1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی وزیر دفاع پنیٹا بھارت کے دورے پر

5 جون 2012

آج کل امریکا کی دفاعی پالیسیوں میں بر اعظم ایشیا کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے، جس پر زور دینے کے لیے امریکی وزیر دفاع لیون پنیٹا ان دنوں ایشیا اور بحرالکاہل کے ملکوں کے 9 روزہ دورے پر ہیں اور منگل کو بھارت پہنچ رہے ہیں۔

Leon Panetta US Verteidigungsminister
تصویر: Reuters

حالیہ چند برسوں کے دوران بھارت اور امریکا کے تعلقات تیزی سے بہتر ہوئے ہیں۔ امریکی حکام نے بتایا ہے کہ امریکی وزیر دفاع لیون پنیٹا کا تازہ دورہء بھارت دو روز کا ہو گا، جس کے دوران وہ دونوں ملکوں کے دفاعی تعلقات کے فروغ، افغانستان میں مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی عسکری کوششوں اور خطّے میں چین کی بڑھتی ہوئی اقتصادی اور فوجی طاقت کو زیر بحث لائیں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پنیٹا آج منگل کی سہ پہر بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ اور قومی سلامتی کے مشیر شو شنکر مینن کے ساتھ ساتھ دیگر حکام سے بھی ملاقات کریں گے، جس کے بعد بدھ کے روز وہ ایک پالیسی خطاب کریں گے۔

امریکی صدر باراک اوباما کی نئی حکمت عملی کے خاکے میں، جو اُنہوں نے اس سال جنوری میں پیش کیا تھا، بھارت وہ واحد ملک تھا، جس کا نام لے کر اُسے ایک اہم ساتھی ملک قرار دیا گیا تھا۔

امریکی حکام کے مطابق امریکا اور بھارت میں نہ صرف جمہوری قدریں مشترک ہیں بلکہ دونوں ملک چین کے طرزِ عمل اور جنوبی ایشیا میں مسلمان انتہا پسندوں کی جانب سے درپیش خطرات کے حوالے سے بھی یکساں خدشات رکھتےہیں۔ اپنا نام مخفی رکھنے کی شرط پر ایک سینئر امریکی دفاعی اہلکار نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا:’’دفاعی اعتبار سے ہم متعدد مشترکہ مفادات کے سلسلے میں بھارت کو ایک ساتھی ملک کے طور پر دیکھتے ہیں۔‘‘

اوباما نے جس نئی امریکی حکمت عملی کا اعلان اس سال جنوری میں کیا، اُس میں بھارت واحد ملک تھا، جس کا نام لے کر اُسے ایک اہم ساتھی ملک قرار دیا گیا تھاتصویر: AP

تاہم دوسری جانب دفاعی تجارت اور کئی دوسرے شعبوں میں پیشرفت نہ ہونے پر دونوں ممالک کسی قدر مایوس بھی ہیں۔ اگرچہ گزشتہ ایک عشرے کےدوران نئی دہلی کو امریکی اسلحے کی فروخت میں ڈرامائی اضافہ دیکھنے میں آیا تاہم اپریل 2011ء میں بھارت نے جنگی جیٹ طیاروں کا بارہ ارب ڈالر مالیت کا ایک آرڈر امریکی کمپنیوں کو دینے سے انکار کر دیا۔ اب اِس سودے کے لیے فرانسیسی کمپنی Dessault سے بات چیت چل رہی ہے۔

دوسری جانب بھارت اُن امریکی برآمدی پابندیوں پر ناخوشی کا اظہار کر چکا ہے، جو انتہائی جدید ہائی ٹیک امریکی اسلحہ نظاموں تک بھارت کی رسائی کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔

بھارت کو یہ بھی فکر ہے کہ سن 2014ء کے اواخر تک افغانستان سے زیادہ تر امریکی اور نیٹو دستوں کے انخلاء کے بعد مسلمان انتہا پسند پھر سے زور پکڑ سکتے ہیں۔ ابھی گزشتہ ہفتے بھارت نے افغانستان کے معاملے میں امریکا کے ساتھ زیادہ قریبی ہم آہنگی پر زور دیا تھا۔

بھارت سے پہلے لیون پنیٹا ویت نام اور سنگاپور میں تھے، جہاں اُنہوں نے اشارہ دیا کہ چین کے مقابلے پر امریکا اِس خطّے میں زیادہ بھرپور بحی موجودگی کے منصوبے بنا رہا ہے۔ پنیٹا سات جون کو بھارت کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وہاں سے روانہ ہو جائیں گے۔

aa/km/afp

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں