امریکی وسطی مغربی ریاستوں میں سردی کی شدید لہر
6 جنوری 2014امریکا کی وسطی مغربی ریاستیں ابھی سنگین برفانی طوفان سے اپنی کمر سیدھی نہیں کر پائی ہیں کہ اب اِن ریاستوں کو قطب شمالی سے چلنے والی شدید ٹھنڈی ہوا کا سامنا ہے۔ اِس باعث محکمہ موسمیات کے مطابق کئی مقامات پر سردی کے پرانے ریکارڈ ٹوٹ سکتے ہیں۔ مختلف ریاستوں کی حکومتوں نے اپنے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بغیر ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں کیونکہ سخت سرد ہوا کی لپیٹ میں آ کر وہ نمونیے اور ایسی دوسری بیماریوں کا شکار ہو سکتے ہیں۔
آج اتوار کے دن امریکا کی شمالی اور جنوبی ڈیکوٹا ریاستوں میں درجہٴ حرارت نکتہ انجماد سے گر جائے گا۔ نکتہ انجماد سے کم درجہٴ حرات گریٹ لیک کے علاقوں سمیت اوہائیو وادی تک پھیلنے کے قوی امکانات ہے۔ امریکی قومی محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ دو دہائیوں کے دوران وسطی مغربی ریاستیں شدید سردی کی زد میں ہیں۔ اِن علاقوں کی جانب بیس برس قبل سن 1994 میں قطب شمالی کی یخ بستہ ہواؤں نے رُخ کیا تھا۔ امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق قطب شمالی سے انتہائی ٹھنڈی ہوائیں سالانہ بنیادوں پر اِن علاقوں کی جانب نہیں بڑھتی بلکہ یہ عمل دہائیوں میں رونما ہوتا ہے۔ عموماً قطب شمالی سے چلنے والی انتہائی ٹھنڈی ہوا کی لہر کینیڈا کے شہروں تک رہتی ہے اور کبھی کبھار یہ آگے بڑھ جاتی ہے۔
قطب شمالی کی ٹھنڈی ہوا کے چلنے سے ریاست مونٹانا سے میشیگن تک اور شمال مشرقی علاقوں میں شدید سردی کی لہر منگل تک جاری رہے گی۔ شدید سردی کی لپیٹ میں آنے والی دیگر ریاستوں میں نیو انگلینڈ، کینٹکی، ویرمانٹ اور مین بھی شامل ہیں۔
امریکی صدر اوباما کے شہر شکاگو میں درجہٴ حرارت منفی 29 سنٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا۔ اِس کے علاوہ پِٹس برگ کے شہر میں ٹمپریچر منفی 24 سنٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج اتوار کے روز امریکی ریاستوں وِسکانسن اور مِنیسوٹا میں درجہٴ حرات منفی 45 سے منفی 51 سنٹی گریڈ تک گر جائے گا۔
طبی ماہرین نے شدید سردی کی لپیٹ میں آئے علاقے کے شہریوں کو تلقین کی ہے کہ اتنی زیادہ سردی کے دوران شدید ٹھنڈ سے پیدا ہونے والی جلدی بیماریوں کے قوی خدشات سے ہوشیار اور گھروں کے اندر پابند رہیں تاکہ وہ فراسٹ بائٹس جیسی بیماری سے بچ سکیں۔ طبی ماہرین کے مطابق شدید سردی میں صرف پانچ منٹ کے اندر اندر فراسٹ بائٹس کی بیماری جلد پر نمودار ہو جاتی ہے۔ اِس کے علاوہ شدید سردی میں پھرنے سے سانس کی نالیوں میں سوزش اور سینے کے درد کے عارضے لاحق ہونے کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
قطب شمالی کی ٹھنڈی ہوا کے تناظر میں مینیسوٹا ریاست کے گورنر مارک ڈیٹن نے پیر کے روز تمام اسکولوں میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے تا کہ بچوں کو سردی سے محفوظ رکھا جا سکے۔ کئی اور شہروں میں بھی پیر کے روز اسکولوں کو بند رکھنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ نیشوِل اور ٹینسی کے اسکول اب موسم سرما کی تعطیلات کے بعد پیر کے بجائے بدھ کے روز کھولے جائیں گے۔ شکاگو سمیت کچھ اور شہروں کے اسکولوں میں پیر کے روز تعطیل کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔