورہء بھارت کا اعلان گزشتہ ماہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اپنے بھارت کے دورے کے دوران کیا تھا۔ جان کیری کے دورے کا مقصد یہ تھا کہ وہ بھارتی قیادت کے ان خدشات کو دور کریں جو سن 2014 میں اس کو افغانستان سے نیٹو افواج کے انخلاء کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے حوالے سے ہیں۔ بھارت افغانستان میں دو بلین ڈالرسے زیادہ کی انویسٹمنٹ کر چکا ہے مگر اس کو خدشہ ہے کہ افغانستان سے نیٹو افواج کے انخلاء کے بعد افغانستان میں طالبان کی واپسی ہو سکتی ہے جس سے افغانستان میں بھارت کے حریف پاکستان کا اثر بڑھنے کا امکان ہے۔
بائیڈن کا دورء بھارت 2010 میں امریکی صدر باراک اوباما کے بھارتی دورے کے بعد سینیئر ترین امریکی حکومتی عہدیدار کا دورہ ہے۔ امریکا بھارت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مستقل نشست دلوانے کی بھی کوششیں کر رہا ہے تاہم اس میں کافی مشکلات حائل ہیں۔
امریکا اور بھارت کے تعلقات کے بارے میں بھارتی تجزیہ کار سبھاش اگروال نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ بھارت امریکا کا ’’قدرتی ساتھی‘‘ ہے مگر ان تعلقات میں وقتاً فوقتاً کچھ مسائل پیدا ہو جاتے ہیں جنہیں درست کرتے رہنا چاہیے۔
بائیڈن جمعرات کے روز بھارت سے سنگاپور جائیں گے۔