امن مذاکرات میں شرکت نہیں کریں گے، افغان طالبان
5 مارچ 2016خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے افغان طالبان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان کے نمائندے افغانستان میں قیام امن کے عمل کی خاطر کابل کے ساتھ اشتراک نہیں کریں گے۔ ہفتہ پانچ مارچ کو طالبان کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ پہلے افغانستان میں تعینات غیر ملکی افواج کو ان پر حملے روکنا ہوں گے اور واپس جانا ہو گا۔
طالبان کی طرف سے جاری کردہ بیان میں ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ افغان طالبان کے نمائندوں اور افغان حکومت کے مابین مذاکراتی عمل کو مسترد کر دیا گیا ہے۔ طالبان کے نمائندوں اور کابل کے اہل کاروں کے مابین براہ راست مجوزہ امن مذاکرات آیندہ ہفتے پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد کیے جانا تھے۔
کابل حکومت نے ان مذاکرات کو اس شورش زدہ ملک کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی تھی کہ یہ قیام امن کی طرف ایک اہم قدم ثابت ہوں گے۔ تاہم اب طالبان نے واضح کر دیا ہے کہ باغی اس امن عمل کا حصہ نہیں ہوں گے۔ طالبان کے اس تازہ اعلان کو افغانستان میں قیام امن کی کوششوں کے لیے ایک دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔
افغان حکومت کے ساتھ تعطلی کے شکار امن مذاکرات کی بحالی کو مسترد کرتے ہوئے طالبان کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا، ’’ہم اپنے مطالبے کو دہرانا چاہتے ہیں کہ جب تک افغانستان میں غیر ملکی فورسز کا قبضہ ختم نہیں ہوتا، جب تک طالبان کے نام کالعدم افراد کی بین الاقوامی فہرست سے خارج نہیں کیے جاتے اور جب تک قیدیوں کو رہا نہیں کیا جاتا، تب تک مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔‘‘
طالبان نے امریکی فورسز پر الزام عائد کیا ہے کہ نہ صرف اس نے افغانستان میں اپنے دستوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا ہے بلکہ ساتھ ہی وہ رہائشی علاقوں میں بھی حملوں میں اضافہ کر چکی ہیں۔ طالبان کے مطابق دوسری طرف افغان فورسز بھی باغیوں کے خلاف اپنے عسکری آپریشنز میں تیزی لے آئی ہے۔
طالبان کے ترجمان زبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ طالبان کے سربراہ ملا اختر منصور نے ایسا کوئی حکم جاری نہیں کیا کہ ان مذاکرات میں شرکت کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طالبان کی اعلیٰ قیادت نے بھی اس تناظر میں کوئی مشاورت نہیں کی ہے۔
مجوزہ مذاکرات میں افغانستان، پاکستان، چین اور امریکا کے سفارت کاروں کو بھی شرکت کرنا تھی۔ ان چاروں ممالک کے مندوبین نے گزشتہ ماہ ہی کابل میں ملاقات کی تھی۔ گزشتہ برس طالبان کے نمائندوں کے براہ راست مذاکرات کی کوشش اس وقت ناکام ہو گئی تھی، جب طالبان کے رہنما ملا عمر کی موت کی خبر منظر عام پر آ گئی تھی۔