1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی وزیر خارجہ لندن پہنچ گئے

25 فروری 2013

اعلیٰ امریکی سفارت کار جان کیری بطور وزیر خارجہ اپنے پہلے سرکاری دورے پر لندن پہنچ گئے ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ جان کیری کے یورپ اور مشرق وسطیٰ کے اس دس روزہ دورے کے دوران شام کے تنازعے کو فوقیت حاصل رہے گی۔

USA Außenminister John Kerry University of Virginia Rede
تصویر: picture-alliance/AP

امریکی وزیر خارجہ جان کیری آج بروز پیر برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کے علاوہ اپنے برطانوی ہم منصب ولیم ہیگ سے بھی ملیں گے۔ اس دوران ایران، شمالی کوریا، مالی اور فلسطینی اسرائیلی تنازعے کے علاوہ شام کی صورتحال پر اہم مذاکرات کی توقع کی جا رہی ہے۔

جان کیری دورہء یورپ کے دوران جرمنی، فرانس، اٹلی اور ترکی بھی جائیں گے۔ بعد ازاں وہ مصر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا دورہ بھی کریں گے۔ اس دوران جان کیری کے ہمراہ ایک وفد بھی ہے۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروفتصویر: KIRILL KUDRYAVTSEV/AFP/Getty Images

امریکی وزیر خارجہ جان کیری منگل کے دن جرمن دارالحکومت میں جرمن قیادت کے علاوہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے بھی ملیں گے۔ جان کیری کے وفد میں شامل امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ایک اعلیٰ اہلکار نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا ہے کہ اس دوران شام کے تنازعے کے حل کے لیے اہم مذاکرات کیے جائیں گے۔

شامی اپوزیشن روم کانفرنس کا بائیکاٹ نہ کرے

اس اعلیٰ امریکی نے بتایا: ’’ ہمارے خیال میں ماسکو حکومت شامی صدر بشار الاسد کو یہ بات سمجھانے میں ایک اہم کردار ادا کر سکتی ہے کہ وہاں سیاسی تبدیلی کی ضرورت ہے۔‘‘ تاہم انہوں نے مزید کہا کہ اس دوران کسی اہم پیشرفت کی کوئی توقع نہیں کی جا رہی ہے۔

اس اہلکار نے مزید کہا کہ جمعرات کے دن اطالوی دارالحکومت روم میں شام کے موضوع پر ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں شامی نیشنل کولیشن کی شمولیت اہم ہے، ’’ اس کانفرنس کے دوران شامی اپوزیشن کے نمائندوں کو یہ موقع بھی ملے گا کہ وہ ہمارے نئے وزیر خارجہ سے براہ راست ملیں اور انہیں سنیں۔‘‘

خبر رساں ادارے اے پی نے بتایا ہے کہ جان کیری نے اپنے ایک اعلیٰ نمائندے کو قاہرہ روانہ کر دیا ہے، جو وہاں شامی اپوزیشن کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران انہیں قائل کرنے کی کوشش کریں گے کہ وہ روم کانفرنس کے بائیکاٹ کا فیصلہ واپس لے لیں۔

(ab/ng(AFP, AP

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں