1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستامریکہ

امریکی ہوائی اڈوں پر ہزاروں ہتھیار برآمد

20 فروری 2023

گزشتہ برس امریکی ہوائی اڈوں پر سکیورٹی چیک پوائنٹس پر چھ ہزار پانچ سو بیالیس ہتھیار پکڑے گئے۔ حکام کے مطابق روزانہ پر تقسیم کیا جائے، تو یہ تعداد یومیہ اٹھارہ بنتی ہے۔

USA | Winterwetter am Flughafen in Chicago
تصویر: Nam Y. Huh/AP Photo/picture alliance

گزشتہ برس ایک خاتون فیلاڈیلفیا کے ہوائی اڈے پر پہنچیں تو انہیں اپنا کھانا بھی یاد رہا اور ادویات بھی، مگر وہ تین سو اسی کیلبر کی ہینڈگن کو سامان سے نکالنا بھول گئی۔

امریکی ٹرانسپورٹیشن سکیورٹی ایڈمنسٹریشن نے گزشتہ برس چھ ہزار پانچ سو بیالیس بندوقیں اور دیگر آتشیں اسلحہ مختلف ہوائی اڈوں پر قبضے میں لیا۔ حکام کے مطابق پکڑے جانے والے ہتھیاروں کی تعداد یومیہ اٹھارہ ہے، جو ریکارڈ ہے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ماضی کے مقابلے میں امریکی شہری کہیں زیادہ مسلح ہیں۔

اسکول میں فائرنگ، اسلحہ ساز کمپنی 73 ملین ڈالر ادا کرے گی

جرمن پولیس کن حالات میں آتشیں اسلحے سے فائرنگ کر سکتی ہے؟

امریکا کے ٹرانسپورٹیشن سکیورٹی ادارے کے ایڈمنسٹریٹر ڈیوڈ پیکوسکے کے مطابق، ''جو اس وقت ہم ہوائی اڈوں کے چیک پوانٹس پر دیکھ رہے ہیں وہ ہمارے معاشرے کا عکاس ہے۔ ان دنوں بہت زیادہ افراد آتشیں اسلحے سے لیس ہیں۔‘‘

دو ہزار بیس میں عالمی وبا کی وجہ سے نقل و حرکت میں کمی کو شامل نہ کیا جائے، تو امریکا میں سن دو ہزار دس سےہوائی اڈوںپر پکڑے جانے والے آتشیں ہتھیاروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق وہ اس رجحان کو ''ممکنہ ہائی جیکنگ‘ کے زمرے میں تو نہیں ڈال رہے، تاہم ان کو خدشات ہیں کہ یہ ہتھیار جہاز یا چیک پوائنٹس پر غلط ہاتھوں میں چلے گئے، تو خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔

پیکوسکے نے کہا، ''یہ ہتھیار ہم کیلی فورنیا  سے لے کر مائنے کے بنگور کے ایئرپورٹ تک سے پکڑ رہے ہیں۔ تاہم ان علاقوں کے بڑے ہوائی اڈوں پر ایسا زیادہ ہو رہا ہے، جہاں ہتھیاروں کے حوالے سے قوانین قدرے نرم ہیں۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ ہتھیار پکڑے جانے کے حوالے سے ٹیکساس ریاست کے ڈیلاس، آسٹن اور ہیوسٹن، فلوریڈا کے تین ہوائی اڈے، ٹینیسی کے نیشویلے اور اٹلانٹا، فینکس اور ڈینور کے ہوائی اڈے اس فہرست میں سب سے آگے ہیں۔

پیکوسکے کو یقین نہیں کہ ہر بار 'میں بھول گیا‘ کا عذر درست ہے یا آیا پکڑے جانے پر یہ ایک قدرتی ردعمل ہے۔

میونخ حملے پر اوباما کا رد عمل

00:29

This browser does not support the video element.

ٹی ایس اے کا سکیورٹی عملہ جب ایکس رے مشین میں اسلحے کا حامل کوئی بیگ دیکھتا ہے، تو بیلٹ رکوا دی جاتی ہے اور یقینی بنایا جاتا ہے کہ اس بیگ کا مالک مسافر وہیں موجود رہے، پھر معاملہ مقامی پولیس کے سپرد کر دیا جاتا ہے۔ حکام کے مطابق ایسے کسی معاملے پر قانونی چارہ جوئی کا انحصار اس ریاست کے قوانین پر ہوتا ہے۔ ایسے میں مسافر کو ہتھکڑی پہنا کر بیگ قبضے میں بھی لیا جا سکتا ہے، تاہم بعض صورتوں میں یہ بندوق مسافر کے کسی ایسے رشتہ دار یا ساتھی کے حوالے کر دی جاتی ہے، جو مسافر کو ہوائی اڈے چھوڑنے آیا ہو اور ساتھ سفر نہ کر رہا ہو۔

ع ت، ع ا (اے پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں